سلمان خان کا بیڈروم آسیب زدہ ہونے کا انکشاف: ‘میں کبھی اکیلا نہیں ہوتا’
بولی وڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان نے انکشاف کیا ہے کہ ممبئی میں واقع ان کے خاندانی گھر گلیکسی اپارٹمنٹس میں ان کے بیڈ روم میں عجیب و غریب واقعات پیش آتے تھے اور انہیں وہاں کبھی اکیلے ہونے کا احساس نہیں ہوتا تھا۔ اداکار کے مطابق کمرے کی لائٹس خودبخود جلنے بجھنے لگتی تھیں، الماری خود ہی کھل جاتی تھی اور بعض اوقات میوزک بھی خودبخود بجنے لگتا تھا۔
یہ انکشاف سلمان خان نے بھارتی فلم ساز کرن جوہر کے مقبول چیٹ شو ’کافی ود کرن 9‘ میں گفتگو کے دوران کیا۔
شو کی پہلی قسط بدھ کو ریلیز ہوئی، جس میں سلمان خان پہلے مہمان کے طور پر شریک ہوئے۔ اس دوران انہوں نے کرن جوہر کے ساتھ اپنی ذاتی زندگی، شادی اور دیگر دلچسپ موضوعات پر گفتگو کی۔
بات چیت کے دوران جب کرن جوہر نے سلمان خان کے ماضی کا ایک واقعہ یاد کیا تو اداکار نے اپنے بیڈ روم میں محسوس ہونے والی پراسرار موجودگی کا ذکر چھیڑ دیا، جسے سن کر میزبان بھی حیران رہ گئے۔
کرن جوہر نے پرانے دنوں کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ وہ سلمان خان کو اپنی فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کا اسکرپٹ سنانے ان کے گھر گئے تھے۔ اس وقت سلمان خان فلم ’جب پیار کسی سے ہوتا ہے‘ کی شوٹنگ میں مصروف تھے، اسی لیے انہوں نے کرن جوہر کو گھر آنے اور وہیں اسکرپٹ سنانے کے لیے کہا تھا۔
کرن جوہر نے بتایا کہ اس وقت سلمان خان کا پورا خاندان ایک ہی گھر میں رہتا تھا۔ گھر میں ارباز خان، سہیل خان، سلمان خان، ان کی والدہ سلمیٰ خان اور والد سلیم خان سمیت خاندان کے دیگر افراد بھی موجود تھے۔
کرن جوہر کے مطابق سلمان خان کا کمرہ سب سے چھوٹا تھا۔ وہاں ایک بستر، الماری اور چند ضروری چیزیں موجود تھیں۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کمرہ دیکھ کر انہیں یقین نہیں آیا کہ یہ سلمان خان کا کمرہ ہے۔
کرن جوہر جب یہ سب کچھ بتا رہے تھے تو سلمان خان نے انہیں روک کر اپنے کمرے سے متعلق ایک دلچسپ اور پراسرار بات بتائی۔
سلمان خان نے کہا کہ وہ اس کمرے میں کبھی خود کو مکمل طور پر اکیلا محسوس نہیں کرتے تھے۔ ان کے مطابق وہاں کسی کی موجودگی کا احساس ہوتا تھا، حالانکہ انہوں نے اس نامعلوم ہستی کو کبھی اپنی آنکھوں سے نہیں دیکھا تھا لیکن اس کے ہونے کا احساس ہمیشہ ہوتا تھا۔
جب کرن جوہر نے پوچھا کہ آخر وہ کون تھا تو سلمان خان نے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ جب بھی میں کمرے سے باہر آتا کمرے کی لائٹس خودبخود آن اور آف کردیتا۔ الماری خود ہی کھل جاتی۔ میوزک خود ہی بجنا شروع ہوجاتا۔
سلمان خان نے مزید بتایا کہ جب میں باتھ روم میں ہوتا تو باہر کسی کی موجودگی کا احساس ہوتا۔ ایسا لگتا تھا جیسے کوئی الماری کھول رہا ہو اور پھر مجھے احساس ہوا کہ وہاں کوئی ہے۔ کچھ ہو رہا ہے۔
سلمان خان نے کہا کہ جب بھی وہ میوزک بجاتے ہیں تو انہیں اپنے پیچھے کوئی کھڑا محسوس ہوتا ہے۔ اس موقع پر وہ مذاقاً اس نامعلوم موجودگی سے پوچھتے کہ وہ کون سا میوزک سننا چاہتی ہے، پھر کوئی گانا چلا کر کمرے سے باہر نکل جاتے تھے۔
سلمان خان نے یہ بھی بتایا کہ پہلے ان کے گھر کے باہر بلیئرڈ کھیلنے کی میز موجود تھی۔ جب وہ لوگ بلیئرڈ کھیلتے تو انہیں کمرے کے اندر سے کسی کی موجودگی کا احساس ہوتا تھا۔
جب کرن جوہر نے پوچھا کہ کیا وہ ڈرے نہیں؟ اس پر سلمان خان نے جواب دیا- نہیں، نہیں۔ کبھی نہیں۔ کیونکہ اس چیز نے کبھی کچھ نہیں کیا۔ میری درخواست صرف یہ تھی کہ اگر تم بہت خوبصورت عورت ہو تو صرف سامنے اکر مجھے دکھائی دو۔
سلمان خان کی یہ بات سن کر کرن جوہر ہنس پڑے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان کا خاندان پہلی بار 1970 کی دہائی میں ممبئی کے گلیکسی اپارٹمنٹس میں منتقل ہوا تھا۔ بعد میں 1990 کی دہائی میں سلمان خان نے اسی عمارت میں ایک نسبتاً سادہ رہائش اختیار کرلی۔