بالی میں حادثہ: بھارتی اداکارہ نصرت ایئر ایمبولینس کے ذریعے ممبئی پہنچ گئیں
بالی میں حادثے کے بعد شدید زخمی ہونے والی بولی ووڈ اداکارہ نصرت بھروچا ایئر ایمبولینس کے ذریعے ممبئی پہنچ گئی ہیں۔ ایئرپورٹ سے سامنے آنے والی ویڈیوز میں انہیں اسٹریچر پر طبی عملے کی مدد سے منتقل کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
نصرت بھروچا بولی ووڈ میں اپنے کام کے حوالے سے جانی جاتی ہیں، مگر اس وقت وہ ایک مشکل دور سے گزر رہی ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی میں چھٹیوں اور کام کے سلسلے میں موجود رہنے کے دوران وہ ایک حادثے کا شکار ہو گئیں جس کے نتیجے میں ان کی ریڑھ کی ہڈی میں شدید چوٹ لگی۔
اس تکلیف دہ واقعے کے بعد انہیں علاج کے لیے جمعہ کے روزایک ایئر ایمبولینس کے ذریعے ممبئی کے ہوائی اڈے پر لایا گیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اداکارہ کو اسٹریچر پر باہر نکالا گیا کیونکہ وہ خود چلنے کے قابل نہیں تھیں۔
ان کے اہل خانہ اور قریبی دوست، جن میں اداکارہ اشیتا راج بھی شامل ہیں، ایئرپورٹ پر موجود تھے۔ ویڈیوز میں نصرت کو طبی عملے کی مدد سے منتقل ہوتے ہوئے دیکھا گیا جبکہ انہوں نے اس دوران کچھ کہنے کی بھی کوشش کی۔
ممبئی پہنچنے کے بعد اداکارہ کو مزید طبی معائنے کے لیے لے جایا گیا ہے اور ڈاکٹروں کے مطابق ان کی ریڑھ کی ہڈی کا آپریشن کیا جائے گا۔
اس سے قبل ان کی ٹیم نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے تصدیق کی تھی کہ ان کی صحت اس وقت اولین ترجیح ہے اور اس قسم کی چوٹ کے بعد انہیں صحت یابی کے لیے طویل وقت درکار ہوگا۔ اس واقعے اور سرجری کی وجہ سے ان کے اگلے چند ہفتوں کے تمام کام اور پروڈکشن سے جڑے مصروفیات بھی متاثر ہوں گی۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ نصرت جب بالی میں موجود تھیں تو حادثے کے فورا بعد انہیں وہاں کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں وہ ڈاکٹرز کی نگرانی میں تھیں۔
حالت سنبھلنے کے بعد انہیں خصوصی طبی انتظامات کے تحت بھارت لایا گیا تاکہ وہ اپنے وطن میں علاج جاری رکھ سکیں۔ اداکارہ نے خود تاحال اپنی صحت کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے، اور تمام معلومات ان کی ٹیم اور میڈیا کے ذریعے سامنے آرہی ہیں۔
اداکارہ کی ٹیم نے ان کے چاہنے والوں اور مداحوں کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے ان کی صحت کے لیے تشویش کا اظہار کیا۔ ساتھ ہی میڈیا اور عوام سے یہ درخواست بھی کی گئی ہے کہ اس مشکل وقت میں ان کی نجی زندگی کا احترام کیا جائے تاکہ وہ مکمل توجہ اپنے علاج اور صحت یابی پر دے سکیں۔
پیشہ ورانہ زندگی کی بات کی جائے تو نصرت کو آخری بار فلم چھوری ٹو اور اف یہ سیاپا میں دیکھا گیا تھا، اور اب وہ اس حادثے کے بعد کچھ عرصے کے لیے اسکرین سے دور رہیں گی۔