کراچی میں گیس کی قلت، شہری لکڑی پر کھانا پکانے پر مجبور
کراچی میں گیس کی قلت اور ایل پی جی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گھروں میں کھانا پکانے کے لیے گیس دستیاب نہ ہونے پر شہری لکڑی استعمال کرنے لگے، جس کے باعث لکڑی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں گیس کی عدم دستیابی اور ایل پی جی مہنگی ہونے کے باعث شہری متبادل ایندھن استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔
کئی گھروں میں کھانا پکانے کے لیے لکڑی کا استعمال شروع کردیا گیا ہے، جس سے لکڑی کی طلب میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔
طلب بڑھنے کے بعد لکڑی فروخت کرنے والوں نے قیمتوں میں 5 سے 10 روپے فی کلو اضافہ کردیا ہے، جس کے بعد لکڑی کی قیمت 35 سے 40 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔
گیس کی قلت کے باعث پہلے ہی مشکلات کا سامنا کرنے والے شہریوں کے لیے لکڑی کی قیمتوں میں اضافے نے مزید پریشانیاں کھڑی کردی ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس کی عدم دستیابی اور ایل پی جی کی مہنگائی کے باعث گھریلو اخراجات پورے کرنا مشکل ہوتا جارہا ہے۔