اداکارہ میرا کی بہن کینسر سے انتقال کرگئیں
پاکستانی اداکارہ میرا کی چھوٹی بہن شائستہ عباس کئی برس تک کینسر سے لڑنے کے بعد لندن کے ایک اسپتال میں انتقال کرگئیں۔ اداکارہ نے اپنی بہن کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ بار بار کوشش کے باوجود ان سے ملنے لندن نہیں جاسکیں۔
شائستہ گزشتہ کئی ماہ سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں اور ان کی طبیعت خراب ہونے پر انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ وہ گزشتہ دو ماہ سے اسپتال میں زیرِ علاج تھیں، علاج کا یہ سلسلہ گزشتہ ایک سال سے جاری تھا جس میں کبھی اسپتال میں اور کبھی گھر پر رہ کر علاج کا سلسلہ جاری تھا۔
شائستہ کی بیماری کے دوران میرا سوشل میڈیا پر اپنی بہن کی صحت یابی کے لیے دعائیں اور پیغامات شیئر کرتی رہی تھیں۔ ان تحریروں سے اندازہ ہوتا تھا کہ دونوں بہنوں کے درمیان گہرا تعلق تھا اور میرا اپنی بہن کی صحت کے حوالے سے کافی فکر مند تھیں۔
اداکارہ میرا نے انسٹاگرام پر متعدد پیغامات میں شائستہ کو اپنی طاقت، فخر اور حوصلہ قرار دیا تھا۔ وہ اپنی بہن کی ذہانت، محنت اور زندگی میں آگے بڑھنے کے جذبے کو بھی سراہتی رہی تھیں۔
میرا اپنی بہن شائستہ کو ایک ذہین، باصلاحیت اور مضبوط ارادوں والی خاتون کہتی تھیں ، جو اپنی محنت سے خودمختار زندگی گزارنا چاہتی تھیں۔
شائستہ ایک کم عمر بچی کی والدہ تھیں اور ان کے انتقال کے بعد بچی کی دیکھ بھال کی ذمہ داری خاندان کے دیگر افراد پر آگئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اداکارہ میرا اپنی بھانجی کو گود لینے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
شائستہ کی بیماری کے دوران ان کی بہن اقصیٰ عباس، والدہ شفقت زہرا بخاری اور بھائی ان کے ساتھ موجود رہے۔ ان کے بھائی بھی مشکل وقت میں اہلِ خانہ کا ساتھ دینے کے لیے پاکستان سے لندن پہنچے تھے۔
اقصیٰ عباس نے بتایا کہ جب وہ صرف چھ برس کی تھیں تو ان کے والد کا انتقال ہوگیا تھا، جس کے بعد خاندان کی بڑی اولاد ہونے کے ناتے میرا نے گھر کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔ انہوں نے بتایا کہ میرا نہ صرف اپنی والدہ کا سہارا بنیں بلکہ بہن بھائیوں کی تعلیم کے اخراجات بھی برداشت کیے اور انہیں برطانیہ میں اپنے قدموں پر کھڑا ہونے میں مدد فراہم کی۔
اداکارہ میرا نے بھی سوشل میڈیا پر اپنی بہن کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے شائستہ کو یاد کرتے ہوئے ان کے وکیل بننے کے خواب اور دونوں بہنوں کے درمیان گہرے تعلق کا ذکر کیا۔
اپنے ایک پیغام میں کہا کہ وہ لندن جانا چاہتی تھیں اور اس کوشش میں انہوں نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر سفر کی اجازت حاصل کرنے کی بارہا کوشش کی، لیکن ان کی ویزا درخواستیں مسترد ہوتی رہیں۔ میرا نے شدید افسوس کا اظہار کیا ہے کہ وہ اپنی شدید علیل بہن سے ملنے لندن نہیں جاسکیں۔