دوسرا ٹیسٹ: شاہینوں کی تباہ کن بولنگ، سری لنکا کی پوری ٹیم 98 رنز پر آؤٹ

راولپنڈی میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی بولرز نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کے تمام کھلاڑی 98 رنز پر آؤٹ کر دیے ہیں۔

پہلی اننگز میں سری لنکا کے 8 بیٹرز ڈبل فگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ لاہیرو یوڈارا 4، پاسندو سوریابندارا 2، دنیش چندیمل 7، کامندو مینڈس 8 رنز، دھننجیا ڈی سلوا صرف 1، پرابتھ جے سوریا 3 جبکہ ملان رتھنائیکے اور لاہیرو کمارا صفر پر آؤٹ ہوئے۔

اس کے علاوہ کوشل میندس نے 50 بالوں پر 32 رنز اور سونال دنوشکا 40 بالوں پر 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے رضا اللہ، محمد عباس اور عامر جمال نے 3 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ثاقب خان ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور چار فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ بابر اعظم کا کہنا تھا کہ حریف ٹیم پر دباؤ بڑھانے کی کوشش کی جائے گی۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون میں عرفات منہاس کی جگہ آل راؤنڈر عامر جمال کو شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا تھا۔

میچ میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 9 وکٹوں کے نقصان پر 434 رنز بنا کر ڈکلیئر کی تھی، جس کے جواب میں سری لنکا نے پہلی اننگز میں 446 رنز اسکور کیے تھے۔

پاکستان نے میچ کے اختتام پر دوسری اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بنائے تھے، جبکہ پہلی اننگز میں 7 وکٹیں حاصل کرنے والے ثاقب خان کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا تھا۔

Related posts