کراچی: گھر سے ملنے والی 5 لاشوں کا پوسٹ مارٹم مکمل

کراچی کے علاقے بن قاسم ٹاؤن کی گلشن فلک ناز سوسائٹی میں ایک ہی گھر سے ملنے والی 5 لاشوں کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا ہے۔ ابتدائی پوسٹ مارٹم کے مطابق شاہ زیب اور صبا کی موت سر میں گولی لگنے سے ہوئی جب کہ 3 بچوں شمائلہ، ایزل اور آریا کی موت کی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی ہے۔

پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ سید کے مطابق شاہ زیب اور صبا کے جسم سے گن شاٹ ریزیڈیو، کیمیکل اور ڈی این اے کے نمونے حاصل کرلیے گئے ہیں جب کہ پانچوں لاشوں کے ضروری نمونے بھی لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے حاصل کیے گئے ہیں۔

پولیس سرجن نے بتایا کہ شمائلہ، ایزل اور آریا کی موت کی وجہ کا تعین کیمیکل، سیرولوجی اور ڈی این اے ٹیسٹ کی رپورٹس آنے تک مؤخر کردیا گیا ہے۔ ان رپورٹس کی روشنی میں تینوں بچوں کی موت کی وجوہات کا پتا چل سکے گا۔

پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد پانچوں لاشیں سہراب گوٹھ کے ایدھی سرد خانے منتقل کردی گئی ہیں، جہاں انہیں محفوظ رکھا گیا ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق تاحال خاندان کا کوئی فرد لاشیں وصول کرنے نہیں پہنچا۔

پانچوں افراد کی نماز جنازہ کی ادائیگی کے وقت کے حوالے سے بھی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا تاہم فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق نماز جنازہ گلشن فلک ناز سوسائٹی میں بعد نماز مغرب متوقع ہے۔

واقعے کا پس منظر

چند روز قبل کراچی کے علاقے بن قاسم ٹاؤن، لنک روڈ پر واقع گلشن فلک ناز سوسائٹی میں ایک گھر سے 5 افراد کی لاشیں ملنے کا واقعہ پیش آیا تھا۔ جاں بحق افراد میں شاہ زیب، صبا اور 3 بچے شمائلہ، ایزل اور آریا شامل ہیں۔ واقعے کے بعد پانچوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کیا گیا تھا تاکہ اموات کی وجوہات معلوم کی جاسکیں۔

پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد دو افراد کی موت سر میں گولی لگنے سے ہونے کی تصدیق ہوئی ہے تاہم باقی 3 بچوں کی موت کی وجہ جاننے کے لیے متعلقہ لیبارٹری ٹیسٹ کی رپورٹس کا انتظار ہے۔ ان رپورٹس کے سامنے آنے کے بعد ہی اموات کی وجوہات سے متعلق مزید تفصیلات واضح ہوسکیں گی۔

Related posts