34 سالہ یو ایف سی فائٹر نیند میں دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک

برازیل سے تعلق رکھنے والے معروف مکسڈ مارشل آرٹس (ایم ایم اے) فائٹر اور یو ایف سی کھلاڑی ایلن ناسیمینٹو 34 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ یو ایف سی نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق وہ نیند کے دوران دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے۔

یو ایف سی کے جاری کردہ بیان کے مطابق ایلن ناسیمینٹو پیر کی صبح اپنے گھر میں بے ہوش حالت میں پائے گئے۔ بیان میں کہا گیا کہ میڈیکل ٹیم نے انہیں بچانے کی بھرپور کوشش کی، تاہم موقع پر ہی ان کی موت کی تصدیق کر دی گئی۔

یو ایف سی نے ایکس پر جاری اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ اس انتہائی مشکل وقت میں ہماری ہمدردیاں اور دلی تعزیت ایلن کے اہل خانہ، دوستوں، ساتھی کھلاڑیوں اور تمام چاہنے والوں کے ساتھ ہیں۔

ایلن ناسیمینٹو 2021 میں یو ایف سی کا حصہ بنے تھے۔ ان کا آخری مقابلہ رواں برس جون میں مچ راپوسو کے خلاف ہوا تھا، جس میں انہیں سخت مقابلے کے بعد اسپلٹ فیصلے کے ذریعے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اپنے پیشہ ورانہ ایم ایم اے کیریئر میں ایلن ناسیمینٹو نے مجموعی طور پر 29 مقابلے لڑے، جن میں 22 میں کامیابی حاصل کی جبکہ 7 میں شکست ہوئی۔ یو ایف سی میں ان کا ریکارڈ 6 مقابلوں میں 4 فتوحات اور 2 شکستوں پر مشتمل تھا۔

Related posts