پاکستان کے پہلے خلاباز ذیشان علی کی خلا سے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے براہِ راست گفتگو
پاکستان کے پہلے خلاباز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی نے خلا سے وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے براہِ راست گفتگو کی ہے۔
چینی سرکاری نشریاتی ادارے ’سی جی ٹی این‘ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ہفتے کو چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ میں موجود پاکستانی خلاباز ذیشان علی سے براہِ راست رابطہ کیا۔
چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی نے بتایا کہ یہ رابطہ پاکستان کے خلائی و بالائی فضائی تحقیقاتی ادارے سپارکو کے صدر دفتر میں کیا گیا، جس کے ذریعے ملک کی سیاسی اور عسکری قیادت کو زمین کے مدار میں موجود اپنے خلاباز سے بات چیت کا موقع ملا۔
ذیشان علی 25 نومبر کو چین کے شینزو 24 خلائی مشن کے ذریعے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پہنچے تھے اور وہ اس مشن میں بطور پے لوڈ اسپیشلسٹ یعنی سائنسی آلات اور تجرباتی سامان کے ماہر کے طور پر شامل ہیں۔
ذیشان علی چین کے 2 خلابازوں تانگ ہونگ بو اور وو یی کے ہمراہ خلائی اسٹیشن پر سائنسی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
ذیشان علی کا یہ خلائی سفر پاکستان کے لیے تاریخی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ اس مشن کے ذریعے پاکستان پہلی مرتبہ کسی انسان کو زمین کے مدار میں بھیجنے میں کامیاب ہوا ہے، جبکہ وہ چین کے خلائی اسٹیشن پر پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلاباز بھی بن گئے ہیں۔
مشن کے دوران پاکستانی خلاباز چین کے ساتھ مشترکہ سائنسی تجربات میں مصروف ہیں، جن میں تجرباتی نمونوں اور آلات کی تنصیب، ان کی کارکردگی کا جائزہ اور خرد ثقلی یعنی انتہائی کم کشش ثقل والے ماحول میں مختلف سائنسی تجربات شامل ہیں۔
پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تعاون کا یہ مشن دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر بھی خصوصی اہمیت رکھتا ہے، اور دونوں ممالک نے خلائی تحقیق، سائنسی ترقی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
خلا سے پاکستانی قیادت کے ساتھ اس براہِ راست رابطے کے بعد مشن کی سائنسی سرگرمیاں جاری ہیں، جبکہ پاکستان اور چین کے درمیان خلائی و سائنسی تعاون کے آئندہ مراحل پر بھی توجہ مرکوز ہے۔