مذاق میں ربیعہ کی جانب پستول تان کر ٹریگر دبایا: گرفتار شوہر کا بیان

خاتون صحافی ربیعہ احسن کے قتل کیس کی تحقیقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، تفتیشی حکام نے ملزم احسن طاہر کے موبائل فون کا ابتدائی تجزیہ مکمل کرلیا ہے، جبکہ ملزم اور مقتولہ کے درمیان ہونے والی چیٹ کا مکمل ڈیٹا بھی حاصل کرلیا گیا ہے۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق میاں بیوی کے درمیان موبائل چیٹ کے ابتدائی تجزیے میں لڑائی جھگڑے یا تلخ کلامی کا کوئی عنصر سامنے نہیں آیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نے تفتیش کے دوران بیان دیا ہے کہ اس نے چھ ماہ قبل ایک دوست سے غیرقانونی پستول حاصل کیا تھا اور پستول اور اس کا میگزین الگ الگ جگہ رکھے ہوئے تھے۔ ملزم کے مطابق پستول سے میگزین نکالتے وقت ایک گولی چیمبر میں رہ گئی تھی۔

ملزم نے اپنے بیان میں بتایا کہ الماری سے کپڑے نکالتے ہوئے پستول اس کے ہاتھ میں آیا تو اس میں میگزین موجود نہ ہونے کے باعث اس نے سمجھا کہ پستول میں گولی نہیں ہے۔ اس دوران اس نے مذاق میں ربیعہ کی جانب پستول تان کر ٹریگر دبا دیا، جس سے گولی چل گئی اور ربیعہ کو جا لگی۔

ملزم کے مطابق گولی لگنے سے ربیعہ زمین پر گرگئی اور خون بہنے لگا، جس کے بعد اس نے گھبراہٹ میں ریسکیو کو فون کیا۔

ذرائع کے مطابق ریسکیو اہلکاروں نے ربیعہ کی سانس بحال کرنے کی کوشش کی، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزم کے بیان اور واقعے کی تفصیلات کی روشنی میں تحقیقات جاری ہیں، جبکہ جائے وقوع کے حالات اور ملزم کے بیان کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

Related posts