معروف گلوکارہ شازیہ خشک نے موسیقی کی دنیا کیوں چھوڑ دی؟
معروف سندھی لوک گلوکارہ شازیہ خشک نے انکشاف کیا ہے کہ وہ کئی سال قبل موسیقی اور گلوکاری کی دنیا کو خیرباد کہہ چکی ہیں اور اب اپنی زندگی اسلامی تعلیمات کے مطابق گزارنے کا فیصلہ کر چکی ہیں۔
ایک صحافی سے گفتگو کرتے ہوئے شازیہ خشک نے کہا کہ میں نے 2018 میں گلوکاری چھوڑنے کا مکمل طور پر فیصلہ کیا تھا۔ اس وقت میں نے گھر سے صرف قرآن شریف اٹھایا اور اللہ کی راہ میں نکل گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے اللہ پر بھروسہ کیا کہ وہ کبھی کسی کو تنہا نہیں چھوڑتا، اللہ نے میرا ہاتھ پکڑا مجھے ہدایت دی اور وقت گزرنے کے ساتھ خود کو اس فیصلے پر مضبوط کیا۔
انہوں نے بتایا کہ معروف گلوکار اور نعت خواں جنید جمشید کی وفات نے بھی ان کی زندگی اور سوچ پر گہرا اثر ڈالا۔ شازیہ خشک کے مطابق اس واقعے کے بعد انہوں نے اپنی زندگی کے بارے میں سنجیدگی سے سوچنا شروع کیا، جس کے بعد آہستہ آہستہ گلوکاری سے دوری اختیار کرلی اور پردہ کرنا شروع کر دیا۔
شازیہ خشک نے اپنی ذاتی زندگی سے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے جڑواں بچے بیرون ملک مقیم ہیں۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ خود کو تنہا نہیں سمجھتیں کیونکہ انہیں اپنی زندگی کے ہر سفر میں اللہ کی ذات کا سہارا اور ساتھ ہونے کا یقین ہے۔
واضح رہے کہ شازیہ خشک اپنے مقبول گیتوں اور صوفیانہ کلام کی وجہ سے پاکستان سمیت مختلف ممالک میں پہچانی جاتی ہیں۔ وہ ماضی میں بڑے موسیقی کے پروگراموں اور مختلف درگاہوں پر بھی پرفارم کر چکی ہیں، تاہم گزشتہ چند برسوں سے وہ شوبز کی سرگرمیوں سے دور تھیں۔