افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ کا طالبان پر 116 حملوں اور 153 اہلکاروں کی ہلاکت کا دعویٰ

افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ نے طالبان حکومت کے خلاف 100 روزہ مسلح کارروائیوں کے دوران 116 حملے کرنے اور 153 طالبان اہلکاروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

تنظیم کے سربراہ جنرل سمیع سادات نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کارروائیوں میں 83 طالبان اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ ان کے مطابق حملے افغانستان کے 23 صوبوں میں کیے گئے، جبکہ 60 فیصد کارروائیاں طالبان کے اہم مراکز قندھار اور ہلمند میں ہوئیں۔ تاہم ان دعوؤں کی طالبان حکومت یا آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی۔

جنرل سمیع سادات کا کہنا تھا کہ تنظیم نے افغانستان کے تمام 34 صوبوں کے قومی اور مقامی عمائدین سے رابطے قائم کیے ہیں اور طالبان کے خلاف عوامی حمایت میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ان کے مطابق افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ کا سیاسی کمیشن مختلف سیاسی اور قومی رہنماؤں کو متحد کرکے نئے افغانستان کے قیام کے لیے کوششیں کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ طالبان حکومت امریکہ اور یورپی ممالک سے بین الاقوامی سفارتی تسلیم شدگی حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ جنرل سمیع سادات نے روس سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ طالبان حکومت کی حمایت سے متعلق اپنے مؤقف پر نظرثانی کرے۔

افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ کے سربراہ نے تحریک کے بنیادی مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ ان میں ملک میں آئینی نظام کی بحالی، دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کا خاتمہ اور افغان خواتین کے حقوق اور آزادی کا تحفظ شامل ہے۔

واضح رہے کہ افغانستان میں طالبان حکومت کے خلاف مختلف مسلح گروہ سرگرم ہیں، تاہم ان کی کارروائیوں اور جانی نقصانات سے متعلق اعدادوشمار کی آزادانہ تصدیق ایک اہم مسئلہ ہے۔

Related posts