غزہ کے بے گھر خاندانوں کے لیے الخدمت کے ونٹر ریلیف پیکج کی تقسیم شروع
غزہ میں حالیہ بارشوں اور شدید سردی نے خیموں میں مقیم خاندانوں کی مشکلات بڑھا دی ہیں تاہم الخدمت فاؤنڈیشن متاثرین میں خیمے، لحاف، گرم کپڑے اور بچوں کے لیے موسم سرما کا ضروری سامان تقسیم کر رہی ہے۔
الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے غزہ میں جنگ سے متاثرہ بے گھر فلسطینی خاندانوں کو موسم سرما کی سختیوں سے محفوظ رکھنے کے لیے خصوصی ونٹر ریلیف پیکج کی تقسیم شروع کر دی ہے۔
غزہ میں حالیہ بارشوں اور سیلابی صورت حال کے نتیجے میں مجموعی طور پر 96 ہزار خاندان متاثر ہوئے ہیں، جن میں سے 26 ہزار خاندان مکمل جب کہ 70 ہزار خاندان جزوی طور پر متاثر ہوئے ہیں۔

الخدمت کے امدادی پیکج کے تحت متاثرہ خاندانوں میں خیمے، ترپالیں، میٹرس، لحاف، گرم کپڑے اور دیگر ضروری سامان فراہم کیا جا رہا ہے جب کہ بچوں میں دستانے، جوتے، جرابیں، گرم ٹوپیاں اور مفلر بھی تقسیم کیے جا رہے ہیں۔
صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے کہا ہے کہ غزہ میں شدید سردی، مسلسل بارشوں اور رہائشی سہولیات کی تباہی نے پہلے سے بے گھر فلسطینی خاندانوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ خیموں اور عارضی رہائش گاہوں میں مقیم خاندانوں کو موسم کی سختیوں سے بچانا ایک بڑا انسانی چیلنج ہے، اس صورت حال کے پیش نظر الخدمت نے خصوصی ونٹر ریلیف مہم شروع کی ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں، خصوصاً بچوں، خواتین اور بزرگوں کو سردی سے محفوظ رکھنے کے لیے ضروری امداد فراہم کی جا سکے۔
ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے بتایا کہ غزہ متاثرین کے لیے الخدمت کی امدادی سرگرمیاں مسلسل جاری ہیں، جن پر اب تک مجموعی طور پر 10 ارب 51 کروڑ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں جب کہ 7,580 ٹن امدادی سامان بھی غزہ کے متاثرین کے لیے بھجوایا جا چکا ہے۔ الخدمت ہنگامی امداد کے ساتھ ساتھ متاثرہ فلسطینی خاندانوں کی تعلیم، صحت اور کفالت کے شعبوں میں بھی معاونت جاری رکھے ہوئے ہے۔
صدر الخدمت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ غزہ کے سنگین انسانی بحران میں الخدمت فاؤنڈیشن اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی، متاثرہ خاندانوں کی امداد، تعلیم، صحت اور بحالی کے لیے الخدمت کی کوششیں جاری رہیں گی اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جاتا رہے گا۔
انہوں نے پاکستان اور دنیا بھر کے مخیر حضرات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اعتماد، تعاون اور عطیات کی بدولت الخدمت غزہ کے مظلوم اور متاثرہ خاندانوں تک امداد پہنچانے اور ان کی مشکلات کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔