تیسرا ٹی 20: سری لنکا کا پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

تیسرے ٹی 20 میں سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور آخری میچ آج راولپنڈی میں کھیلا جارہا ہے، پاکستان کی قیادت صاحبزادہ فرحان کررہے ہیں جب کہ سری لنکن ٹیم کی کپتانی کوشل مینڈس کے پاس ہے تاہم میچ کا ٹاس سری لنکا کے کپتان کوشل مینڈس نے جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

ٹاس کے موقع پر پاکستان ٹیم کے کپتان صاحبزادہ فرحان کا کہنا تھا کہ پچھلے میچ میں بھی پہلے بیٹنگ کی تھی مشکل نہیں ہوگی، تمام کھلاڑی پراعتماد ہیں، سب اچھا کھیل رہے ہیں۔

سری لنکن کپتان کوشال مینڈس کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے آج کا میچ جیتیں، پچھلے دونوں میچوں میں پاور پلے میں اچھا پرفارم نہیں کرسکے، کوشش ہوگی خود ذمہ داری لوں اور اچھا پرفارم کروں۔

آخری ٹی 20 میچ کے لیے قومی ٹیم میں 4 تبدیلیاں کی گئی ہیں، صائم ایوب، نسیم شاہ، ابرار احمد اور شاداب خان کی جگہ عرفات منہاس، عبدالصمد، سفیان مقیم اور رضا اللہ کو فائنل الیون میں شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان کا اسکواڈ

پاکستان کی ٹیم میں صاحبزادہ فرحان (کپتان)، فخر زمان، معاذ صداقت، حسن نواز، عبدالصمد، خواجہ نافع، عرفات منہاس، محمد عمران، رضا اللہ، سلمان مرزا اور سفیان مقیم شامل ہیں۔

سری لنکا کا اسکواڈ

سری لنکن ٹیم میں کوشل مینڈس(کپتان)، لہیرو اودارا، سِنیتھ جے وردھنے، کمیندو مینڈس، سہان آراچیگے، داسن شناکا، چامیندو وکرما سنگھے، وجے کانتھ ویاسکانتھ، ایشان ملنگا، بنورا فرنینڈو اورنووان تھشارا شامل ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان نے سیریز کے پہلے ٹی 20 میچ میں سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی جب کہ دوسرے میچ میں 82 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز اپنے نام کرلی تھی۔

پاکستانی ٹیم پہلے ہی سیریز جیت چکی ہے تاہم تیسرے میچ میں کامیابی کے ساتھ شاہین سیریز میں کلین سوئپ مکمل کرلیں گے۔ دوسری جانب سری لنکن ٹیم آخری میچ جیت کر سیریز کا اختتام کامیابی کے ساتھ کرنے کی کوشش کرے گی۔

Related posts