پہلگام واقعہ: کشمیری تنظیم ”ٹی آر ایف“ نے حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کی حقیقت بتا دی، بھارتی جھوٹ کی دھجیاں اڑ گئیں

0 minutes, 0 seconds Read

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جھوٹ اور فریب کی ایک اور کوشش بری طرح بے نقاب ہو گئی۔ کشمیری حریت تنظیم ”دی ریزسٹنس فرنٹ“ (TRF) نے دوٹوک الفاظ میں پہلگام حملے میں ملوث ہونے کی تردید کر دی اور بھارتی ایجنسیوں پر سائبر حملے کے ذریعے ان کی ویب سائٹ ہیک کرنے کا الزام عائد کر دیا۔

ٹی آر ایف نے اپنے باقاعدہ اعلامیے میں کہا ہے کہ پہلگام واقعہ سے ان کا کوئی تعلق نہیں اور اس حملے کو ان کے کھاتے میں ڈالنا سراسر جھوٹ، عجلت اور ایک سوچی سمجھی سازش کا حصہ ہے جس کا مقصد کشمیری حریت تحریک کو بدنام کرنا ہے۔ تنظیم نے واضح کیا کہ بھارت کا یہ جھوٹا پروپیگنڈا کشمیریوں کی جائز اور مبنی برحق جدوجہد کو دبانے کا ہتھکنڈہ ہے۔

بھارت میں اسرائیلی سفیر کا پاکستان کیخلاف خطرناک بیان

ٹی آر ایف نے انکشاف کیا کہ حملے کے کچھ دیر بعد ان کے ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے ایک غیر مجاز پیغام جاری کیا گیا تھا۔ تاہم، اندرونی تحقیقات کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ یہ ایک منظم سائبر حملے کا نتیجہ تھا۔ ابتدائی شواہد بھارتی سائبر انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ملوث ہونے کی نشان دہی کرتے ہیں۔

ٹی آر ایف نے کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں جب بھارت نے اپنے سیاسی مفادات کے لئے اس طرح کی چالاکیاں کی ہوں۔

خیال رہے کہ پہلگام حملے کے فوراً بعد بھارتی میڈیا اور ریاستی ادارے بغیر کسی ثبوت کے الزام کشمیری حریت پسندوں پر لگاتے رہے، اور دعویٰ کیا کہ پہلگام حملے کی ذمہ داری ٹی آر ایف نے قبول کرلی ہے۔حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ بھارت اپنے مظالم سے عالمی توجہ ہٹانے کے لئے ایسے ڈرامے رچاتا ہے۔ بھارت کے جھوٹے دعوؤں کا یہ بھانڈا ایک بار پھر خود کشمیریوں نے ہی پھوڑ دیا ہے۔

معصوم کشمیریوں کا قتل عام، مودی سرکار کے جعلی انکاؤنٹرز کے ثبوت آگئے

واضح رہے کہ بی بی سی بھی ٹی آر ایف کے حوالے سے بھارتی جھوٹ کا بھانڈا پھوڑ چکا ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ اس نے ٹی آر ایف سے منسوب اس بیان کا جائزہ لیا تو پتا چلا کہ نہ صرف اس بیان میں نہ تو ٹی آر ایف کے نام کا ذکر ہے اور نہ ہی گروپ کا لوگو موجود ہے جبکہ گروپ نے ماضی میں مسلسل بیانات میں اپنا نام اور لوگو استعمال کیا۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ بھارت ہمیشہ سے مقبوضہ کشمیر میں اپنی ناکام پالیسیوں کو چھپانے کے لئے جعلی آپریشنز، جھوٹی کہانیاں اور سائبر حملوں کا سہارا لیتا رہا ہے۔ دنیا کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ بھارت دہشتگردی کے الزامات لگا کر کشمیری عوام کی جائز آزادی کی جدوجہد کو دبانا چاہتا ہے۔

پہلگام واقعہ: بھارتی پولیس اسٹیشن میں دائر ایف آئی آر سے مودی حکومت کا جھوٹ بے نقاب

پاکستانی عوام اور حکومت بارہا دنیا کو بھارت کی ان مکروہ چالوں سے آگاہ کرتے رہے ہیں۔ اب جبکہ خود کشمیری تنظیمیں بھارتی جھوٹ کا پردہ چاک کر رہی ہیں، عالمی برادری پر لازم ہے کہ وہ بھارتی ریاستی دہشتگردی اور سائبر دہشتگردی کا سختی سے نوٹس لے۔

Similar Posts