وزیراعظم کا 2 سال میں طلبہ کو 5 لاکھ کروم بکس دینے کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے طلبہ کو جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کروم بکس اور انٹرنیٹ کی فراہمی کی اسکیم کا باضابطہ اجرا کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ آئندہ 2 سال کے دوران طلبہ میں 5 لاکھ کروم بکس تقسیم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید تعلیم سے روشناس کرانا حکومت کی ذمہ داری ہے اور باصلاحیت طلبہ کو ترقی کی دوڑ میں پیچھے نہیں رہنے دیا جائے گا۔

اسلام آباد میں کروم بکس اور انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کے پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہونہار طلبہ کو بااختیار بنانے کے لیے ایک عظیم سفر کا آغاز کر رہے ہیں۔ کروم بکس میرٹ اور قابلیت کی بنیاد پر فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ طلبہ جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا سکیں اور تعلیم کے میدان میں آگے بڑھ سکیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے باصلاحیت بیٹے اور بیٹیاں ملک کا حقیقی سرمایہ ہیں۔ ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی کا مقصد یہ ہے کہ وہ ترقی کی دوڑ میں کسی سے پیچھے نہ رہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت نے گزشتہ 10 سال کے دوران میرٹ اور قابلیت کی بنیاد پر 6 لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے ہیں۔ اب کروم بکس کی فراہمی کے ذریعے بھی نوجوانوں کو ڈیجیٹل تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی تک رسائی دینے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے دانش اسکولز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان اداروں میں طلبہ کو مفت تعلیمی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ ملک بھر میں 27 دانش اسکولز زیر تعمیر ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد مستحق اور باصلاحیت طلبہ کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

تقریب میں وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بدلتے ہوئے تعلیمی تقاضوں کے مطابق اقدامات کر رہی ہے۔ نوجوان ملک کا مستقبل، سرمایہ اور امید ہیں، اس لیے انہیں جدید تعلیم اور ضروری سہولیات فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان کو اقوام عالم میں باوقار مقام دلانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان عالمی تنہائی کے تاثر سے نکل کر ثالثی کا کردار ادا کرنے تک پہنچا ہے۔

وزیراعظم کے مشیر رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ شہباز شریف کا وژن مستقبل کے معماروں کی حوصلہ افزائی کرنا اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے انہیں مساوی مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کی ترقی اور انہیں جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

رانا مشہود احمد خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ڈیجیٹل پاکستان کے سفر کا آغاز کرکے دکھایا ہے، جبکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا موجودہ حکومت پر اعتماد بحال ہوا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آج دنیا پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور اس کے ساتھ معاہدے کرنا چاہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف پاکستان کے لیے درد رکھتے ہیں اور ملک کی ترقی کے لیے کام کر رہے ہیں۔

تقریب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کروم بکس اسکیم کا باضابطہ افتتاح کیا اور طلبہ میں کروم بکس تقسیم کیں۔ اس موقع پر وفاقی وزرا عطا اللہ تارڑ اور احسن اقبال بھی موجود تھے، جبکہ ہونہار طلبہ کو اسلام آباد پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

حکومت کے اعلان کے مطابق آئندہ دو سال میں پانچ لاکھ طلبہ کو کروم بکس فراہم کرنے کے ساتھ انٹرنیٹ کی سہولت بھی دینے کا منصوبہ ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو جدید تعلیمی وسائل تک رسائی فراہم کرنا اور ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ میں مدد دینا ہے۔

Related posts