تم بدتمیز ہو، تمہیں آخری قطار میں بیٹھنا چاہیے: ٹرمپ خاتون صحافی پر برہم

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک پریس کانفرنس کے اختتام پر وائٹ ہاؤس کے چیف آف اسٹاف اسٹیفن ملر کی پرجوش تعریف کے دوران مداخلت کرنے پر امریکی نشریاتی ادارے ’این بی سی نیوز‘ کی وائٹ ہاؤس نامہ نگار مونیکا البا پر برہم ہو گئے اور ان سے تلخ جملوں کا تبادلہ کیا۔

ٹرمپ نے نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیر خارجہ مارکو روبیو کے ہمراہ یہ پریس کانفرنس اپنے دورہ چین کے بعد کی، جہاں انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ سہ فریقی ملاقات کی تھی۔

پریس کانفرنس کے اختتام پر ٹرمپ نے اسٹیفن ملر کو ڈائس پر بلایا۔

اسٹیفن ملر نے صدر کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تاریخ کے کسی بھی دوسرے صدر کے مقابلے میں زیادہ کارنامے انجام دیے اور عزم ظاہر کیا کہ آئندہ 2 برس انسانی تاریخ کے عظیم ترین ثابت ہوں گے۔

رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ اسٹیفن ملر کی باتوں سے خوش دکھائی دیے اور جے ڈی وینس و مارکو روبیو کی جانب اشارہ کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں کہا کہ وہ ان دونوں حضرات سے بہتر رہے اور پوچھا کہ کیا وہ صدارتی انتخاب لڑنا چاہتے ہیں۔

ٹرمپ نے کہا کہ وہ پریس کانفرنس سمیٹ رہے ہیں اور اسٹیفن ملر کے حوالے سے مثبت بات پر اختتام کرنا چاہتے ہیں، جو ان کے بقول پہلے دن سے ان کے ساتھ ہیں۔

اسی دوران صحافی آخری لمحات میں سوالات پوچھنے کی کوشش کر رہے تھے اور جب مونیکا البا نے امیگریشن سے متعلق سوال کرنے کی کوشش کی تو ٹرمپ نے ناگواری کا اظہار کیا۔

ٹرمپ نے برہمی سے پوچھا کہ وہ کس ادارے سے ہیں، جس پر البا نے بتایا کہ وہ این بی سی سے ہیں اور سوال دہرانے کی کوشش کی، تاہم ٹرمپ نے ان کی بات کاٹ دی اور کہا کہ ”آپ ایک بدتمیز خاتون ہیں“۔

البا نے جواب دیا کہ چونکہ وہ امیگریشن پر بات کر رہے ہیں اس لیے سوال کر رہی ہیں، جس پر ٹرمپ نے سخت لہجے میں کہا کہ ”میں تم سے کوئی بات نہیں کروں گا“۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ ”تمہیں پہلی قطار میں نہیں ہونا چاہیے بلکہ پچھلی قطار میں بیٹھنا چاہیے۔“

یہ پہلا موقع نہیں ہے جب این بی سی کی صحافی کے ساتھ ٹرمپ کی ایسی نوک جھونک ہوئی ہو، اس سے قبل گزشتہ ماہ بھی دونوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا تھا جب ٹرمپ نے انہیں خاموش رہنے کا کہا اور سخت الفاظ استعمال کیے تھے۔

پریس کانفرنس کے اختتامی لمحات میں پیش آنے والے اس واقعے کے بعد وائٹ ہاؤس یا متعلقہ فریقین کی جانب سے اس معاملے پر مزید کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔

Related posts