اداکاری کے بعد دنانیر مبین کی گلوکاری میں انٹری، پہلا گانا ریلیز

پاکستانی اداکارہ اور سوشل میڈیا اسٹار دنانیر مبین نے اداکاری کے بعد اب گلوکاری کی دنیا میں بھی قدم رکھ دیا ہے۔ اداکارہ نے اپنا پہلا میوزک ٹریک ’ٹچ‘ ریلیز کردیا ہے۔

دنانیر مبین نے اپنے نئے گانے کی خبر مداحوں تک پہنچانے کے لیے انسٹاگرام پر ایک پروموشنل ویڈیو شیئر کی۔ انہوں نے بتایا کہ ’ٹچ‘ کی تیاری میں خاصی محنت کی گئی ہے اور انہیں امید ہے کہ شائقین اس گانے کو پسند کریں گے۔

اس میوزک ٹریک میں دنانیر مبین کے ساتھ مانور گلوکار حیدر مستحسن نے بھی کام کیا ہے۔ گانے میں تیز اور جاندار ردھم کے ساتھ توانائی سے بھرپور میوزک کو نمایاں کیا گیا ہے، جو اسے ایک مختلف انداز کا پاپ ٹریک بناتا ہے۔

یاد رہے کہ دنانیر مبین اس سے قبل سوشل میڈیا پر اپنی وائرل ویڈیوز سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچیں اور پھر شاندار اداکاری کے جوہر دکھاتے ہوئے ’صنفِ آہن‘ اور ’محبت گمشدہ میری‘ جیسے مقبول ترین پراجیکٹس کا حصہ بنیں۔

سوشل میڈیا پر مقبولیت حاصل کرنے کے بعد ان کا اداکاری کی طرف آنا اور اب موسیقی میں قسمت آزمانا ان کے فنی سفر میں ایک اور اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

’ٹچ‘ کی ریلیز کے ساتھ دنانیر نے اپنے فن کے دائرے کو اداکاری سے آگے بڑھاتے ہوئے موسیقی کو بھی اپنے کیریئر کا حصہ بنا لیا ہے۔ نئے گانے کو شائقین کی جانب سے کس طرح کا ردعمل ملتا ہے، یہ آنے والے دنوں میں واضح ہوگا۔

Related posts