ناروے کے ہاتھوں شکست: برازیل کے اسٹار کھلاڑی نیمار کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 میں ناروے کے ہاتھوں برازیل کی شکست اور ایونٹ سے باہر ہونے کے بعد برازیل کے معروف فٹبالر نیمار نے بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا، جس کے ساتھ ان کے 16 سالہ بین الاقوامی کیریئر کا اختتام ہوگیا۔

نیویارک، نیوجرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پری کوارٹر فائنل میں ناروے نے برازیل کو 1-2 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔ ناروے کی جانب سے ایرلنگ ہالینڈ نے دو گول اسکور کیے، جبکہ برازیل کا واحد گول اضافی وقت میں نیمار نے پنالٹی پر کیا، جو ان کے بین الاقوامی کیریئر کا آخری گول ثابت ہوا۔

میچ کے اختتام پر آخری سیٹی بجتے ہی 34 سالہ نیمار میدان میں بیٹھ گئے اور آبدیدہ ہو گئے۔ ان کے ساتھی کھلاڑی انہیں دلاسہ دیتے رہے، جبکہ اس موقع پر اسٹیڈیم میں جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے نیمار نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا اختتام کرتے ہوئے اپنی ریٹارمنٹ کا اعلان کیا اور کہا، ”میں نے پوری کوشش کی۔ میرا سفر یہیں میٹ لائف اسٹیڈیم سے شروع ہوا تھا اور یہیں ختم بھی ہو گیا۔ اب یہ باب بند ہو چکا ہے۔“

نیمار نے برازیل کی سینئر ٹیم کی جانب سے اپنا پہلا بین الاقوامی میچ 10 اگست 2010 کو امریکا کے خلاف دوستانہ مقابلے میں کھیلا تھا۔ اپنے 16 سالہ کیریئر کے دوران انہوں نے 4 فیفا ورلڈ کپ اور 2 اولمپک گیمز میں برازیل کی نمائندگی کی اور ایک دہائی سے زائد عرصے تک قومی ٹیم کے نمایاں ترین کھلاڑیوں میں شمار ہوتے رہے۔

برازیل کی قومی فٹبال ٹیم کی تاریخ میں سب سے زیادہ بین الاقوامی گول کرنے کا اعزاز نیمار کے پاس ہے، جنہوں نے اپنے کیریئر میں مجموعی طور پر 80 گول اسکور کیے، جو لیجنڈری فٹبالر پیلے کے 77 گولوں سے تین زیادہ ہیں۔

برازیل اس ورلڈ کپ میں چھٹا عالمی ٹائٹل جیتنے کی امید کے ساتھ میدان میں اترا تھا، تاہم پری کوارٹر فائنل میں ناروے کے خلاف شکست کے بعد اس کا سفر ختم ہوگیا۔ یہ 1990 کے بعد پہلا موقع ہے کہ برازیل ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل نہ کر سکا، جبکہ مسلسل چھٹے ورلڈ کپ میں اسے کسی یورپی ٹیم کے ہاتھوں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

نیمار کی ریٹائرمنٹ کے ساتھ برازیل کی قومی فٹبال ٹیم کے ایک اہم دور کا اختتام ہوگیا۔ وہ برازیل کی جانب سے سب سے زیادہ بین الاقوامی گول کرنے والے کھلاڑی ہیں بلکہ گزشتہ ڈیڑھ دہائی کے دوران ٹیم کے نمایاں ترین فٹبالرز میں شمار کیے جاتے ہیں۔

Related posts