برمنگھم ٹیسٹ میں سلو اوور ریٹ پر پاکستان کو بھاری جرمانہ
پاکستان کرکٹ ٹیم پر انگلینڈ کے خلاف ایجبسٹن ٹیسٹ میں سلو اوور ریٹ پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا، جبکہ عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 11 پوائنٹس بھی منہا کرلیے گئے۔
انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق پاکستانی ٹیم مقررہ وقت میں 11 اوورز کم کرانے کی مرتکب ہوئی، تاہم وقت کی رعایت کو مدنظر رکھتے ہوئے بھی ٹیم پر سلو اوور ریٹ کی خلاف ورزی ثابت ہوئی۔
قوانین کے تحت سلو اوور ریٹ پر ہر کم اوور کے عوض میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کیا جاتا ہے، تاہم زیادہ سے زیادہ جرمانہ 50 فیصد تک ہوسکتا ہے۔
پاکستان ٹیم 11 اوورز کم کرانے کی مرتکب قرار پائی، جس کے باعث قومی ٹیم پر مقررہ زیادہ سے زیادہ 50 فیصد میچ فیس جرمانہ عائد کیا گیا۔
ٹیسٹ چیمپئن شپ کے قوانین کے مطابق مقررہ وقت میں کرائے جانے والے ہر کم اوور پر ایک چیمپئن شپ پوائنٹ کی کٹوتی کی جاتی ہے۔ اسی قانون کے تحت پاکستان کے مجموعی طور پر 11 پوائنٹس کاٹ لیے گئے، جس سے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں قومی ٹیم کی پوزیشن اور پوائنٹس ٹیبل پر اس کے امکانات متاثر ہوسکتے ہیں۔
پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے سلو اوور ریٹ کی خلاف ورزی تسلیم کرتے ہوئے جرمانے کی مجوزہ سزا قبول کرلی، جس کے باعث معاملے پر باقاعدہ سماعت کی ضرورت نہیں پڑی۔
فیلڈ امپائرز پال ریفل اور کرس گفینی، تیسرے امپائر اللہ الدین پالیکر اور چوتھے امپائر رسل وارن نے پاکستانی ٹیم پر چارج عائد کیا تھا۔