ریکٹ پاکستان کا آغا خان فاؤنڈیشن کے اشتراک سے ‘صاف صحت مند پاکستان’ پروگرام متعارف
ریکٹ پاکستان نے آغا خان فاؤنڈیشن کے اشتراک سے ’صاف صحت مند پاکستان‘ کے نام سے ایک نئے سماجی اثر کے پلیٹ فارم کا آغاز کردیا، جس کے تحت اسکولوں میں بچوں کو محفوظ پینے کے پانی، بہتر بیت الخلا، ہاتھ دھونے کی سہولیات اور حفظانِ صحت سے متعلق تعلیم فراہم کی جائے گی۔
اس اقدام کا آغاز اسکولوں سے کیا جا رہا ہے اور اسے مستقبل میں ملک بھر تک وسعت دینے کا منصوبہ ہے۔ ریکٹ پاکستان کے مطابق ’صاف صحت مند پاکستان‘ کمپنی کے ’بہتر صحت، زیادہ لوگوں تک، ہر روز‘ کے مقصد کے تحت صحت، صفائی اور حفظانِ صحت سے متعلق مختلف کوششوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر لائے گا۔
اس سلسلے میں ریکٹ پاکستان اور آغا خان فاؤنڈیشن کے درمیان معاہدے کو بھی باضابطہ شکل دی گئی۔ معاہدے کے تحت ریکٹ پاکستان اپنی صحت اور حفظانِ صحت کے شعبے میں مہارت فراہم کرے گا جبکہ آغا خان فاؤنڈیشن پانی، صفائی اور حفظانِ صحت کے شعبے میں اپنے تجربے اور کمیونٹی سطح پر موجود رسائی کے ذریعے پروگرام پر عمل درآمد میں تعاون کرے گی۔
پروگرام کے پہلے مرحلے میں اسکولوں میں پینے کے محفوظ پانی کی سہولت فراہم کرنے کے ساتھ خراب یا ناکافی بیت الخلا کی سہولیات کو بحال کیا جائے گا، ہاتھ دھونے کے اسٹیشن قائم کیے جائیں گے جبکہ بچوں کو حفظانِ صحت اور صفائی کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا جائے گا، تاکہ وہ کم عمری سے صحت مند عادات اپنا سکیں۔
ریکٹ پاکستان کے مطابق کمپنی پہلے ہی اسکولوں میں حفظانِ صحت سے متعلق تعلیم کے ذریعے ہر سال 20 لاکھ سے زائد بچوں تک رسائی حاصل کر رہی ہے۔ ’صاف صحت مند پاکستان‘ کے ذریعے تعلیمی سرگرمیوں کو محفوظ پانی، بہتر بیت الخلا اور ہاتھ دھونے کی سہولیات سے جوڑ کر اس پروگرام کے دائرہ کار اور اثرات کو مزید بڑھانے کی کوشش کی جائے گی۔
پروگرام کی باضابطہ رونمائی برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر کراچی ایلیسن بلیک برن نے کی۔ اس موقع پر ریکٹ پاکستان کے جنرل منیجر آصف ایم ہاشمی، مارکیٹنگ ڈائریکٹر سارہ احمد، آغا خان فاؤنڈیشن پاکستان کی نیشنل کمیٹی کے چیئرمین امین فیراستہ اور چیف ایگزیکٹو آفیسر اختر اقبال سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں۔
اس موقع پر ریکٹ پاکستان کے جنرل منیجر آصف ایم ہاشمی نے کہا کہ ’بہتر صحت، زیادہ لوگوں تک، ہر روز‘ کمپنی کے وجود کا مقصد ہے اور اس مقصد کے لیے عملی اقدامات کرنا اس کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’صاف صحت مند پاکستان‘ کے ذریعے ڈیٹول اور ہارپک پر عوام کے اعتماد اور ان کی مہارت کو عملی اقدامات میں تبدیل کیا جا رہا ہے تاکہ اسکولوں تک محفوظ پانی، صفائی ستھرائی اور حفظانِ صحت کی سہولیات پہنچائی جاسکیں۔ ان کے مطابق کمپنی کی خواہش ہے کہ اس پروگرام کے اثرات کلاس رومز سے گھروں اور ملک بھر کی کمیونٹیز تک پہنچیں۔
آغا خان فاؤنڈیشن پاکستان کی نیشنل کمیٹی کے چیئرمین امین فیراستہ نے کہا کہ ہر بچہ محفوظ، صحت مند اور باوقار تعلیمی ماحول کا حق دار ہے۔
انہوں نے کہا کہ محفوظ پانی، صفائی ستھرائی اور حفظانِ صحت تک رسائی بہتر بنانے کے شعبے میں آغا خان فاؤنڈیشن کے کئی دہائیوں کے تجربے کی بنیاد پر ریکٹ پاکستان کے ساتھ یہ شراکت داری دیہی سندھ کے اسکولوں میں صحت مند ماحول بنانے میں مدد دے گی، جس سے بچوں کے لیے اسکول آنا اور تعلیم جاری رکھنا آسان ہوگا۔
برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر کراچی ایلیسن بلیک برن نے کہا کہ برطانیہ محفوظ پانی، صفائی ستھرائی اور حفظانِ صحت تک رسائی بڑھانے کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے کیونکہ یہ بچوں کی صحت، فلاح و بہبود اور تعلیم کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے ’صاف صحت مند پاکستان‘ کے آغاز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ آغا خان فاؤنڈیشن کی عملی مہارت اس عزم کو دیرپا اثر میں تبدیل کرنے میں مدد دے گی۔
ریکٹ پاکستان کے مطابق ’صاف صحت مند پاکستان‘ کا سفر اسکولوں سے شروع کیا گیا ہے جسے مستقبل میں شراکت داروں کے وسیع نیٹ ورک کے ذریعے گھروں اور کمیونٹیز تک توسیع دینے کی کوشش کی جائے گی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں تیار کیا گیا یہ پلیٹ فارم زیادہ صحت مند اسکولوں، مضبوط کمیونٹیز اور صحت مند معاشرے کی جانب طویل المدتی کوشش کا آغاز ہے۔