ربیعہ احسن قتل کیس: اہل خانہ کی معافی کے بعد ملزم احسن اڈیالہ جیل سے رہا

راولپنڈی میں نجی ٹی وی چینل سے وابستہ سینئر خاتون اینکر پرسن ربیعہ احسن کے قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، ملزم احسن طاہر کو ضمانت منظور ہونے کے بعد اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ملزم احسن طاہر کی رہائی کے احکامات (روبکار) اڈیالہ جیل انتظامیہ کو موصول ہونے کے بعد اس کی رہائی عمل میں لائی گئی ہے۔

گزشتہ روز ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خرم سلیم نے ملزم احسن طاہر کی ضمانت بعد از گرفتاری 2 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی تھی تاہم ضروری دستاویزات نامکمل ہونے کے باعث ملزم کی رہائی نہیں ہوسکی تھی۔

تاہم رہائی کی روبکار آج اڈیالہ جیل انتظامیہ کو موصول ہونے پر ملزم احسن طاہر کو رہا کر دیا گیا ہے۔

اہل خانہ نے ملزم کو معاف کردیا

گزشتہ روز مقتولہ ربیعہ احسن کے اہل خانہ نے ملزم احسن طاہر کو معاف کر دیا تھا، مقتولہ کی بہن، والدہ اور مقدمے کے مدعی خرم احمد نے عدالت میں معافی سے متعلق حلف نامے بھی جمع کرائے تھے، جن میں واقعے کو حادثہ قرار دیتے ہوئے احسن طاہر کو معاف کرنے اور ان کی رہائی پر کوئی اعتراض نہ ہونے کا مؤقف اختیار کیا گیا تھا۔

اہل خانہ نے عدالت کو بتایا تھا کہ ان کے مطابق ربیعہ احسن کی موت حادثاتی فائرنگ کے نتیجے میں ہوئی اور وہ ملزم کے خلاف مقدمے کی مزید پیروی نہیں کرنا چاہتے۔

یاد رہے کہ سینئر اینکر پرسن ربیعہ احسن مبینہ طور پر اپنے شوہر کی فائرنگ سے جاں بحق ہوئی تھیں۔ واقعے کا مقدمہ راولپنڈی کے تھانہ صدر بیرونی میں درج ہے۔

ربیعہ احسن کا قتل کیسے ہوا تھا؟

واضح رہے کہ نجی ٹی وی کی اینکر پرسن ربیعہ احسن 8 نومبر کو راولپنڈی کے علاقے گلشن آباد میں اپنے گھر میں گولی لگنے سے جاں بحق ہو گئی تھیں، جس کے بعد پولیس نے ان کے شوہر احسن طاہر کو حراست میں لے لیا تھا۔

اس واقعے کی ایف آئی آر کے مطابق فائرنگ کے وقت گھر کے لان میں موجود مقتولہ کی والدہ اور بہن گولی کی آواز سن کر کمرے میں پہنچیں تو ربیعہ خون میں لت پت فرش پر پڑی تھیں جبکہ احسن طاہر کے ہاتھ میں پستول موجود تھا۔

سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا نے واقعے کے بعد میڈیا کو بتایا تھا کہ تفتیش میں یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ گولی ملزم احسن طاہر کے ہاتھ سے چلی، تاہم فائر جان بوجھ کر کیا گیا یا حادثاتی طور پر ہوا، یہ تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

ملزم کا تفتیشی حکام کو بیان

ملزم احسن طاہر نے پولیس تفتیش میں دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے الماری سے کپڑے نکالتے ہوئے پستول ہاتھ میں لیا اور میگزین نہ ہونے کی وجہ سے وہ سمجھے کہ پستول خالی ہے۔ ملزم کے بقول انہوں نے مذاق میں ربیعہ کی جانب پستول تان کر ٹریگر دبایا جس سے گولی چل گئی۔

تفتیشی ریکارڈ کے مطابق ربیعہ اور احسن نے 2010 میں پسند کی شادی کی تھی اور دونوں ماضی میں ایک نجی بینک میں اکٹھے ملازمت بھی کر چکے تھے۔

ملزم نے اپنے بیان میں بتایا کہ کورونا وبا کے دوران ربیعہ نے اپنا بیوٹی سیلون کھولا تھا، جہاں دو خواتین ملازماؤں کے آپسی تنازع پر ایک ملازمہ نے دوسری کو نوکری سے نکلوانے کے لیے اس پر ملزم سے تعلقات کا جھوٹا الزام لگایا تھا۔

احسن طاہر کے مطابق اس معاملے پر میاں بیوی میں وقتی ناراضگی ہوئی تھی تاہم اہلیہ کو یقین دلانے کے بعد یہ تنازع ختم ہو گیا تھا۔

ملزم کا مزید دعویٰ تھا کہ ان کی 16 سالہ ازدواجی زندگی میں اس واقعے کے علاوہ کوئی بڑا تنازع نہیں ہوا اور وہ روزانہ شام کو ربیعہ کے ساتھ جم میں بیڈمنٹن کھیلنے بھی جایا کرتے تھے۔

گزشتہ روز پولیس نے ملزم احسن طاہر کا 9 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی استدعا کی تھی، جسے عدالت نے منظور کر لیا تھا۔ پولیس نے عدالت کو بتایا تھا کہ ملزم کے ڈی این اے اور پولی گرافک ٹیسٹ بھی مکمل ہو چکے ہیں۔

Related posts