غیرملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایلون مسک کی دولت کا حجم 16 دسمبر کو 600 ارب ڈالر تک پہنچ گیا تھا تاہم امریکی عدالت کی جانب سے ٹیسلا میں ان کی تنخواہ 56 ارب ڈالر سے بڑھا کر 139 ارب ڈالر کرنے کے فیصلے کے بعد ان کی دولت میں یکدم بڑا اضافہ ہوگیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایلون مسک کی دولت کا مجموعی حجم دنیا کے دیگرامیرترین 3 افراد کی مجموعی دولت سے بھی زیادہ ہے۔
ٹیکنالوجی کمپنی کے مالکان اور دنیا کے امیرترین افراد میں شامل لیری پیچ کی دولت 252.6 ارب ڈالر، لیری ایلیسن کی دولت 242.7 ارب ڈالر اور جیف بیزوز 239.4 ارب ڈالر ہے تاہم ایلون مسک کی دولت تینوں کی دولت سے زیادہ ہے جو بالترتیب دنیا کے دوسرے، تیسرے اور چوتھے امیر ترین افراد ہیں۔
خیال رہے کہ 2018 میں ٹیسلا نے مسک کو 56 ارب ڈالر تنخواہ کا پیکیج دیا تھا تاہم 2024 میں عدالت نے اس کو منسوخ کردیا تھا لیکن اب دسمبر 2025 میں ڈیلاور کی سپریم کورٹ نے پیکیج بحال کردیا، جس کے بعد ان کا پیکیج 139 ارب ڈالر ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایلون مسک سرخرو، عدالت نے تاریخ کا مہنگا ترین تنخواہ پیکج بحال کر دی
ایلون مسک کی تنخواہ میں ہونے والے بڑے اضافے کے بعد ان کی دولت کا حجم بھی بڑھ گیا ہے، اسی طرح رپورٹس میں بتایا گیا کہ اسپیس ایکس کی مالیت بھی 800 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے اور مسک کے پاس 42 فیصد حصص ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اگر امریکی اسٹاک مارکیٹ میں اسپیس ایک کے حصص کی مالیت 800 ارب ڈالر ہے تو مسک کے پاس انفرادی طور پر 336 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے حصص ہوسکتے ہیں۔