ملک میں ایسا معاشی بحران نہیں دیکھا؛ حکمران عوامی مسائل پر توجہ دیں: بلاول بھٹو
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک کو معاشی بحران، مہنگائی، بے روزگاری اور غربت جیسے مسائل کا سامنا ہے، ایسے میں سیاسی جماعتوں کو باہمی اختلافات بھلا کر عوامی مشکلات کم کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔
بلاول بھٹو نے ہفتے کو رحیم یار خان میں سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن یعنی ایس آئی یو ٹی کے مفت علاج کے اسپتال کے پہلے مرحلے کا سنگ بنیاد رکھا اور کہا کہ اگر سیاسی قیادت متحد ہو کر جمہوری اور آئینی طریقے سے مسائل کا مقابلہ کرے تو کوئی مشکل پاکستان کو آگے بڑھنے سے نہیں روک سکتی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر سیاست دانوں کی تمام تر توجہ سیاسی مخالفین سے انتقام لینے پر مرکوز رہے گی تو یہ عوام کے ساتھ بڑی ناانصافی ہوگی۔
بلاول کا کہنا تھا کہ حکمرانوں، سیاست دانوں اور پارلیمان کو عوام کے اصل مسائل، خصوصاً بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کے خاتمے کے لیے کام کرنا چاہیے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک اس وقت غیر معمولی معاشی بحران سے گزر رہا ہے، میں نے اب تک اس قسم کا معاشی بحران نہیں دیکھا۔
انہوں نے کہا کہ انہیں خدشہ ہے ملکی اور علاقائی حالات کے باعث یہ مشکلات مزید بڑھ سکتی ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عوام چاہتے ہیں کہ ان پر پڑنے والا معاشی بوجھ کم کیا جائے، مزدور کو اس کی محنت کا پورا صلہ اور کسان کو اپنی فصل کی مناسب قیمت ملے، جبکہ بزرگوں اور بیمار افراد کے علاج کے لیے بھی سہولتیں فراہم کی جائیں۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ان کی جماعت کی کوشش ہے کہ ایسے منصوبے شروع کیے جائیں جن سے مشکل معاشی حالات میں عوام کو ریلیف ملے۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ میں ایس آئی یو ٹی کے مفت علاج کے اسپتال قائم کیے گئے ہیں اور اب اسی طرز کی سہولت رحیم یار خان میں بھی فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، کیونکہ معاشی دباؤ کے دوران عام آدمی کے لیے مفت علاج کی سہولت بہت بڑی مدد ثابت ہوتی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ رحیم یار خان میں ایس آئی یو ٹی اسپتال کا پہلا مرحلہ 50 بستروں پر مشتمل ہوگا، جہاں ڈائلیسس، ایمرجنسی، لیبارٹری ٹیسٹ، پتھری کے علاج، الٹراساؤنڈ اور ڈیجیٹل ایکسرے کی سہولتیں دستیاب ہوں گی اور ان کے تحت علاج مکمل طور پر مفت فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے پر کام کا آغاز اکتوبر 2026 میں ہوا ہے اور کوشش ہے کہ اگلے سال کے اندر پہلے مرحلے کی تکمیل کے بعد مفت علاج کی سہولت شروع کر دی جائے، جبکہ دوسرے مرحلے میں آپریشن تھیٹرز اور دیگر طبی سہولتوں کا اضافہ کیا جائے گا۔
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس منصوبے پر پیشرفت میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا تعاون بھی اہم ہے، جنہوں نے جنوبی پنجاب میں اس منصوبے کی راہ میں رکاوٹ نہیں ڈالی۔
انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مفاد کے منصوبوں کو سیاسی اختلافات کی نذر نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے منصوبے کے لیے زمین کی فراہمی میں تعاون پر پارٹی کے ڈویژنل صدر جاوید اکبر اور سندھ کے وزیراعلیٰ و ان کی ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا۔
ماضی کی سیاسی کشمکش کا حوالہ دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پہلے ایک حکومت کے شروع کیے گئے منصوبے دوسری حکومت آنے پر رک جاتے تھے، پھر حکومت بدلنے پر نئے منصوبے شروع ہوتے اور پہلے والے ادھورے رہ جاتے تھے، جس کا نقصان بالآخر عوام کو اٹھانا پڑتا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور میاں محمد نواز شریف نے یہ طے کیا تھا کہ دونوں جماعتیں آئین اور جمہوریت پر یقین رکھیں گی، ایک دوسرے کے انتخابی مینڈیٹ کو تسلیم کریں گی اور انتخابات میں سیاسی مقابلہ کرنے کے باوجود حکومتیں گرانے کی سازشوں میں شریک نہیں ہوں گی اور نہ ہی ایک دوسرے کے شروع کیے گئے عوامی منصوبوں کو روکیں گی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس جمہوری روایت کو برقرار رکھنا ضروری ہے اور پیپلز پارٹی بھی یہی چاہتی ہے کہ دوسری جماعتوں کے عوامی فلاح کے منصوبوں میں رکاوٹ نہ ڈالی جائے اور حکومتیں ایک دوسرے کا مینڈیٹ تسلیم کریں۔
بلاول کا کہنا تھا کہ اسی طرز عمل سے عوام کی خدمت ممکن ہے، جبکہ غریب اور پسماندہ علاقوں کے عوام کی خدمت پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور کا بنیادی حصہ ہے۔