بھارت نے پاکستان کو شکست دے کر انڈر 19 ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا

انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں روایتی حریف بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا ہے۔

عمان کے شہر العامرات میں کھیلے جا رہے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے پہلے بیٹںگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز بنائے تاہم 338 رنز کا ہدف بھارت نے آخری اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

پاکستان کی بیٹنگ

میچ کے آغاز پر ہی پاکستانی اوپنرز عثمان خان اور حیام خان نے اننگز کا آغاز پراعتماد انداز میں کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 62 رنز جوڑے تاہم نویں اوور کی پہلی گیند پر حیام خان بھارتی بولر کاویا پریش پٹیل کی گیند پر وکٹ کیپر انوے ڈریوڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 23 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد سے 21 رنز بنائے۔

اس کے بعد عبدالقادر اور عثمان خان بھارتی بولرز کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوئے، دونوں نے بولرز کی لائن اور لینتھ بگاڑ دی جب کہ عبدالقادر نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے عثمان خان کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 135 رنز کی اہم شراکت قائم کرکے ٹیم کو بڑے ٹوٹل کے لیے بہترین بنیاد فراہم کی۔

پاکستان کا اسکور 27ویں اوور میں 197 رنز تک پہنچا تو عبدالقادر صرف 54 گیندوں پر 80 رنز بناکر ارجن راجپوت کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، ان کی اننگز میں 8 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔

عثمان خان نے بھی ذمہ دارانہ اور عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور 111 گیندوں پر 107 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ انہوں نے اپنی اننگز میں 11 چوکے اور 3 چھکے لگائے۔ عثمان خان نے سنچری مکمل کرنے کے بعد بھی رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا تاہم 37ویں اوور میں 240 کے اسکور پر وہ کاویا پریش پٹیل کی گیند پر ارجن راجپوت کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد کپتان فرحان یوسف نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 60 گیندوں پر 63 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 4 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ انہوں نے احمد حسین کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے 55 رنز کی شراکت قائم کی۔ احمد حسین 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی وکٹیں آخری اوورز میں وقفے وقفے سے گرتی رہیں، حسنین عباس ڈار 2، حمزہ ظہور 10، محمد صیام 7 اور نقاب شفیق 11 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

اس طرح قومی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز بنائے اور بھارت کو جیت کے لیے 338 رنز کا بڑا ہدف دیا۔

بھارت کی جانب سے کاویا پریش پٹیل نے 68 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ وینکٹا نے 3 اور ارجن راجپوت نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

بھارت کی بیٹنگ

پاکستان کی جانب سے دیے گئے 338 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی انڈر 19 ٹیم کو اوپنرز لکشیا رائچندانی اور آریاویر سہواگ نے اچھی بنیاد فراہم کی۔

آریاویر سہواگ نے 61 گیندوں پر 58 رنز بنائے، جس میں 9 چوکے شامل تھے جب کہ کپتان لکشیا رائچندانی نے 101 گیندوں پر 80 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 5 چوکے شامل تھے اور دونوں کے درمیان پہلی وکٹ کے لیے 95 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم 17.4 اوورز میں آریاویر سہواگ کی وکٹ گرنے کے بعد بھارتی ٹیم کو یکے بعد دیگرے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

وی کے وینیتھ نے 21 گیندوں پر 24 رنز بنائے، ارجن راجپوت 18 گیندوں پر 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ یشبھردھن چوہان نے 5 گیندوں پر 9 رنز اسکور کیے۔

کپتان لکشیا رائچندانی 80 رنز بنانے کے بعد 36.2 اوورز میں 217 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے اگلے ہی اوور میں وکٹ کیپر انوے ڈریوڈ بھی رن آؤٹ ہو گئے، جنہوں نے 12 گیندوں پر 19 رنز بنائے اور 3 چوکے لگائے۔

اس کے علاوہ آریان ساوسانی 14 گیندوں پر 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور کاویہ پریش پٹیل 2 گیندوں پر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

ایک موقع پر میچ پر پاکستان کی گرفت مضبوط تھی لیکن دسویں نمبر پر آنے والے بھارتی بلے باز مہت الوی اور منال چوہان نے جارحانہ بیٹنگ کی بدولت بھارت کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اور دونوں کے درمیان نویں نوکٹ کے لیے 57 رنز کے شراکت قائم کی۔

منال چوہان نے پاکستانی بلے بازوں کی ایک نہ چلنے دی 3 چکھوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 32 گیندوں پر 47 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو جیت کے قریب لے آئے۔

309 رنز پر بھارت کی 9 وکٹیں گرنے کے بعد ایک بار پھر میچ پاکستان کی گرفت میں آیا لیکن مہت الوی نے پاکستان کی ایک نہ چلنے دی، بھارت کی جیت میں سب سے نمایاں کردار مہیت الوا کا ہے جنہوں نے ناقابل شکست 26 گیندوں پر 49 اسکور کر کے ٹیم کو فتح دلا دی۔ ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 5 چوکے شامل ہیں۔

اس طرح بھارت نے 338 رنز کا ہدف آخری اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرکے پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دے اور انڈر 19 ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

پاکستان کی جانب سے رضوان اللہ نے 3 وکٹیں حاصل کیں، علی رضا نے ایک ، محمد صیام نے ایک، نقیب شفیق نے 2 جبکہ  حنین عباس ڈار نے ایک وکٹ حاصل کی۔ احمد حسین نے 4 اوورز میں 29 رنز دیے تاہم کوئی وکٹ حاصل نہیں کی۔

میچ کا ٹاس

عمان کے شہر مسقط میں کھیلے گئے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

قومی انڈر 19 ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے ٹاس کے موقع پر کہا تھا کہ پچ بیٹنگ کے لیے سازگار دکھائی دے رہی ہے، اس لیے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کا اسکواڈ

پاکستان ٹیم میں فرحان یوسف (کپتان)، عثمان خان، حیام خان، عبد القادر، احمد حسین، حسنین عباس ڈار، حمزہ ظہور (وکٹ کیپر)، محمد صیام، نقاب شفیق، رضوان اللّٰہ اور علی رضا شامل ہیں۔

بھارت کا اسکواڈ

بھارتی اسکواڈ میں لکشیا رائے چندانی (کپتان)، آریاویر سہواگ، وی کے وینیتھ، یشبھردن چوہان، ارجن راجپوت، انوے ڈریوڈ (وکٹ کیپر)، منال چوہان، آریان سوسانی، کاویا پٹیل، موہت الوا اور چیگروپتی وینکٹا شامل ہیں۔

پاکستان ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابل شکست

واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم ایونٹ میں اب تک ناقابلِ شکست ہے، پاکستان نے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔ اس میچ میں پاکستانی بولر رضوان اللہ نے 5 وکٹیں حاصل کی تھیں، جبکہ حیان خان نے 69 اور عثمان خان نے ناقابلِ شکست 64 رنز بنائے تھے۔

دوسری جانب بھارت نے سیمی فائنل میں افغانستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔ قبل ازیں، ٹورنامنٹ کے گروپ میچ میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو بھی دھول چٹائی تھی اور اسے 3 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

یاد رہے کہ گزشتہ ایڈیشن کے فائنل میں بھی پاکستان نے بھارت کو ہی شکست دے کر پہلی مرتبہ انڈر 19 ایشیا کپ کا ٹائٹل جیتا تھا۔

Related posts