سندھ حکومت نے کراچی کی اہم شاہراہوں سے متعلق بڑا فیصلہ کرلیا
سندھ حکومت نے کراچی میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور شہریوں کو سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے اہم شاہراہوں سے تجاوزات ہٹانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
پہلے مرحلے میں یونیورسٹی روڈ اور پیپلز بس سروس کے مختلف روٹس پر ترجیحی بنیادوں پر آپریشن کیا جائے گا، پولیس، شہری انتظامیہ اور محکمہ ٹرانسپورٹ مشترکہ طور پر کارروائی کریں گے۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں کمشنرکراچی حسن نقوی، کراچی پولیس چیف، ڈی آئی جی ٹریفک، ڈی آئی جی ایسٹ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر کی اہم شاہراہوں اور پیپلز بس سروس کے روٹس پر قائم غیر قانونی تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔ ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والے غیر قانونی قبضوں کے خلاف متعلقہ ادارے مشترکہ حکمت عملی کے تحت آپریشن کریں گے۔
اجلاس میں سہراب گوٹھ سمیت کراچی کے مختلف علاقوں میں قائم غیر قانونی بس اڈوں کو شہر سے باہر منتقل کرنے کے اقدامات کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
اس کے علاوہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کراچی سے باہر جدید بس اڈے قائم کرنے اور کراچی بس ٹرمینل کی توسیع کے منصوبے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی کی اہم سڑکوں اور پیپلز بس سروس کے روٹس پر تجاوزات کے باعث شہریوں اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، سڑکوں پر غیر قانونی قبضوں اور رکاوٹوں سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے بلکہ ایندھن کے اخراجات بھی بڑھتے ہیں۔