مستونگ: کنڈاوا پوسٹ پر بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے حملے کی کوشش ناکام، 3 دہشت گرد ہلاک
بلوچستان کے ضلع مستونگ میں قومی شاہراہ این 25 پر کنڈاوا پوسٹ پر بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جب کہ دھماکے کے نتیجے میں 2 شہری جاں بحق اور 3 ایف سی اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
ترجمان محکمہ پولیس بلوچستان کے مطابق دہشت گردوں نے کنڈاوا پوسٹ کو بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملے کو ناکام بنا دیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کے عزائم ناکام بنا دیے اور 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جب کہ دھماکے کے نتیجے میں 2 شہری جاں بحق ہوئے جب کہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والے شہریوں کی شناخت کلیم اللہ ولد عبداللہ اور بی بی لائبہ دختر دل مراد کے ناموں سے ہوئی
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 3 ایف سی اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے تاہم زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے متعلقہ طبی مراکز منتقل کردیا گیا جب کہ دھماکے کے نتیجے میں قریبی رہائشی مکانات اور ایک مسجد کو بھی نقصان پہنچا۔
پولیس کے مطابق زخمی شہریوں میں 63 سالہ عبدالحق ولد نور محمد، 21 سالہ محمد اکرام ولد سید محمد، 35 سالہ محمد رمضان ولد گل محمد اور تین سالہ محمد سنان ولد محمد رمضان شامل ہیں۔
اس کے علاوہ دیگر زخمیوں میں 21 سالہ تانیہ دختر امیر احمد، 23 سالہ منزہ دختر محمد رمضان، 25 سالہ بی بی حسینہ دختر جمعہ خان، 45 سالہ زاہدہ دختر عبدالقادر اور 18 سالہ فائزہ گل دختر امیر احمد، 35 سالہ شاہینہ دختر عبدالحق، 12 سالہ شہلیزہ دختر سید محمد، 22 سالہ معراج دختر عبدالحق اور 36 سالہ بی بی سیدہ زوجہ سید محمد شامل ہیں۔
ترجمان محکمہ پولیس بلوچستان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے بڑے حملے کے عزائم ناکام بنائے۔