دبئی ایئرپورٹ کو دوسری جگہ منتقل کرنے کی تیاری، ایک لاکھ مزدور سرگرم، کتنا خرچہ آئے گا؟
دنیا کے مصروف ترین فضائی مراکز میں شمار ہونے والے دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا مستقبل تبدیل ہونے جا رہا ہے، جہاں مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک نئے اور بڑے ایئرپورٹ کی تعمیر جاری ہے۔ اس منصوبے پر 35 ارب ڈالر خرچ کیے جا رہے ہیں اور تعمیراتی مقام پر ایک لاکھ سے زائد مزدور کام کر رہے ہیں۔
دبئی ایئرپورٹس کے چیف ایگزیکٹو پال گریفتھس نے منگل کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی توسیع کا کام تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ ان کے مطابق منصوبے کے لیے بڑے تعمیراتی معاہدوں پر بات چیت جاری ہے، جبکہ زمین کی تیاری اور عمارتوں کی بنیادوں کے لیے ستون نصب کرنے کا کام بھی شروع ہو چکا ہے۔
تقریباً 128 ارب درہم، یعنی 35 ارب ڈالر کی لاگت سے تیار ہونے والا یہ منصوبہ دبئی کے مستقبل کے فضائی سفر کا نقشہ بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا منصوبہ مکمل ہونے کے بعد دنیا کے سب سے بڑے فضائی مراکز میں شامل ہوگا۔ اس کے ماسٹر پلان میں پانچ رن وے اور سیکڑوں طیاروں کی پارکنگ کے لیے جگہ شامل ہے۔
منصوبے کے مطابق ایئرپورٹ سالانہ 26 کروڑ مسافروں کو سنبھال سکے گا، جبکہ یہاں سے ہر سال 1 کروڑ 20 لاکھ ٹن سامان کی ترسیل کی بھی گنجائش ہوگی۔
اس منصوبے کے پہلے مرحلے کو 2032 میں فعال کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کے بعد فضائی سفر کی طلب میں اضافے کے ساتھ اس کی گنجائش بھی بتدریج بڑھائی جائے گی۔
دبئی ایوی ایشن انجینئرنگ پراجیکٹس کی جانب سے جون میں فراہم کردہ معلومات کے مطابق منصوبے کے مقام پر 17 ہزار سے زیادہ کنکریٹ کے ستون نصب کیے جا چکے تھے، جبکہ تعمیر کے لیے 4 کروڑ 50 لاکھ مکعب میٹر سے زیادہ مٹی بھی نکالی جا چکی تھی۔
اس کے علاوہ حکام نے 2026 کے دوران 55 ارب درہم سے زائد کے مزید تعمیراتی معاہدے دینے کا منصوبہ بھی بنایا تھا، جن میں ایئرپورٹ کے نئے ٹرمینلز، مسافروں کے لیے بورڈنگ گیٹس والے حصے اور دیگر ضروری انفراسٹرکچر کی تعمیر شامل ہے۔
اس منصوبے میں تعمیراتی کام کے عروج پرمزدوروں کی تعداد تقریباً ایک لاکھ 20 ہزار تک پہنچنے کا اندازہ لگایا گیا تھا اور اب دبئی ایئرپورٹس کے سربراہ کے تازہ بیان کے مطابق اس وقت بھی ایک لاکھ سے زائد کارکن منصوبے پر کام کر رہے ہیں۔
اس منصوبے کا ایک بڑا مقصد دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ (ڈی ایکس بی) کی فضائی سرگرمیوں کو مستقبل میں المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ منتقل کرنا ہے۔ دونوں ایئرپورٹس کے درمیان تقریباً 70 کلومیٹر کا فاصلہ ہے۔
دبئی ایئرپورٹس کے سربراہ پال گریفتھس کے مطابق یہ تبدیلی محض ایک ایئرپورٹ کی جگہ دوسرا ایئرپورٹ بنانے تک محدود نہیں ہوگی، بلکہ اس کے لیے شہر کے ایک بڑے حصے میں نئی منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ نئے ایئرپورٹ پر کام کرنے والے ملازمین کے لیے رہائشی علاقے اور دیگر سہولتیں بھی درکار ہوں گی، کیونکہ اس وقت بڑی تعداد میں ملازمین دبئی کے شمالی علاقوں اور پڑوسی امارات میں رہائش پذیر ہیں۔
نئے ایئرپورٹ کو مسافروں کے لیے کھولنے سے پہلے اس کے تمام نظاموں کی جانچ بھی کی جائے گی۔ انتظامیہ کا منصوبہ ہے کہ کم از کم ایک سال تک ایئرپورٹ کو مسافروں کے بغیر چلایا جائے، تاکہ سامان کی ترسیل، چیک اِن، وائی فائی اور دیگر سہولتوں کو عملی طور پر آزمایا جا سکے۔
پال گریفتھس کے مطابق موجودہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھی نئی ٹیکنالوجی کی آزمائش کی جائے گی، تاکہ اسے نئے ایئرپورٹ پر منتقل کرنے سے پہلے ممکنہ مسائل کی نشاندہی اور انہیں حل کیا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ دبئی کے لیے سب سے بڑا چیلنج یہ ہوگا کہ نئے ایئرپورٹ کی تیاری کے دوران موجودہ ایئرپورٹ کی سرگرمیاں بھی متاثر نہ ہوں اور دونوں کے درمیان منتقلی کا عمل بغیر کسی بڑی رکاوٹ کے مکمل کیا جا سکے۔
گریفتھس نے اس منصوبے کو اپنی نوعیت کی غیر معمولی منتقلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا حجم 1990 کی دہائی میں ہانگ کانگ کے مرکزی ایئرپورٹ کی منتقلی سے بھی کئی گنا بڑا ہوگا۔