رام کی داستان ‘رامائن’ کیا ہے؟

نومبر 2026 میں ہندو مذہب سے جڑی قدیم داستان ’رامائن‘ پر مبنی بڑے بجٹ سے تیار کردہ بھارتی فلم نے باکس آفس پر تہلکہ مچایا ہوا ہے۔ تاہم، اس فلم کو سمجھنے کے لیے ضروری ہے کہ پہلے اس کی کہانی اور رامائن کی مذہبی و تاریخی حیثیت کو سمجھا جائے۔

رامائن قدیم ہندوستان کی ایک رزمیہ داستان ہے۔ رزمیہ ایسی طویل کہانی کو کہا جاتا ہے جس میں کسی غیر معمولی ہیرو، اس کی زندگی، جنگوں، مشکلات اور کارناموں کا بیان ہو۔

رامائن کا لفظ سنسکرت کے دو الفاظ رام اور ایَن (آئن) سے مل کر بنا ہے، جس کا مفہوم رام کا سفر یا رام کی زندگی کی داستان ہے۔

یہ ہندو مذہب کی اہم ترین مذہبی اور ادبی داستانوں میں شمار ہوتی ہے۔ اسے قدیم شاعر والمیکی سے منسوب کیا جاتا ہے، جنہیں ہندو ادبی روایت میں آدی کوی یعنی اولین شاعر بھی کہا جاتا ہے۔

روایت کے مطابق والمیکی نے رام کی زندگی کے واقعات کو سنسکرت زبان میں شاعری کی صورت میں قلم بند کیا۔ اسی متن کو والمیکی رامائن کہا جاتا ہے۔

موجودہ والمیکی رامائن میں سات بڑے حصے ہیں جنہیں کانڈ کہا جاتا ہے۔ ان میں رام کی پیدائش، شاہی خاندان میں پرورش، شادی، جلاوطنی، سیتا کا اغوا، راون کے خلاف جنگ اور رام کی واپسی کے واقعات شامل ہیں۔

یہ داستان ہندو مذہب میں مذہبی اہمیت بھی رکھتی ہے اور قدیم ہندوستان کے ادب، فلسفے اور ثقافتی روایات کو سمجھنے کا ذریعہ بھی ہے۔

تاہم اسے صرف ایک مذہبی کتاب یا صرف ایک ادبی کہانی قرار دینا اس کی مکمل حیثیت کو واضح نہیں کرتا۔ ہندوؤں کی ایک بڑی تعداد کے لیے یہ مذہبی عقیدے اور عبادت سے جڑی داستان ہے، جبکہ ادبی اور تاریخی محققین اسے جنوبی ایشیا کے قدیم ترین اور سب سے زیادہ اثرانداز رزمیہ متون میں شمار کرتے ہیں۔

رامائن کو سمجھنے کے لیے اس کا تقابل ہندو مذہب کی ایک اور مشہور رزمیہ داستان مہابھارت سے بھی کیا جا سکتا ہے۔

مہابھارت میں دو شاہی خاندانوں، پانڈوؤں اور کورؤوں کے درمیان اقتدار کی جنگ، خاندانی اختلافات، فرض، انصاف اور اخلاقی کشمکش بیان کی گئی ہے۔

اسی داستان میں بھگوت گیتا بھی شامل ہے، جو ہندو مذہب کی اہم ترین مذہبی اور فلسفیانہ کتابوں میں شمار ہوتی ہے۔

اس کے برعکس رامائن کا مرکزی موضوع رام کی زندگی، ان کی جلاوطنی، اہلیہ سیتا کی بازیابی اور راون کے خلاف جنگ ہے۔

رامائن کی کہانی کا آغاز قدیم ہندوستان کی ایک ریاست ایودھیا سے ہوتا ہے۔ ہندو مذہبی روایت کے مطابق ایودھیا اس وقت کوشل نامی سلطنت کا دارالحکومت تھا اور اس پر راجا دشرتھ حکومت کرتے تھے۔ ان کی تین اہم بیویاں تھیں، کوشلیا، کیکئی اور سومترا۔ طویل عرصے تک ان کے ہاں کوئی اولاد نہیں ہوئی، جس پر انہوں نے مذہبی رسومات اور دعاؤں کا سہارا لیا۔

ہندو داستان کے مطابق بعد ازاں ان کے ہاں چار بیٹے پیدا ہوئے۔ سب سے بڑے رام جو کہ کوشلیا کے بیٹے تھے، بھرت کیکئی کے، اور لکشمن اور شتروگھن سومترا کے بیٹے تھے۔

رام بچپن ہی سے اپنی شرافت، فرمانبرداری، بہادری اور انصاف پسندی کے لیے مشہور تھے۔ اسی لیے انہیں شاہی خاندان میں خاص مقام حاصل تھا۔ رام کی شادی سیتا سے ہوئی، جو داستان کے مطابق متھلا کے راجا جنَک کی بیٹی تھیں۔

سیتا کی پیدائش کے بارے میں ہندو روایت میں بیان کیا جاتا ہے کہ راجا جنک کو وہ زمین میں ہل چلاتے ہوئے ایک کھیت سے ملی تھیں، اسی وجہ سے انہیں زمین کی بیٹی بھی کہا جاتا ہے۔ ان کی شادی کے لیے راجا جنک نے ایک مقابلہ رکھا تھا جس میں امیدواروں کو دیوتا شیو کا ایک بھاری اور طاقتور کمان اٹھا کر اس پر تانت چڑھانا تھا۔ رام نے یہ کمان ناصرف اٹھایا بلکہ توڑ بھی دیا اور یوں سیتا سے ان کی شادی ہوئی۔

رام کی زندگی میں سب سے بڑا موڑ اس وقت آیا جب ان کے والد راجا دشرتھ نے انہیں تخت و تاج دینے کا فیصلہ کیا۔ لیکن رام کی سوتیلی والدہ کیکئی نے اپنے شوہر سے دو پرانے وعدوں کا مطالبہ کیا۔

کیکئی نے کہا کہ اس کا بیٹا بھرت بادشاہ بنے اور رام کو 14 سال کے لیے جنگل میں جلاوطن کر دیا جائے۔ راجا دشرتھ اپنے وعدے کی وجہ سے مجبور ہو گئے۔ رام نے اپنے والد کی عزت اور وعدے کی پاسداری کو اقتدار پر ترجیح دی اور بغیر کسی مزاحمت کے جلاوطنی قبول کر لی۔ ان کی اہلیہ سیتا اور چھوٹے بھائی لکشمن بھی ان کے ساتھ جنگل چلے گئے۔

رام کی غیر موجودگی میں ان کے بھائی بھرت کو بادشاہ بنانے کی کوشش کی گئی، لیکن داستان کے مطابق بھرت نے تخت قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ وہ رام کو واپس لانے کے لیے جنگل گئے، تاہم رام نے اپنے والد کے وعدے کی پاسداری کرتے ہوئے واپسی سے انکار کر دیا۔

اس کے بعد بھرت نے رام کی کھڑاؤں یعنی جوتیاں تخت پر رکھ دیں اور ان کے نام پر سلطنت کا انتظام چلانے لگے۔ اس واقعے کو رامائن میں بھائیوں کی محبت، وفاداری اور اقتدار سے بے نیازی کی مثال سمجھا جاتا ہے۔

جلاوطنی کے دوران رام، سیتا اور لکشمن جنگلوں میں مختلف مقامات پر قیام کرتے رہے۔ ایک روز راون کی بہن سُرپنکھا نے رام کو دیکھا اور ان پر دل ہار بیٹھی۔ سُرپنکھا نے رام سے شادی کی خواہش ظاہر کی۔ رام نے اسے قبول نہیں کیا اور اس کے بعد ہونے والے واقعات میں لکشمن نے اس کی ناک کاٹ کر اسے زخمی کر دیا۔

سُرپنکھا نے اپنے بھائی راون کو اس واقعے کی اطلاع دی اور رام سے بدلہ لینے کے لیے اکسایا۔ راون لنکا کا بادشاہ تھا، جسے ہندو داستان میں غیر معمولی طاقت، علم اور جادوئی صلاحیتوں کا مالک دکھایا گیا ہے۔ اسے دس سروں والا کردار بھی کہا جاتا ہے۔ مذہبی روایت کے مطابق وہ شیو دیوتا کا بڑا بھگت تھا، لیکن اس کی طاقت اور غرور نے اسے ظالم اور خود پسند حکمران بنا دیا تھا۔

راون نے رام سے بدلہ لینے کے لیے ایک منصوبہ بنایا۔ اس نے اپنے ساتھی ماریچ کو سنہری ہرن کی شکل اختیار کرنے کا حکم دیا۔ سیتا نے اس خوبصورت ہرن کو دیکھا تو رام سے اسے پکڑنے کی خواہش ظاہر کی۔ رام ہرن کے پیچھے چلے گئے اور بعد میں لکشمن بھی انہیں تلاش کرنے کے لیے وہاں سے روانہ ہوئے۔

اس دوران راون ایک سادھو کا روپ دھار کر سیتا کے پاس پہنچا اور موقع ملتے ہی انہیں اغوا کر کے اپنی سلطنت لنکا لے گیا۔ یہ داستان کا وہ واقعہ ہے جس کے بعد رام کی زندگی کا بنیادی مقصد سیتا کو راون کی قید سے آزاد کرانا بن جاتا ہے۔

رام نے سیتا کی تلاش شروع کی تو ان کی ملاقات ہنومان سے ہوئی۔ ہنومان بندر نما طاقتور کردار ہیں جنہیں ہندو مذہب میں ایک دیوتا اور رام کے سب سے وفادار ساتھی کے طور پر پوجا جاتا ہے۔ وہ اپنی غیر معمولی طاقت، عقل، بہادری اور رام سے عقیدت کے لیے مشہور ہیں۔

ہنومان نے رام کو وانر یعنی جنگل میں رہنے والی بندر نما مخلوق کے بادشاہ سوگریو سے ملوایا۔ سوگریو کے ساتھ رام کا اتحاد ہوا اور اس نے سیتا کی تلاش کے لیے اپنی فوج بھیجنے کا فیصلہ کیا۔

ہنومان سمندر عبور کر کے لنکا پہنچے اور وہاں اشوک واٹیکا نامی باغ میں سیتا کو تلاش کر لیا۔ انہوں نے سیتا کو رام کی انگوٹھی دکھا کر یقین دلایا کہ رام انہیں آزاد کرانے کے لیے آ رہے ہیں۔

اس کے بعد ہنومان نے راون کو رام کا پیغام پہنچایا اور لنکا میں تباہی مچائی۔ راون نے انہیں گرفتار کر لیا اور ان کی دم کو آگ لگانے کا حکم دیا، لیکن ہنومان نے اسی آگ سے لنکا کے ایک بڑے حصے کو جلا دیا اور واپس رام کے پاس پہنچ گئے۔

اس کے بعد رام نے سوگریو، ہنومان اور ان کے ساتھیوں کی مدد سے لنکا پر حملے کی تیاری کی۔

داستان کے مطابق سمندر پر پتھروں کا ایک پل بنایا گیا جس کے ذریعے رام کی فوج لنکا پہنچی۔ اس پل کو رام سیتو کہا جاتا ہے۔

لنکا پہنچ کر رام اور راون کی فوجوں کے درمیان ایک بڑی جنگ ہوئی۔ راون کے بھائی کمبھ کرن اور بیٹے میگھناد سمیت کئی طاقتور جنگجو اس لڑائی میں مارے گئے۔ آخرکار رام نے راون کو شکست دے کر ہلاک کر دیا اور سیتا کو اس کی قید سے آزاد کرا لیا۔

رامائن کی مختلف روایات میں سیتا کی پاکیزگی اور راون کے محل میں ان کے قیام کے حوالے سے ایک اہم واقعہ بھی بیان ہوتا ہے جسے اگنی پریکشا یعنی آگ کا امتحان کہا جاتا ہے۔

رامائن بعض نسخوں کے مطابق سیتا کو اپنی پاکیزگی ثابت کرنے کے لیے آگ کے سامنے سے گزرنا پڑا، جبکہ بعض روایات میں اس واقعے کی مختلف تشریحات موجود ہیں۔ یہ بھی قابل ذکر ہے کہ رامائن کے مختلف نسخوں میں سیتا کے کردار اور اس واقعے کو مختلف انداز سے پیش کیا گیا ہے۔

راون کی شکست کے بعد رام، سیتا اور لکشمن ایودھیا واپس پہنچے۔ ان کی واپسی پر شہر کو چراغوں سے روشن کیا گیا اور لوگوں نے خوشیاں منائیں۔ ہندو روایت کے مطابق اسی واقعے کی یاد میں دیوالی کا تہوار منایا جاتا ہے، جو روشنی کی تاریکی پر اور نیکی کی برائی پر فتح کی علامت سمجھا جاتا ہے۔

تاہم یہ بات بھی اہم ہے کہ دیوالی کی مذہبی روایات پورے ہندوستان میں ایک جیسی نہیں۔ مختلف علاقوں میں اس تہوار کو مختلف مذہبی واقعات سے بھی منسلک کیا جاتا ہے۔ شمالی ہندوستان میں رام کی ایودھیا واپسی اس کی ایک نمایاں روایت ہے۔

اسی طرح دشہرہ یا وجے دشمی کا تہوار بھی راون کی شکست سے منسلک ہے۔ اس موقع پر بھارت کے مختلف شہروں میں راون، کمبھ کرن اور میگھناد کے بڑے بڑے مجسمے بنائے جاتے ہیں اور انہیں جلایا جاتا ہے۔ اس عمل کو برائی، غرور اور ظلم کی شکست کی علامت سمجھا جاتا ہے۔

اس طرح رامائن کی داستان صرف مذہبی کتابوں میں محفوظ نہیں رہی بلکہ ہر سال ہونے والے تہواروں، ڈراموں، میلوں اور عوامی تقریبات کے ذریعے نئی نسلوں تک پہنچتی رہی ہے۔

رامائن کے اختتام کے حوالے سے بھی ایک اہم بات سمجھنا ضروری ہے۔ والمیکی رامائن کے ساتویں حصے، جسے اتر کانڈ کہا جاتا ہے، اس میں رام کی واپسی کے بعد کے واقعات بیان کیے گئے ہیں۔ داستان کے مطابق کچھ لوگوں کی جانب سے سیتا کے راون کی قید میں رہنے پر سوال اٹھائے جانے کے بعد رام نے انہیں محل سے دور بھیج دیا۔ سیتا نے والمیکی کے آشرم میں پناہ لی جہاں ان کے دو بیٹے لو اور کش پیدا ہوئے۔ بعد میں یہ دونوں اپنے والد رام سے ملتے ہیں۔ آخرکار سیتا زمین میں سما جاتی ہیں۔

اس حصے کو مختلف رامائنوں میں مختلف انداز سے بیان کیا گیا ہے اور بعض محققین کے مطابق اتر کانڈ کے کچھ حصے بعد کے ادوار میں رامائن کے بنیادی متن میں شامل ہوئے۔

رامائن کے مرکزی کردار رام کو ہندو مذہب میں ایک خاص مقام حاصل ہے۔ انہیں وشنو دیوتا کا ساتواں اوتار مانا جاتا ہے۔ وشنو ہندو مذہب کی اہم ترین شخصیات میں سے ایک ہیں اور ہندو مذہبی تصور کے مطابق کائنات کے تحفظ اور توازن کو برقرار رکھنے کی ذمہ داری ان سے منسوب ہے۔

ہندو عقیدے میں جب دنیا میں برائی، ظلم اور ناانصافی بڑھتی ہے تو وشنو کسی انسانی یا دوسری شکل میں دنیا میں ظاہر ہوتے ہیں تاکہ توازن بحال کر سکیں۔ اس ظہور کو اوتار کہا جاتا ہے۔ اسی تصور کے مطابق رام کا دنیا میں آنا راون جیسے ظالم حکمران کا خاتمہ اور نیکی کی بحالی تھا۔

رام کو ہندو مذہبی روایت میں مریادا پرشوتم کہا جاتا ہے، یعنی ایسا مثالی انسان جو اخلاقی حدود، فرض، ذمہ داری اور اصولوں کی پابندی کرتا ہو۔ انہیں مثالی بیٹا اس لیے سمجھا جاتا ہے کہ انہوں نے والد کے وعدے کی خاطر تخت چھوڑ کر جلاوطنی قبول کی۔ انہیں مثالی بھائی اس لیے کہا جاتا ہے کہ انہوں نے اپنے بھائیوں کے ساتھ وفاداری اور محبت کا مظاہرہ کیا۔ انہیں مثالی بادشاہ اس لیے سمجھا جاتا ہے کہ ان کی حکومت کو انصاف، امن اور عوامی فلاح کی علامت قرار دیا جاتا ہے۔ رام راج کا تصور اسی مثالی حکمرانی سے جڑا ہوا ہے۔

رامائن کی کہانی بھارت کی سرحدوں سے نکل کر نیپال، سری لنکا اور جنوب مشرقی ایشیا کے متعدد ممالک تک پہنچی۔ اس کی ایک وجہ قدیم زمانے میں تجارت، مذہبی رابطوں، بدھ مت اور ہندو مت کے پھیلاؤ اور شاہی درباروں کے ثقافتی تعلقات تھے۔

ہندوستانی تاجروں، مذہبی شخصیات اور فنکاروں کے ذریعے سنسکرت ادب اور مذہبی داستانیں جنوب مشرقی ایشیا تک پہنچیں۔ وہاں کے مقامی معاشروں نے انہیں اپنے مذہب، زبان اور ثقافت کے مطابق اپنا لیا۔

نیپال میں رامائن کو خصوصی اہمیت حاصل ہے کیونکہ ہندو روایت کے مطابق سیتا کی جائے پیدائش جنک پور ہے، جو آج نیپال میں واقع ہے۔ وہاں سیتا اور رام سے منسوب مذہبی مقامات موجود ہیں اور ہر سال بڑی تعداد میں زائرین ان مقامات کا رخ کرتے ہیں۔

اسی طرح سری لنکا میں راون کی داستان کو مقامی روایات کے تناظر میں دیکھا جاتا ہے۔ بعض مقامی روایات راون کو ایک طاقتور بادشاہ اور قدیم حکمران کے طور پر پیش کرتی ہیں، جبکہ ہندو مذہبی داستان میں اسے رام کا مخالف قرار دیا گیا ہے۔

تھائی لینڈ میں رامائن کی مقامی شکل کو راماکیئن کہا جاتا ہے۔ یہ تھائی ادب، شاہی ثقافت، رقص، مصوری اور تھیٹر کا اہم حصہ ہے۔ تھائی شاہی روایات میں رامائن کے کرداروں کو خاص اہمیت حاصل رہی ہے۔ وہاں رام کو فرا رام اور راون کو تھاٹساکن کہا جاتا ہے۔ کہانی کا بنیادی ڈھانچہ رامائن سے ملتا ہے، لیکن کرداروں کے نام، واقعات اور بعض اخلاقی پہلو تھائی معاشرت کے مطابق تبدیل ہو چکے ہیں۔ بنکاک کے مشہور واٹ فرا کیو مندر کی دیواروں پر راماکیئن کے واقعات کی طویل تصویری عکاسی بھی موجود ہے۔

رام کی جائے پیدائش اور بھارت کا سیاسی تنازع

اب سوال یہ ہے کہ رامائن کی یہ قدیم داستان جدید بھارت میں ایک بڑے سیاسی اور مذہبی تنازع کا سبب کیسے بنی؟ اس سوال کا جواب ایودھیا شہر کی تاریخ اور رام کی جائے پیدائش سے متعلق ہندو عقیدے میں موجود ہے۔

ایودھیا بھارتی ریاست اتر پردیش کے مشرقی حصے میں واقع ایک قدیم شہر ہے۔ یہ دریائے سریو کے کنارے آباد ہے اور ہندو مذہب میں انتہائی مقدس مقام سمجھا جاتا ہے۔

ہندو عقیدے کے مطابق یہ رام کی جائے پیدائش اور ان کی سلطنت کا دارالحکومت تھا۔ اسی لیے ایودھیا صدیوں سے ہندو زائرین کے لیے اہم مذہبی مقام رہی ہے۔ رام کی پیدائش سے منسوب مقام کو رام جنم بھومی کہا جاتا ہے۔ سنسکرت میں جنم کا مطلب پیدائش اور بھومی کا مطلب زمین یا مقام ہے۔ یوں رام جنم بھومی سے مراد وہ جگہ ہے جہاں ہندو عقیدے کے مطابق رام پیدا ہوئے تھے۔

اس مقام پر صدیوں سے ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان مذہبی اور قانونی اختلاف موجود رہا۔ اس تنازع کا مرکزی حصہ ایک تاریخی مسجد تھی جسے بابری مسجد کہا جاتا تھا۔ اسے مغل بادشاہ ظہیر الدین محمد بابر کے نام سے منسوب کیا جاتا ہے۔ بابر مغل سلطنت کے بانی تھے، جنہوں نے 1526 میں پانی پت کی پہلی جنگ میں ابراہیم لودھی کو شکست دے کر شمالی ہندوستان میں مغل اقتدار کی بنیاد رکھی۔ اس کے بعد ان کی حکومت میں شمالی ہندوستان کے مختلف علاقوں میں انتظامی اور تعمیراتی سرگرمیاں جاری رہیں۔

تاریخی ریکارڈ اور مسجد سے منسوب کتبوں کی بنیاد پر عام طور پر یہ کہا جاتا ہے کہ بابری مسجد 1528 یا 1529 میں تعمیر ہوئی۔ اس کی تعمیر مغل فوجی کمانڈر میر باقی سے منسوب کی جاتی ہے، جسے بابر کا نمائندہ اور علاقے کا گورنر بتایا جاتا ہے۔

تاہم مسجد کی تعمیر کے اصل حالات اور اس کے نیچے موجود کسی قدیم عمارت کی نوعیت کے بارے میں تاریخی بحث جاری رہی ہے۔

بابر کی خودنوشت تزکِ بابری میں ایودھیا میں مسجد کی تعمیر کا واضح ذکر نہیں ملتا، لیکن کسی واقعے کا خودنوشت میں ذکر نہ ہونا بذات خود اس بات کا قطعی ثبوت بھی نہیں کہ وہ واقعہ پیش نہیں آیا تھا۔

بھارتی سپریم کورٹ نے بھی اپنے فیصلے میں تاریخی متون سے منفی نتیجہ اخذ کرنے میں احتیاط کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ہندو فریق کا مؤقف تھا کہ بابری مسجد رام کی جائے پیدائش پر موجود ایک قدیم مندر کو گرا کر تعمیر کی گئی تھی۔ ان کے مطابق اس جگہ پر پہلے رام کا مندر موجود تھا اور مغل دور میں اسے ختم کر کے مسجد تعمیر کی گئی۔ ہندو تنظیموں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ مسجد کی تعمیر میں پہلے سے موجود مندر کے پتھر اور دوسرے تعمیراتی اجزا استعمال کیے گئے تھے۔

دوسری طرف مسلمانوں کا مؤقف تھا کہ بابری مسجد صدیوں سے مسلمانوں کی عبادت گاہ تھی اور اس بات کا قابلِ اعتماد ثبوت موجود نہیں کہ اسے رام کے کسی مندر کو گرا کر تعمیر کیا گیا تھا۔

مسلمان فریق کے مطابق مسجد کو قانونی اور تاریخی حیثیت حاصل تھی اور وہاں نماز کی ادائیگی ہوتی رہی تھی۔

بھارتی آثارِ قدیمہ کے ادارے آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا نے عدالتی حکم کے تحت 2003 میں متنازع مقام کی کھدائی کی۔ اس کھدائی کے دوران مسجد کے نیچے ایک قدیم اور بڑے تعمیراتی ڈھانچے کے آثار ملنے کی اطلاع دی گئی۔

رپورٹ کے مطابق اس عمارت کے بعض تعمیراتی اجزا اور ستونوں کی بنیادیں ایک غیر اسلامی، مذہبی نوعیت کے ڈھانچے سے مطابقت رکھتی تھیں۔

تاہم یہ رپورٹ اس سوال کا قطعی جواب نہیں دے سکی کہ آیا اس ڈھانچے کو مسجد کی تعمیر سے پہلے باقاعدہ طور پر منہدم کیا گیا تھا یا وہ کسی اور وجہ سے ختم ہوا تھا۔

2019 میں سپریم کورٹ نے بھی اس فرق کو واضح کیا۔ عدالت نے کہا کہ آثارِ قدیمہ کی رپورٹ سے یہ بات سامنے آتی ہے کہ مسجد کے نیچے ایک قدیم غیر اسلامی ڈھانچہ موجود تھا، لیکن رپورٹ یہ ثابت نہیں کرتی کہ اس ڈھانچے کو خاص طور پر مسجد تعمیر کرنے کے لیے منہدم کیا گیا تھا۔

الٰہ آباد ہائیکورٹ نے یہ بھی واضح کیا کہ مسجد کی تعمیر سے پہلے وہاں کسی غیر اسلامی عمارت کا ہونا اور اس عمارت کو گرا کر مسجد تعمیر کیے جانے کا دعویٰ دو الگ سوالات ہیں۔ اس لیے یہ کہنا درست نہیں کہ آثارِ قدیمہ نے قطعی طور پر ثابت کر دیا تھا کہ بابری مسجد ایک رام مندر کو گرا کر تعمیر کی گئی تھی۔

ایودھیا تنازع کئی دہائیوں تک مقامی سطح پر موجود رہا، لیکن 1980 کی دہائی میں یہ بھارت کی قومی سیاست کا اہم موضوع بن گیا۔ اس تحریک میں وشو ہندو پریشد نے مرکزی کردار ادا کیا۔ یہ ایک ہندو مذہبی و ثقافتی تنظیم ہے جس نے رام کی جائے پیدائش پر مندر کی تعمیر کو اپنی تحریک کا اہم مقصد بنایا۔ اس کے ساتھ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ بھی سرگرم تھی، جو کہ ایک ہندو قوم پرست تنظیم ہے اور بھارت میں ہندو ثقافتی و قومی شناخت کے فروغ کی حامی رہی ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے بھی اس تحریک کی سیاسی حمایت کی اور اسے قومی سیاست کا اہم انتخابی موضوع بنا دیا۔

اس تحریک کے آغاز سے پہلے بھی ایودھیا میں مذہبی کشیدگی موجود تھی۔ 1949 میں مسجد کے اندر رام اور سیتا کے بت رکھ دیے گئے تھے۔ مسلمانوں نے اسے مسجد کی بے حرمتی قرار دیا جبکہ ہندوؤں نے اسے مذہبی ظہور کے طور پر پیش کیا۔ اس واقعے کے بعد مقامی انتظامیہ نے مسجد کے دروازے بند کر دیے اور مقام کو متنازع قرار دے کر قانونی تحویل میں لے لیا، تاہم ہندو عبادت گزاروں کو بتوں کے سامنے پوجا کی اجازت دی گئی۔ اس واقعے نے بعد کے عدالتی مقدمات کی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔

1984 میں وشو ہندو پریشد نے رام جنم بھومی کی بازیابی اور وہاں مندر کی تعمیر کے لیے ایک باقاعدہ تحریک شروع کی۔ اسی عرصے میں بھارتی سیاست میں بی جے پی کی مقبولیت بڑھانے کے لیے اس مسئلے کو نمایاں کیا گیا۔

1986 میں ایک مقامی عدالت نے مسجد کے دروازے کھولنے اور ہندو عبادت گزاروں کو وہاں پوجا کرنے کی اجازت دینے کا حکم دیا۔ اس فیصلے پر مسلمانوں نے شدید احتجاج کیا اور بابری مسجد ایکشن کمیٹی قائم کی گئی، جس نے مسجد کے تحفظ کے لیے قانونی اور سیاسی جدوجہد شروع کی۔

1989 میں وشو ہندو پریشد نے مسجد کے قریب رام مندر کی تعمیر کے لیے سنگ بنیاد کی تقریب منعقد کی۔ اس دوران بھارتی سیاست میں رام مندر تحریک تیزی سے پھیلنے لگی۔ 1990 میں بی جے پی کے سینئر رہنما لال کرشن ایڈوانی نے گجرات کے شہر سومناتھ سے ایودھیا تک رتھ یاترا شروع کی۔ رتھ یاترا ایک مذہبی اور سیاسی جلوس تھا جس میں ایک خصوصی گاڑی کو رتھ کی شکل دی گئی تھی اور ایڈوانی مختلف شہروں میں جا کر رام مندر کی تعمیر کے لیے عوامی حمایت حاصل کر رہے تھے۔

اس یاترا نے تحریک کو قومی سطح پر پہنچا دیا، لیکن کئی مقامات پر مذہبی کشیدگی اور تشدد کے واقعات بھی سامنے آئے۔ بہار میں اس وقت کے وزیر اعلیٰ لالو پرساد یادو نے ایڈوانی کو گرفتار کروا دیا، جس کے بعد بی جے پی نے وزیراعظم وی پی سنگھ کی حکومت سے حمایت واپس لے لی۔

دسمبر 1992 میں ایودھیا کی صورتحال انتہائی کشیدہ ہو گئی۔ 6 دسمبر کو ہزاروں کار سیوک، یعنی مذہبی تحریک میں حصہ لینے والے رضاکار، ایودھیا میں جمع ہوئے۔ ان میں وشو ہندو پریشد اور دیگر ہندو تنظیموں کے کارکن بھی شامل تھے۔ یہ اجتماع رام مندر کی تعمیر کے مطالبے کے لیے منعقد کیا گیا تھا۔ اس وقت بھارتی وزیراعظم کانگریس کے پی وی نرسمہا راؤ تھے جبکہ اتر پردیش میں بی جے پی کی حکومت تھی اور کلیان سنگھ وزیر اعلیٰ تھے۔

6 دسمبر 1992 کو مشتعل ہجوم نے بابری مسجد پر چڑھائی کر دی۔ لوگ گنبدوں پر چڑھ گئے اور ہتھوڑوں، کلہاڑیوں اور دوسرے اوزاروں کی مدد سے عمارت کو توڑنا شروع کر دیا۔ چند گھنٹوں میں صدیوں پرانی مسجد مکمل طور پر منہدم کر دی گئی۔ اس واقعے نے پورے بھارت میں مذہبی کشیدگی کو شدید کر دیا۔ ملک کے کئی شہروں میں ہندو مسلم فسادات پھوٹ پڑے اور بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا۔

بابری مسجد کے انہدام کے بعد ہلاکتوں کے اعدادوشمار مختلف ذرائع میں مختلف ہیں۔ عام طور پر پورے بھارت میں ہونے والے فسادات کے نتیجے میں تقریباً 2 ہزار افراد کی ہلاکت کا تخمینہ بیان کیا جاتا ہے، اگرچہ مختلف علاقوں اور ادوار کے اعدادوشمار الگ الگ ہیں۔

ممبئی میں دسمبر 1992 اور جنوری 1993 کے فسادات کے بارے میں جسٹس بی این سری کرشنا کمیشن کی رپورٹ میں 900 افراد کی ہلاکت اور 2 ہزار 36 افراد کے زخمی ہونے کا ذکر کیا گیا۔ اس کمیشن نے فسادات کے دوران پولیس کے کردار، انتظامیہ کی ناکامی اور سیاسی و مذہبی تنظیموں کی ذمہ داریوں کا بھی جائزہ لیا تھا۔

بابری مسجد کا انہدام بھارت کے ہندو مسلم تعلقات میں ایک اہم موڑ ثابت ہوا۔ مسلمانوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھا اور مذہبی شناخت کے حوالے سے سیاست میں مزید شدت آئی۔ دوسری طرف ہندو قوم پرست سیاست کی مقبولیت میں اضافہ ہوا اور رام مندر کی تعمیر بی جے پی کے اہم سیاسی وعدوں میں شامل ہو گئی۔ اس واقعے نے بھارت کے سیکولر آئینی تشخص پر بھی سوالات اٹھائے۔ سیکولر ریاست سے مراد ایسی ریاست ہے جو کسی ایک مذہب کو سرکاری طور پر ترجیح نہ دے اور تمام شہریوں کو مذہبی آزادی اور مساوی حقوق فراہم کرے۔ بھارت کے آئین میں بھی مذہبی آزادی اور مساوات کی ضمانت دی گئی ہے۔ ناقدین کے مطابق بابری مسجد کا انہدام اس اصول کے لیے ایک بڑا دھچکا تھا۔

اس واقعے کے بعد مسجد کے انہدام کی تحقیقات کے لیے جسٹس ایم ایس لبراہن کمیشن قائم کیا گیا۔ اس کمیشن نے کئی سال تک تحقیقات کیں اور 2009 میں اپنی رپورٹ پیش کی۔ دوسری جانب مرکزی تفتیشی ادارے سی بی آئی نے مسجد کے انہدام کے مقدمات میں مختلف سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف کارروائی کی۔ 30 ستمبر 2020 کو لکھنؤ کی خصوصی سی بی آئی عدالت نے اس مقدمے میں نامزد تمام 32 ملزمان کو بری کر دیا۔ ان میں لال کرشن ایڈوانی، مرلی منوہر جوشی اور اوما بھارتی جیسے اہم بی جے پی رہنما بھی شامل تھے۔ عدالت نے کہا کہ مسجد کا انہدام پہلے سے طے شدہ سازش کے تحت ہونے کا قابلِ قبول ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔ یہ ایک فوجداری مقدمے کا فیصلہ تھا، جبکہ 2019 کا سپریم کورٹ فیصلہ زمین کی ملکیت اور مذہبی مقام سے متعلق دیوانی مقدمے پر تھا۔ دونوں مقدمات کو ایک ہی قانونی معاملہ سمجھنا درست نہیں۔

رام مندر تحریک نے بھارتی سیاست کو بھی بنیادی طور پر تبدیل کیا۔ 1984 کے عام انتخابات میں نئی قائم ہونے والی بی جے پی صرف 2 پارلیمانی نشستیں جیت سکی تھی۔ 1989 کے انتخابات میں اس کی نشستیں بڑھ کر 85 ہوئیں اور 1991 کے انتخابات میں اس نے 120 نشستیں حاصل کر لیں۔ اس عرصے میں رام مندر تحریک نے ہندو ووٹرز کے ایک بڑے حصے کو مذہبی شناخت اور قومی سیاست کے ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر جمع کرنے میں کردار ادا کیا۔

وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی کی سیاست میں بھی رام مندر ایک اہم علامت بن گیا۔ مودی نے اپنے دورِ حکومت میں رام مندر کی تعمیر کو ہندو ثقافتی ورثے کی بحالی اور قومی شناخت کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا۔

ایودھیا تنازع کا فیصلہ بالآخر بھارت کی عدلیہ کے سامنے پہنچا۔ اس معاملے میں مختلف ادوار میں کئی مقدمات دائر ہوئے، جن میں ہندو اور مسلمان دونوں فریقوں نے متنازع زمین کی ملکیت کا دعویٰ کیا۔ 1950 میں ہندو فریق کی جانب سے وہاں پوجا کے حق کے لیے مقدمات دائر ہوئے۔ 1959 میں نرموہی اکھاڑا نامی ہندو مذہبی گروہ نے مقام کا انتظام اپنے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا، جبکہ 1961 میں اتر پردیش کے سنی سینٹرل وقف بورڈ نے مسجد کی ملکیت اور قبضے کے حق میں مقدمہ دائر کیا۔ بعد میں رام للا وراجمان، یعنی رام کی مورتی اور رام جنم بھومی کے نام سے بھی مقدمہ دائر کیا گیا۔

ان مقدمات کی سماعت الہ آباد ہائی کورٹ میں ہوئی۔ 30 ستمبر 2010 کو عدالت نے 2 کے مقابلے میں ایک جج کی اکثریت سے فیصلہ سنایا کہ متنازع زمین کو تین حصوں میں تقسیم کیا جائے۔ ایک حصہ رام للا وراجمان، دوسرا سنی وقف بورڈ اور تیسرا نرموہی اکھاڑا کو دیا جائے۔

عدالت نے اس فیصلے میں ہندو اور مسلمان دونوں فریقوں کے دعووں کو تسلیم کرنے کی کوشش کی تھی۔ تاہم کسی بھی فریق نے اس تقسیم کو مکمل طور پر قبول نہیں کیا اور معاملہ بھارتی سپریم کورٹ پہنچ گیا۔

9 نومبر 2019 کو بھارتی سپریم کورٹ کے پانچ رکنی آئینی بینچ نے اس تنازع پر تاریخی فیصلہ سنایا۔ اس بینچ کی سربراہی چیف جسٹس رنجن گوگوئی کر رہے تھے۔ دیگر ججوں میں جسٹس ایس اے بوبڈے، ڈی وائی چندرچوڑ، اشوک بھوشن اور ایس عبدالنذیر شامل تھے۔ عدالت نے متفقہ طور پر فیصلہ دیا کہ متنازع زمین رام للا وراجمان کے حوالے کی جائے اور وہاں مندر کی تعمیر کے لیے مرکزی حکومت تین ماہ کے اندر ایک ٹرسٹ قائم کرے۔ اس کے ساتھ عدالت نے سنی وقف بورڈ کو ایودھیا میں ہی کسی مناسب اور نمایاں مقام پر مسجد کی تعمیر کے لیے 5 ایکڑ متبادل زمین فراہم کرنے کا حکم دیا۔

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ متنازع مقام پر ہندوؤں کی عبادت اور مذہبی سرگرمیوں کے تاریخی شواہد موجود ہیں، خصوصاً بیرونی احاطے میں ان کی مسلسل عبادت کا ثبوت ملتا ہے۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ مسلمانوں کی جانب سے اندرونی احاطے پر مکمل اور مسلسل قبضے کا دعویٰ 1857 سے پہلے کے عرصے کے لیے اسی درجے کے شواہد سے ثابت نہیں ہو سکا۔

عدالت نے آثارِ قدیمہ کی رپورٹ کو بھی اہمیت دی، جس کے مطابق مسجد کے نیچے ایک قدیم غیر اسلامی ڈھانچہ موجود تھا۔ تاہم عدالت نے یہ نہیں کہا کہ یہ بات قطعی طور پر ثابت ہو گئی ہے کہ بابری مسجد رام کے مندر کو گرا کر ہی تعمیر کی گئی تھی۔

فیصلے کا ایک انتہائی اہم پہلو یہ بھی تھا کہ عدالت نے 1949 میں مسجد کے اندر بت رکھے جانے اور مسلمانوں کو عبادت سے محروم کیے جانے کے عمل کو غیر قانونی قرار دیا۔ عدالت نے 6 دسمبر 1992 کو بابری مسجد کے انہدام کو بھی قانون کی حکمرانی کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔

فیصلے میں واضح کیا گیا کہ مسلمانوں کو ان کی عبادت گاہ سے محروم کرنا اور پھر مسجد کو منہدم کرنا قانونی طور پر درست عمل نہیں تھا۔ عدالت کے مطابق کسی بھی فریق کو قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

عدالت نے متبادل 5 ایکڑ زمین دینے کا حکم اسی تناظر میں دیا کہ مسلمانوں کو ان کی عبادت گاہ سے محروم کیا گیا تھا اور انصاف کے تقاضے صرف زمین کی ملکیت کے فیصلے تک محدود نہیں رہنے چاہییں۔ اس طرح عدالت نے ایک طرف متنازع زمین رام للا کے حوالے کرنے کا حکم دیا اور دوسری طرف مسلمان فریق کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کے ازالے کے لیے مسجد کی تعمیر کی خاطر متبادل زمین فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

اس فیصلے کے بعد رام مندر کی تعمیر کا راستہ کھل گیا۔ 5 فروری 2020 کو وزیراعظم نریندر مودی نے بھارتی پارلیمان میں اعلان کیا کہ رام مندر کی تعمیر اور انتظام کے لیے شری رام جنم بھومی تیرتھ کھیترا کے نام سے ایک ٹرسٹ قائم کیا جائے گا۔ یہ ٹرسٹ مندر کی تعمیر اور انتظامی معاملات کی نگرانی کے لیے بنایا گیا تھا۔ 5 اگست 2020 کو مودی نے ایودھیا میں مندر کی تعمیر کے لیے سنگ بنیاد کی تقریب میں شرکت کی۔ اس تقریب کو بی جے پی اور ہندو تنظیموں نے ایک تاریخی مذہبی کامیابی قرار دیا۔

رام مندر کی تعمیر

رام مندر کی تعمیر کئی مراحل میں مکمل کی گئی۔ اس منصوبے کی نگرانی شری رام جنم بھومی تیرتھ کھیترا ٹرسٹ نے کی۔ 22 جنوری 2024 کو مندر کے مرکزی حصے میں رام للا کی مورتی کی پران پرتِشٹھا کی مذہبی تقریب منعقد ہوئی۔ اس اصطلاح کا مطلب مذہبی روایت کے مطابق کسی مورتی میں روحانی تقدس یا الوہی موجودگی کی رسم کے ذریعے تنصیب ہے۔

وزیراعظم نریندر مودی نے اس تقریب میں مرکزی کردار ادا کیا اور مذہبی رسومات میں شرکت کی۔ اس تقریب کو بھارت اور بیرون ملک بڑے پیمانے پر نشر کیا گیا۔

بی جے پی اور اس کی حامی تنظیموں نے مندر کے افتتاح کو صدیوں پرانے مذہبی خواب کی تکمیل قرار دیا۔ ان کے نزدیک یہ ہندو ثقافت اور مذہبی شناخت کی بحالی کا اہم موقع تھا۔ تاہم کانگریس سمیت بعض اپوزیشن جماعتوں نے تقریب میں شرکت سے گریز کیا۔ ان کا مؤقف تھا کہ مندر کی تعمیر اور افتتاح کو سیاسی مہم کا حصہ بنایا جا رہا ہے اور مذہبی تقریب میں وزیراعظم کی غیر معمولی سیاسی و سرکاری موجودگی پر سوالات اٹھتے ہیں۔

مسلمان حلقوں میں بھی اس معاملے پر تحفظات سامنے آئے، کیونکہ یہ مندر اس جگہ تعمیر ہوا جہاں صدیوں پرانی بابری مسجد موجود تھی اور جسے 1992 میں منہدم کیا گیا تھا۔

بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد مسجد کے لیے 5 ایکڑ متبادل زمین بھی فراہم کی گئی۔ اتر پردیش حکومت نے ایودھیا کے دھنی پور علاقے میں یہ زمین سنی وقف بورڈ کے حوالے کی۔ اس مقام پر مسجد اور دیگر سہولتوں کی تعمیر کا منصوبہ پیش کیا گیا، تاہم متبادل زمین کی فراہمی سے اصل مقام پر مسجد کے انہدام اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے مذہبی و سماجی اختلافات ختم نہیں ہوئے۔ اس لیے یہ کہنا درست نہیں کہ رام مندر کی تعمیر کے بعد ایودھیا کا پورا تنازع سماجی اور سیاسی طور پر ختم ہو گیا۔ اس کے قانونی فیصلے کے باوجود اس کے اثرات بھارتی سیاست اور ہندو مسلم تعلقات میں موجود ہیں۔

رامائن اور ٹی وی

یہاں ایک اور اہم پہلو بھی ہے۔ رامائن کی داستان کو بھارتی عوام تک پہنچانے میں ٹیلی ویژن اور سنیما نے غیر معمولی کردار ادا کیا ہے۔ خاص طور پر 1987 اور 1988 میں سرکاری ٹی وی چینل دوردرشن پر نشر ہونے والے رامائن ڈرامے نے پورے بھارت میں ایک نئی مذہبی اور ثقافتی فضا پیدا کی۔ اس ڈرامے کی ہدایت کاری رامانند ساگر نے کی تھی۔ ارون گوول نے رام، دیپیکا چکھلیا نے سیتا اور سنیل لہری نے لکشمن کا کردار ادا کیا تھا۔ اس ڈرامے میں رامائن کی پوری داستان کو ٹیلی ویژن کے ذریعے عام لوگوں تک پہنچایا گیا۔

اس ڈرامے کی مقبولیت غیر معمولی تھی۔ اتوار کی صبح اس کی نشریات کے وقت بھارت کے کئی علاقوں میں سڑکیں اور بازار نسبتاً سنسان ہو جاتے تھے اور لوگ اپنے گھروں میں ٹیلی ویژن کے سامنے بیٹھ کر اسے دیکھتے تھے۔

بعض لوگ اسے صرف تفریحی پروگرام کے بجائے مذہبی عقیدت کے ساتھ دیکھتے اور نشریات سے پہلے عبادت بھی کرتے تھے۔ اس ڈرامے نے رامائن کے کرداروں کو گھر گھر پہنچایا اور ایک ایسی نسل تیار کی جس کے لیے ارون گوول کی شکل ہی رام کی معروف تصویری شناخت بن گئی۔

رامانند ساگر کے ڈرامے کے سیاسی اثرات کے حوالے سے بھی علمی تحقیق سامنے آئی ہے۔ جنوری 2025 میں نیشنل بیورو آف اکنامک ریسرچ میں شائع ہونے والی ایک تحقیقی دستاویز، جس پر مختلف جامعات کے محققین نے کام کیا، اس نے اس سوال کا جائزہ لیا کہ ٹیلی ویژن پر رامائن کی نشریات نے بھارت میں مذہبی شناخت اور سیاست کو کس طرح متاثر کیا۔

اس تحقیق میں 1987 میں مختلف علاقوں میں ٹیلی ویژن سگنل کی دستیابی اور نشریات دیکھنے کے امکانات کا تقابلی جائزہ لیا گیا۔ محققین کے مطابق جن علاقوں میں رامائن زیادہ دیکھی گئی وہاں ہندو مذہبی شناخت کے اظہار میں طویل مدتی اضافہ دیکھا گیا۔

تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ 1990 کی دہائی کے آغاز میں ہندو قوم پرست تحریک کے دوران ان علاقوں میں ہندو مسلم تشدد کے واقعات اور طویل مدت میں بی جے پی کی انتخابی کامیابیوں میں اضافے کے درمیان تعلق موجود تھا۔

یہ تحقیق اس بات کا ثبوت نہیں کہ رامائن ڈرامے نے اکیلے مذہبی فسادات یا بی جے پی کی کامیابیوں کو جنم دیا تھا، لیکن یہ ظاہر کرتی ہے کہ مذہبی داستانوں کی ٹیلی ویژن پر بڑے پیمانے پر پیشکش معاشرتی شناخت اور سیاسی رویوں پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔

اس تحقیق کے مطابق ٹیلی ویژن ڈرامے نے رامائن کے مذہبی کرداروں اور ان سے وابستہ شناخت کو عام لوگوں میں مزید مضبوط کیا۔

رامائن پر اس کے علاوہ بھی متعدد فلمیں اور ٹی وی سیریز بن چکی ہیں۔ 1990 کی دہائی میں مختلف بھارتی فلموں اور علاقائی ٹیلی ویژن پروگراموں میں اس داستان کے واقعات پیش کیے گئے۔ 1993 میں رامانند ساگر نے لو کش کے نام سے ایک فلم بنائی، جبکہ بعد کے ادوار میں رامائن کی جدید اینی میشن اور فلمی شکلیں بھی سامنے آئیں۔

2008 میں این ڈی ٹی وی امیجن پر ایک نئی رامائن سیریز نشر ہوئی جس میں گرگن اوجھا اور دیپیکا اوجھا نے مرکزی کردار ادا کیے۔ 2012 میں رامائن: دی لیجنڈ آف پرنس رام کی دوبارہ نمائش اور بین الاقوامی سطح پر اس کی مقبولیت نے بھی اس داستان کو نئی نسلوں تک پہنچایا۔

رامائن: رائز آف اے لیجنڈ

2024 میں فلم سازوں کی جانب سے رامائن پر ایک نئی فلمی پیشکش کے منصوبے کا اعلان ہونے کے بعد اس منصوبے کو بھارتی سنیما کی تاریخ کی بڑی فلموں میں شمار کیا جانے لگا۔ اس نئی فلم اور ماضی کے ڈراموں میں بنیادی فرق یہ ہے کہ پرانی پیشکشیں زیادہ تر ٹیلی ویژن یا روایتی فلمی انداز میں بنائی گئی تھیں، جبکہ موجودہ منصوبہ بین الاقوامی سطح کی بڑی فلمی پروڈکشن، آئی میکس، جدید ویژول ایفیکٹس اور عالمی تقسیم کو سامنے رکھ کر تیار کیا گیا ہے۔ اس میں ہالی وڈ اور بھارتی موسیقی، ایکشن اور بصری اثرات کے ماہرین کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

اس نئی فلم کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ اس کے ذریعے رامائن کو صرف بھارتی یا ہندو ناظرین تک محدود رکھنے کے بجائے عالمی سطح پر متعارف کرانے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس کا مقصد ایک ایسی قدیم داستان کو جدید فلمی زبان میں پیش کرنا ہے جس کی مختلف شکلیں بھارت سے لے کر جنوب مشرقی ایشیا تک کئی معاشروں میں موجود ہیں۔

تاہم فلمی پیشکش اور مذہبی متن میں فرق کو سمجھنا بھی ضروری ہے۔ فلم ساز کسی بھی داستان کو سینما کی ضرورت کے مطابق مختصر، تبدیل یا ڈرامائی انداز میں پیش کر سکتے ہیں، اس لیے فلم میں دکھائے گئے ہر واقعے کو والمیکی رامائن کے اصل متن کا عین حصہ نہیں سمجھنا چاہیے۔

فلم کا پہلا حصہ پانچ نومبر 2026 کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں ریلیز ہو چکا ہے۔ فلم کا مرکزی نام ’’رامائن: پارٹ ون‘‘ ہے، جبکہ سونی پکچرز کی بین الاقوامی تشہیر میں ’’رامائن: رائز آف اے لیجنڈ‘‘ کا نام بھی استعمال کیا گیا ہے۔

فلم کی ہدایت کاری نتیش تیواری نے کی ہے، جو اس سے پہلے عامر خان کی فلم دنگل کی ہدایت کاری کر چکے ہیں۔ فلم کے پروڈیوسر نمِت ملہوترا اور یش ہیں۔ اسے پرائم فوکس اسٹوڈیوز، ڈی این ای جی اور یش کے ادارے مونسٹر مائنڈ کریشنز نے مل کر تیار کیا ہے۔ بین الاقوامی سطح پر اس کی تقسیم میں سونی پکچرز جبکہ بھارت میں دھرما پروڈکشنز شامل ہیں۔

فلم میں رنبیر کپور نے رام، سائی پلوی نے سیتا، ساؤتھ انڈین اداکار یش نے راون، روی دوبے نے لکشمن اور سنی دیول نے ہنومان کا کردار ادا کیا ہے۔ معاون اداکاروں میں ارون گوول راجا دشرتھ، لارا دتا ملکہ کیکئی، اندرا کرشنا ملکہ کوشلیا اور سونل جھا ملکہ سومترا کے کردار میں شامل ہیں۔

خاص بات یہ ہے کہ ارون گوول اس سے پہلے 1987 کے مشہور ٹی وی ڈرامے رامائن میں بھی رام کا کردار ادا کر چکے ہیں۔ نئی فلم میں ان کا کردار تبدیل ہو کر رام کے والد دشرتھ کا ہو گیا ہے۔ فلم کی موسیقی ہالی وڈ کے معروف موسیقار ہانس زیمر اور بھارت کے اے آر رحمان نے مشترکہ طور پر ترتیب دی ہے۔

اس فلم کے دوسرے حصے کی ریلیز کے لیے ابتدائی طور پر دیوالی 2027 کی تاریخ سامنے آئی تھی۔ تاہم نومبر 2026 میں پروڈیوسر نمِت ملہوترا نے تصدیق کی کہ دوسرے حصے کی ریلیز اب دیوالی 2028 تک مؤخر کر دی گئی ہے۔

ان کے مطابق کہانی کے اختتامی حصے، خصوصاً جنگ کے بڑے مناظر اور ویژول ایفیکٹس کے لیے مزید وقت درکار ہے۔

انہوں نے یہ امکان بھی ظاہر کیا ہے کہ ناظرین کے ردعمل کو دیکھتے ہوئے فلم کو دو کے بجائے تین حصوں میں پیش کرنے پر دوبارہ غور کیا جا سکتا ہے، لیکن فی الحال تیسری فلم کی حتمی منظوری کا اعلان نہیں ہوا۔

فلم کے بجٹ کے حوالے سے بھارتی میڈیا میں تقریباً 4 ہزار کروڑ بھارتی روپے کے اعدادوشمار رپورٹ ہوئے ہیں۔ بعض رپورٹس میں یہ رقم دونوں حصوں اور تشہیری اخراجات سمیت بتائی گئی ہے، جبکہ دیگر رپورٹس میں مختلف تخمینے سامنے آئے ہیں۔

اس لیے 4 ہزار کروڑ کو کسی تصدیق شدہ، حتمی اور صرف پہلے حصے کے بجٹ کے طور پر بیان کرنا درست نہیں ہوگا۔ البتہ یہ واضح ہے کہ دونوں حصوں پر مشتمل یہ منصوبہ بھارتی سنیما کی تاریخ کے سب سے بڑے اور مہنگے فلمی منصوبوں میں شمار ہوتا ہے۔

فلم کی تیاری میں خصوصی بصری اثرات یعنی ویژول ایفیکٹس کو مرکزی اہمیت دی گئی ہے۔ اس کام میں ڈی این ای جی کا کردار خاص طور پر اہم ہے، جو ہالی وڈ کی کئی بڑی فلموں، بشمول انٹرسٹیلر، ڈون اور انسیپشن کے بصری اثرات پر کام کر چکا ہے۔

فلم کو آئی میکس کے لیے بھی تیار کیا گیا ہے۔ جنگوں، قدیم شہروں، محلات، کرداروں اور داستان میں بیان کردہ غیر معمولی مخلوقات کو بڑے پردے پر پیش کرنے کے لیے جدید فلمی ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔

اس فلم کا موازنہ ہالی وڈ کے معروف ہدایت کار کرسٹوفر نولان کی فلم ’’دی اوڈیسی‘‘ سے بھی کیا جا رہا ہے۔ اس موازنے کی ایک بڑی وجہ دونوں پراجیکٹس کا قدیم داستانوں پر مبنی ہونا، بڑے پیمانے کی سینما سازی اور جدید بصری ٹیکنالوجی کا استعمال ہے۔ اس کے علاوہ نمت ملہوترا کی کمپنی ڈی این ای جی نے نولان کی متعدد فلموں پر کام کیا ہے۔

Related posts