ربیعہ احسن کیس: غیرت کے نام پر قتل کا ثبوت نہیں ملا، پولیس
راولپنڈی میں خاتون صحافی ربیعہ احسن کے قتل کے معاملے میں پولیس کی تحقیقات جاری ہیں، تاہم ابتدائی تفتیش میں واقعے کو حادثاتی طور پر گولی چلنے کا نتیجہ قرار دیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق تاحال غیرت کے نام پر قتل کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا، جبکہ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بھی مقتولہ کے جسم پر تشدد کے نشانات نہیں ملے۔
ذرائع کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ربیعہ احسن کے اہلخانہ واقعے کو حادثہ سمجھتے ہیں اور ابتدائی طور پر قتل کا مقدمہ درج کرانے پر بھی رضامند نہیں تھے۔ واقعے کے وقت میاں بیوی الماری سے بچوں اور بڑوں کے گرم کپڑے نکال رہے تھے کہ اسی دوران الماری میں موجود ایک پستول سامنے آگیا اور اچانک گولی چل گئی۔
ذرائع کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ربیعہ احسن کو صرف ایک گولی لگی، جو گردن کے نیچے سامنے کی جانب سے جسم میں داخل ہوئی اور کمر سے باہر نکل گئی۔
پولیس نے واقعے کے سلسلے میں گھر میں کام کرنے والے 15 سالہ ملازم سے بھی پوچھ گچھ کی، جسے تقریباً دو ہفتے قبل ملازمت پر رکھا گیا تھا۔ تاہم پولیس نے اسے واپس گھر بھیج دیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعے میں استعمال ہونے والے پستول اور جائے وقوعہ سے ملنے والے گولی کے خول کو مزید فرانزک تجزیے کے لیے لاہور بھجوایا گیا ہے۔
فرانزک رپورٹ سے یہ تصدیق ہوگی کہ آیا برآمد ہونے والا پستول ہی فائرنگ کے واقعے میں استعمال ہوا تھا یا نہیں۔
دوسری جانب پولیس کی تفتیشی ٹیم آج دوبارہ جائے وقوعہ کا دورہ کرے گی اور واقعے سے متعلق شواہد کا جائزہ لے گی۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور حتمی نتیجہ فرانزک رپورٹ سمیت دیگر شواہد سامنے آنے کے بعد ہی اخذ کیا جائے گا۔