ترجمان پاک فوج نے بھارتی دعوے میں شہید حوالدار محمد آصف کو میڈیا کے سامنے پیش کر دیا
پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کی جانب سے ملکی سیکیورٹی صورت حال پر میڈیا کو بریفنگ جاری ہے۔
جمعرات کو ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پریس کانفرنس کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کے فالس فلیگ آپریشن سے متعلق تفصیلات بیان کیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق 29 ستمبر کی رات بھارتی کور نے مقبوضہ کشمیر میں ایک جوائنٹ سرچ آپریشن سے متعلق ٹویٹ کیا اور دعویٰ کیا کہ آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد کو ہلاک کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً ساڑھے 7 گھنٹے بعد 30 ستمبر کو بھارتی ملٹری کی جانب سے ایک اور اپڈیٹ جاری کی گئی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ لشکر طیبہ کے ایک دہشت گرد کی لاش ملی ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق بھارتی فوج نے ہلاک شخص کی شناخت محمد آصف عرف ہاشم موسیٰ کے نام سے ظاہر کی اور دعویٰ کیا کہ اس کا تعلق پاکستان سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی نیوز ایجنسی نے بھی مبینہ دہشت گرد کی تفصیلات سروس نمبر کے ساتھ جاری کیں اور دعویٰ کیا کہ محمد آصف عرف ہاشم موسیٰ ایس ایس جی کا حوالدار ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مزید کہا کہ بھارتی فوج نے محمد آصف عرف ہاشم موسیٰ کا شناختی کارڈ بھی دکھایا، بھارتی فوج کے بعد بھارتی حکومت کی جانب سے تفصیلات دی گئیں اور بھارتی حکومت نے اسے لشکر طیبہ کا کمانڈر قرار دیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی دعوے میں کہا گیا کہ مذکورہ شخص گزشتہ 4 سال سے مقبوضہ کشمیر میں سرگرم تھا اور اس نے وہاں متعدد کارروائیاں کیں جب کہ بھارتی میڈیا نے بھی ان دعوؤں کو نمایاں طور پر پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی خبروں سے اڑی اور پہلگام کے واقعات سے متعلق بھارت کے سابقہ دعوؤں کی یاد تازہ ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بھارتی دعوے کے بعد پاکستان نے محمد آصف عرف ہاشم موسیٰ کو تلاش کیا تو معلوم ہوا کہ جسے بھارتی فوج نے ہلاک قرار دیا، وہ شخص زندہ ہے اور پاکستان میں موجود ہے۔
اس موقع پر حوالدار محمد آصف بھی سامنے آئے اور مجھے دوستوں نے میری شہادت کا بتایا۔
محمد آصف نے کہا کہ انہوں نے دوستوں کو بتایا کہ وہ زندہ ہیں اور ان کے درمیان موجود ہیں۔ ان کے مطابق انہیں بعد میں معلوم ہوا کہ بھارتی میڈیا نے ان کا ڈیٹا استعمال کیا ہے۔
حوالدار محمد آصف نے مزید بتایا کہ میں نے اپنے یونٹ کو یہ ساری باتیں بتائیں تاکہ ریکارڈ کلیر ہو، میں راولپنڈی میں اپنی فیملی کے ساتھ رہتا ہوں، میں حوالدار محمد آصف ہوں، ایس ایس جی سے ریٹائر ہوں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدام نے خود اسے دنیا کے سامنے شرمندہ کردیا، بھارت دنیا میں دہشت گردی کا سب سے بڑا حمایتی ہے، ان تنظیموں میں مکتی باہنی، بی ایل اے، ٹی ٹی پی وغیرہ شامل ہیں، بھارت ہے جو ان تنظیموں کو فنڈنگ کرتا ہے، بھارت خود اپنے ہی ملک میں مسلمانوں کو دہشت گردی کا نشانہ بناتا ہے۔
ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ بھارت میں سکھ اور مسیحی برادری کو بھی دہشت گردی کا سامنا ہے، بھارت نے اپنی دہشت گردی کا دعویٰ دیگر ملکوں تک بڑھادیا ہے، بھارت دہشت گردی بھی کرتا ہے اور اس پر فخر بھی کرتا ہے۔
خبر کی مزید تفصیلات شامل کی جارہی ہیں