شاہد آفریدی فوجی وردی میں بارڈر پر پہنچ گئے

0 minutes, 0 seconds Read

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں۔ پہلگام حملے پر بھارتی فوج کو آڑے ہاتھوں لینے کے بعد، اب وہ پاک فوج کی وردی پہن کر واہگہ بارڈر پہنچ گئے، جہاں ان کی موجودگی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر دھوم مچا رہی ہے۔

شاہد آفریدی نے یہ ویڈیو اپنے انسٹاگرام اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کی، جس میں وہ نہ صرف جوانوں کے درمیان موجود ہیں بلکہ وطن سے محبت کے جذبے کا عملی مظاہرہ بھی کر رہے ہیں۔

شاہد آفریدی کے بیان پر سابق بھارتی کرکٹر بھڑک اٹھے

ویڈیو میں وہ جوانوں کے ساتھ بیٹھے، مسکراتے اور جذبے سے لبریز انداز میں بھارت کو دو ٹوک پیغام دیتے نظر آ رہے ہیں۔

’’عزت سے آؤ گے تو چائے پلائیں گے، بدمعاشی دکھاؤ گے تو جواب بھی ملے گا‘‘

شاہد آفریدی نے پہلگام واقعے کو ’بھارت کا ڈرامہ‘ قرار دے دیا

اس موقع پر شاہد آفریدی نے بھارت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا،

”اگر عزت سے ہمارے گھر آؤ گے تو ہم نہ صرف عزت کریں گے بلکہ چائے بھی پلائیں گے، لیکن اگر بدمعاشی دکھاؤ گے تو ہماری تاریخ، روایات اور کلچر ہی ہمارا جواب ہوں گے۔“

انہوں نے بھارت کی آبی جارحیت پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا:
”پانی بند کر کے تم اپنا ہی نقصان کرو گے، کیونکہ پھر تمہارے مہمانوں کو چائے بنانے والا بھی کوئی نہیں بچے گا۔“

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں شاہد آفریدی نے کشمیر کے علاقے پہلگام میں سیاحوں پر حملے کے بعد بھارتی فوج کی نااہلی پر سخت الفاظ استعمال کیے تھے۔ ان کے مطابق:
”8 لاکھ فوج ہونے کے باوجود تم اپنی عوام کو تحفظ نہیں دے سکے، اس کا مطلب ہے کہ تم نالائق ہو، نکمے ہو۔“

شاہد آفریدی کے ان بیانات پر بھارت میں شدید ردِعمل دیکھنے میں آیا اور بھارتی میڈیا و سابق کرکٹرز خاصے برہم نظر آئے۔

آفریدی کی واہگہ بارڈر پر فوجی وردی میں موجودگی پر پاکستانی عوام نے سوشل میڈیا پر خوب داد دی۔ صارفین نے ان کے جذبے کو سراہتے ہوئے لکھا:
”سچا محب وطن یہی ہوتا ہے، جو صرف الفاظ سے نہیں بلکہ عمل سے بھی اپنا عشقِ وطن دکھائے۔“

شاہد آفریدی کا یہ انداز نہ صرف ان کے مداحوں کو متاثر کر رہا ہے بلکہ ان کے مخالفین کے لیے بھی ایک واضح پیغام ہے کہ وہ جہاں کھڑے ہوتے ہیں، جرات سے کھڑے ہوتے ہیں۔

Similar Posts