‘ایک آواز نے کہا ٹرمپ کو مار دو’: وائٹ ہاؤس کے قریب سے مسلح شخص گرفتار

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے کے مبینہ ارادے سے واشنگٹن پہنچنے والے وینزویلا کے 26 سالہ شہری کو وائٹ ہاؤس کے قریب اسلحے سمیت گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے ایک رائفل، دو پستول اور درجنوں گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔

امریکی نیوز چینل این بی سی نیوز کے مطابق امریکی سیکریٹ سروس کے اہلکار نے جمعرات کی رات معمول کے گشت کے دوران وائٹ ہاؤس کے قریب کھڑی ایک نیلی پک اَپ گاڑی میں مشکوک سرگرمی دیکھی، جس کے بعد اہلکار نے گاڑی کے اندر موجود شخص سے پوچھ گچھ کی۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق ملزم کی شناخت رونی یورڈریکس گوانیپا کرینوس کے نام سے ہوئی ہے۔ اہلکار نے جب اس سے پوچھا کہ کیا اس کے پاس کوئی ہتھیار ہے تو ملزم نے سر ہلا کر ہاں میں جواب دیا اور انگلی سے پستول چلانے کا اشارہ بھی کیا۔

بعد ازاں ملزم گاڑی سے باہر آیا اور گوگل ٹرانسلیٹ کی مدد سے تفتیشی اہلکاروں سے بات چیت کی۔ اس نے مبینہ طور پر بتایا کہ اس کے پاس بندوق اس لیے ہے کیونکہ کسی شخص نے اسی ہتھیار سے اسے قتل کرنے کی کوشش کی تھی اور اس نے وہ بندوق اس سے چھین لی تھی۔

ملزم نے تفتیش کاروں کو گاڑی میں موجود ایک بھورے رنگ کے بیگ کی طرف بھی اشارہ کیا۔ گاڑی کی تلاشی کے دوران تین ہتھیار برآمد ہوئے، جن میں میک 10 مشین پستول، گلاک 43 ایکس پستول اور اے آر 15 رائفل شامل ہیں۔ اس کے علاوہ درجنوں گولیاں بھی ملیں۔

تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ ملزم جس فورڈ ایف 150 پک اَپ گاڑی میں موجود تھا، وہ جنوبی کیرولائنا سے چوری کی گئی تھی۔

امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی (ڈی ایچ ایس) کے مطابق ملزم نے اہلکاروں کو بتایا کہ اسے اپنے ذہن میں آوازیں سنائی دیتی تھیں، جو اسے واشنگٹن جانے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے کی ہدایت دے رہی تھیں۔ تاہم یہ دعویٰ عدالتی شکایت کے حلف نامے میں شامل نہیں ہے۔

امریکی سیکریٹ سروس کے ڈائریکٹر شان کرن نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ وائٹ ہاؤس کے اطراف سیکیورٹی خطرات میں اضافے کی عکاسی کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ اس بڑھتے ہوئے خطرے کی صورتِ حال کو ظاہر کرتا ہے جس میں ہم کام کر رہے ہیں، اس کے علاوہ وائٹ ہاؤس کے قریب مسلح افراد کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

شان کرن نے مزید کہا کہ سیکریٹ سروس کے اہلکار ایسے حالات سے نمٹنے کے لیے تربیت یافتہ ہیں، تاہم خطرات سے متعلق واقعات کی بڑھتی ہوئی تعداد تشویش کا باعث ہے۔

گرفتار ملزم کو امریکی مارشل سروس کی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔ اسے بغیر اجازت گاڑی استعمال کرنے، چوری شدہ سامان رکھنے، بغیر لائسنس پستول اور رائفل لے جانے سمیت اسلحے سے متعلق متعدد الزامات کا سامنا ہے۔

ملزم کو جمعے کے روز ڈسٹرکٹ آف کولمبیا کی سپیریئر کورٹ میں پیش کیا گیا، جہاں آن لائن عدالتی ریکارڈ کے مطابق اسے ضمانت کے بغیر حراست میں رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔

امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کے مطابق گوانیپا کرینوس وینزویلا کا غیر قانونی تارک وطن ہے، جو مارچ 2024 میں ٹیکساس کے راستے امریکا میں داخل ہوا تھا۔ امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) نے بھی اس کے خلاف امیگریشن ڈیٹینر جاری کردیا ہے۔

Related posts