ریاض پر حوثیوں کا حملہ، آرامکو کی عمارت کو نقصان

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے مالیاتی مرکز میں واقع تیل کی بڑی کمپنی آرامکو کے مرکزی دفتر پر حوثیوں کے حملے کے نتیجے میں عمارت کی کئی منزلوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ سعودی وزارت توانائی کے مطابق عمارت کو محدود نقصان پہنچا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے بتایا کہ اتوار کی علی الصبح سعودی فضائی دفاعی نظام نے ریاض پر حوثیوں کے داغے گئے میزائل فضا میں ہی تباہ کردیے۔

حوثیوں نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے سعودی عرب کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لانے کا اعلان کیا ہے۔

سعودی اتحاد کے مطابق مشرقی صوبے میں بھی ایک حوثی میزائل کو روک لیا گیا، جہاں سعودی عرب کے بیشتر تیل اور گیس کے ذخائر موجود ہیں۔ اتحاد نے مزید بتایا کہ حوثیوں کے حملوں میں استعمال ہونے والے بیلسٹک میزائلوں کے لانچنگ مراکز کو بھی صنعاء اور صعدہ میں تباہ کردیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق حوثیوں نے حالیہ ہفتوں میں آرامکو کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کارروائیاں بڑھا دی ہیں۔ اس سے قبل سعودی عرب کے مشرقی صوبے کے شہر ظہران میں بھی کمپنی کے مرکزی دفتر پر حملے سے نقصان پہنچا تھا۔

سعودی عرب میں حملوں کے بعد کشیدگی میں اضافہ

حوثیوں اور سعودی عرب کی قیادت میں قائم اتحاد کے درمیان کشیدگی میں اضافہ اس وقت ہوا جب ستمبر میں حوثیوں نے بحیرہ احمر اور خلیج عدن کے درمیان اہم بحری گزرگاہ باب المندب کی جانب پیش قدمی کی۔ اس کے بعد سعودی بندرگاہوں اور ہوائی اڈوں پر میزائل اور ڈرون حملوں میں اضافہ ہوا۔

حوثی ترجمان یحییٰ سریع نے اتوار کے حملوں میں ریاض کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا، تاہم سعودی حکام نے اس کی تصدیق نہیں کی۔ اکتوبر میں ہوائی اڈے پر ایک حملے میں 13 افراد ہلاک اور 300 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

حوثیوں کے حملوں کے جواب میں سعودی عرب بھی یمن میں ان کے ٹھکانوں پر فضائی کارروائیاں کررہا ہے۔ حوثیوں کے زیرانتظام یمن کی وزارت صحت نے اتوار کو دعویٰ کیا کہ صنعاء کے قریب سعودی فضائی حملوں میں کم از کم 40 افراد ہلاک ہوئے، جبکہ سعودی حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کرنے کا بتایا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے حوثیوں کے حملوں سے نمٹنے کے لیے امریکا، یورپی اور مشرق وسطیٰ کے بعض ممالک سے دفاعی اور حملہ آور نوعیت کی معاونت بھی طلب کی ہے۔ برطانیہ نے اکتوبر میں سعودی شہروں کو حوثیوں کے فضائی حملوں سے بچانے کے لیے دفاعی مشن پر لڑاکا طیارے بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔

Related posts