پاکستانیوں کو ملائیشیا میں 20 سالہ رہائش کیسے مل سکتی ہے؟ ویزا پروگرام کی نئی تفصیلات جاری

بیرون ملک طویل عرصے تک رہائش اختیار کرنے کے خواہش مند پاکستانیوں کے لیے ملائیشیا میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ملائیشیا نے اپنے طویل مدتی رہائشی پروگرام کے سلسلے میں پاکستان میں ایک مقامی کمپنی کو مجاز نمائندہ مقرر کردیا ہے، جس سے پاکستانی شہریوں کے لیے اس پروگرام میں درخواست دینے اور ضروری مراحل سمجھنے میں آسانی ہوسکے گی۔

کراچی میں ملائیشیا کے قونصل خانے کی جانب سے حالیہ ہونے والی میڈیا بریفنگ میں اعلان کیا گیا کہ پاکستانی ٹریول کمپنی گرین لینڈ ٹریولز کو ملائیشیا کے رہائشی پروگرام ’ملائیشیا مائی سیکنڈ ہوم‘ یعنی ’ایم ایم 2 ایچ‘ کے لیے پاکستان میں مجاز نمائندہ مقرر کیا گیا ہے۔

اس پروگرام کے تحت غیر ملکی شہری مختلف شرائط پوری کرکے ملائیشیا میں 5 سے 20 سال تک رہائش اختیار کرسکتے ہیں۔ اس کی چار کیٹیگریز ہیں، جن میں سلور، گولڈ، پلاٹینم اور اسپیشل اکنامک زون یا اسپیشل فنانشل زون شامل ہیں۔

ملائیشیا نے یہ پروگرام 2002 میں شروع کیا تھا۔ اس کا مقصد دوسرے ممالک کے شہریوں کو طویل مدت تک ملائیشیا میں رہنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

اس پروگرام کے تحت درخواست گزار اپنی مالی حیثیت اور مقررہ شرائط کے مطابق مختلف کیٹیگریز میں درخواست دے سکتے ہیں۔ ہر کیٹیگری کے لیے بینک میں مخصوص رقم جمع کرانے اور ملائیشیا میں رہائشی جائیداد خریدنے کی الگ شرائط رکھی گئی ہیں۔

ملائیشیا میں سب سے طویل یعنی 20 سالہ رہائش کا موقع پلاٹینم کیٹیگری میں دیا جاتا ہے۔

اس کیٹیگری کے لیے درخواست گزار کو ملائیشیا کے کسی منظور شدہ بینک میں 10 لاکھ امریکی ڈالر فکسڈ ڈپازٹ کے طور پر جمع کرانے ہوں گے، جبکہ کم از کم 20 لاکھ ملائیشین رنگٹ مالیت کی رہائشی جائیداد بھی خریدنا ہوگی۔ اس کے علاوہ 2 لاکھ ملائیشین رنگٹ کی سرکاری شرکت فیس بھی مقرر ہے۔

پروگرام کی سلور کیٹیگری کے تحت 5 سالہ رہائشی پاس حاصل کیا جاسکتا ہے۔ اس کے لیے ایک لاکھ 50 ہزار امریکی ڈالر فکسڈ ڈپازٹ اور کم از کم 6 لاکھ ملائیشین رنگٹ مالیت کی جائیداد خریدنا ضروری ہے۔

گولڈ کیٹیگری میں 15 سالہ رہائش کی سہولت دی جاتی ہے، جس کے لیے 5 لاکھ امریکی ڈالر فکسڈ ڈپازٹ اور کم از کم 10 لاکھ ملائیشین رنگٹ مالیت کی رہائشی جائیداد درکار ہے۔

چوتھی کیٹیگری اسپیشل اکنامک زون یا اسپیشل فنانشل زون ہے، جس کے تحت 10 سالہ رہائشی پاس حاصل کیا جاسکتا ہے۔ اس کیٹیگری میں 21 سے 49 سال کی عمر کے افراد کے لیے 65 ہزار امریکی ڈالر جبکہ 50 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کے لیے 32 ہزار امریکی ڈالر فکسڈ ڈپازٹ مقرر ہے۔

اس کیٹیگری میں درخواست گزار کو ملائیشیا کی ریاست جوہر کے مخصوص علاقے فاریسٹ سٹی میں براہِ راست ڈویلپر سے رہائشی جائیداد خریدنا ہوگی۔

پروگرام کے تحت خریدی گئی رہائشی جائیداد کم از کم 10 سال تک اپنے پاس رکھنا ضروری ہے۔ تاہم اگر کوئی درخواست گزار اس دوران زیادہ مالیت کی دوسری جائیداد خرید کر اپنی پراپرٹی اپ گریڈ کرتا ہے تو اسے اس شرط میں رعایت حاصل ہوسکتی ہے۔

اس کے علاوہ 50 سال سے کم عمر درخواست گزاروں کے لیے ہر سال مجموعی طور پر 90 دن ملائیشیا میں گزارنا بھی ضروری ہے۔

پاکستانی شہریوں کے لیے اہم ہدایت

کراچی میں ہونے والی بریفنگ کے دوران ملائیشیا کے قونصل جنرل یونس ابراہیم نے پاکستانی شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ اس پروگرام کے لیے صرف ملائیشیا کی وزارتِ سیاحت، فنون اور ثقافت سے لائسنس یافتہ کمپنیوں اور ان کے مجاز نمائندوں کے ذریعے ہی درخواست دیں۔

انہوں نے بتایا کہ ملائیشیا نے 2025 کے دوران پاکستان سے ایک لاکھ 35 ہزار 867 سیاحوں کا خیرمقدم کیا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 7 فیصد زیادہ تھے۔ ان کے مطابق اسی عرصے میں ملائیشیا آنے والے بین الاقوامی سیاحوں کی تعداد 4 کروڑ 20 لاکھ رہی۔

گرین لینڈ ٹریولز کے چیف ایگزیکٹو عبدالقیم ابراہانی نے بتایا کہ ان کی کمپنی پاکستانی شہریوں کو پروگرام کے لیے درخواست دینے، دستاویزات تیار کرنے اور دیگر ضروری مراحل میں معاونت فراہم کرے گی۔

واضح رہے کہ اس پروگرام کے لیے درخواست براہِ راست ملائیشیا کی حکومت کو جمع نہیں کرائی جاسکتی، بلکہ درخواست گزاروں کو ملائیشیا کی وزارتِ سیاحت سے لائسنس یافتہ کمپنی کے ذریعے کارروائی مکمل کرنا ہوتی ہے۔ ملائیشیا کے قونصل جنرل نے شہریوں کو غیر مجاز افراد اور کمپنیوں سے محتاط رہنے کی بھی ہدایت کی۔

اس طرح پاکستان میں مقامی نمائندے کی تقرری سے پاکستانی شہریوں کے لیے ملائیشیا کے طویل مدتی رہائشی پروگرام میں درخواست دینے کے طریقہ کار تک رسائی آسان ہوگی۔

Related posts