پاکستان کا بھارت میں ہونے والے ٹورنامنٹ سے بائیکاٹ کا اعلان، محسن نقوی کے فیصلے کا دعویٰ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 50 سال سے زائد عمر کے پاکستانی کھلاڑیوں کی ٹیم کو آئندہ سال جنوری میں بھارت میں ہونے والے انٹرنیشنل ماسٹرز کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نے ایونٹ سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔

بھارتی ویب سائٹ این ڈی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن کے سربراہ فواد اعجاز نے بدھ کو بتایا کہ منتظمین کو پاکستان کی دستبرداری سے آگاہ کردیا گیا ہے تاکہ وہ ٹورنامنٹ میں کسی دوسری ٹیم کو شامل کرنے کا انتظام کرسکیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فواد اعجاز نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے منتظمین اور میزبان ملک نے پاکستانی ٹیم کو ویزے جاری کرنے اور اعلیٰ سطح کی سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

اس کے بعد پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن نے ایونٹ میں شرکت کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ، وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ سے اجازت طلب کی تھی۔

تاہم، وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ایسوسی ایشن کو آگاہ کیا کہ پاکستانی ٹیم کو بھارت جانے اور کھیلنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ فواد اعجاز نے کہا کہ ہم نے ورلڈ کپ سے دستبرداری کے بارے میں منتظمین کو آگاہ کردیا ہے تاکہ وہ کسی متبادل ٹیم کا انتظام کرسکیں۔

پاکستان نے گزشتہ سال سری لنکا میں ہونے والے انٹرنیشنل ماسٹرز کرکٹ ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیتا تھا۔ تاہم، پی سی بی کی جانب سے اجازت نہ ملنے کے باعث دفاعی چیمپئن پاکستان اس بار اپنے اعزاز کا دفاع نہیں کرسکے گا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ تعلقات کے باعث دونوں ممالک کی کرکٹ ٹیمیں دوطرفہ سیریز نہیں کھیلتی ہیں۔ ان کے درمیان مقابلے عموماً کثیر ملکی ٹورنامنٹس میں اور غیر جانب دار مقامات پر ہوتے ہیں۔

Related posts