پی سی بی کا ٹیسٹ ٹیم کے لیے الگ ہیڈ کوچ مقرر کرنے سے انکار
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹیسٹ ٹیم کے لیے الگ ہیڈ کوچ مقرر نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد موجودہ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے اختتام تک ریڈ بال کرکٹ کی ذمہ داریاں بھی نبھاتے رہیں گے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے اس فیصلے سے ٹیسٹ اسکواڈ کے کھلاڑیوں کو بھی آگاہ کردیا ہے تاکہ ٹیم میں کوچنگ کے حوالے سے کسی قسم کا ابہام باقی نہ رہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مائیک ہیسن نے بھی ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ جاری رکھنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ وہ آئندہ سال نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کی ہوم ٹیسٹ سیریز میں بھی قومی ٹیم کی رہنمائی کریں گے۔ اس کے علاوہ ٹیسٹ اسکواڈ کے انتخاب اور ٹیم میں اہم تبدیلیوں کے معاملات میں بھی ان کا مرکزی کردار ہے۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق مائیک ہیسن کا بورڈ کے ساتھ کوچنگ معاہدہ 2027 تک ہے، جبکہ ان کی مستقبل کی کوچنگ سے متعلق حتمی فیصلہ ورلڈ کپ 2027 کے بعد کیا جائے گا۔ فی الحال بورڈ تینوں فارمیٹس میں انہی کی نگرانی میں ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔