اسلام آباد میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش، درخت گرگیا

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا جب کہ بلیو ایریا میں تیز ہواؤں کے باعث درخت گرگیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

اتوار کے روز جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں صبح کے وقت سورج کا راج تھا تاہم دوپہر کے وقت اچانک آسمان پر کالی گھٹائیں چھا گئیں۔ پہلے تیز ہواؤں نے موسم کو بدل دیا اور اس کے فوراً بعد مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش شروع ہوگئی۔

وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون، سیکٹر ایف سکس اور جی سکس سمیت بعض علاقوں میں دھواں دھار بارش ہوئی، جس کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا تاہم شہر کے کئی سیکٹرز میں بارش کا ایک قطرہ بھی نہیں برسا۔

تیز ہواؤں اور بارش کے دوران بلیو ایریا میں ایک درخت بھی گرگیا تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ سی ڈی اے کا عملہ تاخیر سے موقع پر پہنچا اور گرنے والے درخت کی شاخیں اور جھاڑیاں سڑک سے ہٹا دیں۔

محکمہ موسمیات نے اسلام آباد اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بارشوں کی پیشگوئی

مون سون کے آٹھویں اسپیل کے پیش نظر آج سے 5 ستمبر تک پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ فیصل آباد، چکوال، جہلم اور منڈی بہاءالدین میں بھی بارش متوقع ہے۔

خیبرپختونخوا کے علاقوں چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر اور ملاکنڈ میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جب کہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔

لاہور میں گرمی برقرار، بارش کا امکان

لاہور میں گرمی کی شدت برقرار ہے تاہم مون سون کے آٹھویں اسپیل کے باعث آئندہ چند روز کے دوران بارش کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔

موجودہ موسمی صورت حال کے مطابق لاہور میں درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جب کہ آج کم سے کم درجہ حرارت 29 اور زیادہ سے زیادہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 62 فیصد ریکارڈ کیا گیا اور ہوا کی رفتار 6 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔

دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے مون سون کے آٹھویں اسپیل کا الرٹ جاری کردیا ہے، جس کے مطابق آج سے 5 ستمبر تک لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں بارش کے باعث گرمی کی شدت میں عارضی کمی آنے کی توقع ہے۔

راول ڈیم میں پانی کی سطح بلند، سپل ویز کھولنے کا فیصلہ

اسلام آباد اور گردونواح میں مون سون بارشوں کے باعث راول ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہوگئی ہے اور پانی 1751.40 فٹ کی سطح تک پہنچ گیا ہے، پانی کی سطح میں اضافے کے باعث راول ڈیم کے سپل ویز کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق راول ڈیم کے سپل ویز کل 31 اگست کو صبح 6 بجے کھولے جائیں گے۔

ضلعی انتظامیہ نے سپل ویز کھولنے سے قبل تمام متعلقہ اداروں کو ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے جب کہ انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ندی نالوں اور نشیبی علاقوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔

Related posts