صومالیہ میں پھنسے باقی تین پاکستانی بھی وطن واپس روانہ ہوگئے: اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ صومالیہ میں پھنسے بحری جہاز ایم ٹی آنر 25 کے باقی 3 پاکستانی عملہ ارکان بھی محفوظ طریقے سے وطن واپس روانہ ہوگئے ہیں اور آج کراچی پہنچ کر اپنے اہل خانہ سے ملاقات کریں گے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں اسحاق ڈار نے بتایا کہ عمران علی، حسین یوسف اور محمد یاسین ادیس ابابا سے کراچی کے لیے روانہ ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ادیس ابابا میں پاکستانی سفیر نے تینوں پاکستانی عملہ ارکان سے ملاقات کی اور ان کے قیام کے دوران تمام ضروری سہولیات اور خدمات کی فراہمی یقینی بنائی۔

نائب وزیراعظم کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں وزارت خارجہ اور حکومت پاکستان نے پاکستانی عملے کے تمام ارکان کی بحفاظت وطن واپسی کے لیے ہر ممکن کوشش کی، جبکہ انہوں نے اس سلسلے میں تعاون کرنے والے افراد اور اداروں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ تین پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی خوش آئند ہے، تاہم واقعے میں جاں بحق ہونے والے 3 پاکستانی سی فاررز کے نقصان پر گہرا افسوس ہے۔ انہوں نے جاں بحق افراد اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بحری قزاقی کے خاتمے اور بحری کارکنوں اور سمندری راستوں کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہے۔

Related posts