’مٹی دے بوّے‘ میں ماہرہ کی نوزائیدہ ساتھی اداکارہ کے چرچے کیوں؟
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اور ہر دلعزیز اداکارہ ماہرہ خان کے مقبول ترین ڈرامے مٹی کے بوّے میں ان کے ساتھ کام کرنے والی نوزائیدہ ساتھی فنکارہ نے مداحوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔
ڈرامے میں بلقیس بانو عرف بلو کا لاجواب کردار ادا کرنے والی ماہرہ خان نے اپنی شاندار اداکاری سے ناظرین کے دل جیت لیے ہیں اور اس پروجیکٹ میں لیجنڈری اداکاروں سے لے کر ننھے بچوں تک مختلف فنکاروں کے ساتھ ان کی اسکرین کیمسٹری کو بے حد سراہا گیا ہے۔
ڈرامے کے دوران ماہرہ خان نے جہاں سہیل احمد جیسے منجھے ہوئے سینئر فنکاروں کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھائے، وہیں انہوں نے ان بچوں کے ساتھ بھی کام کیا جنہوں نے ان کے بیٹوں کے کردار نبھائے۔
تاہم اس ڈرامے میں ماہرہ خان کی سب سے کم عمر ساتھی فنکارہ ایک حقیقی نوزائیدہ بچی تھی، جو ایک منظر میں پیر صاحب کی پوتی کے روپ میں نظر آئی۔

اس نوزائیدہ بچی کی والدہ نے سوشل میڈیا پر ایک ریل شیئر کرتے ہوئے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ان کی بیٹی کی پیدائش کے ساتھ ہی اسے پاکستان کی سب سے بڑی سپر اسٹار کے ساتھ اسکرین شیئر کرنے کا منفرد اعزاز حاصل ہو گیا۔
معصوم بچی نائل کے اس دنیا میں آنے کے فوراً بعد ماہرہ خان کے ساتھ کام کرنے کا یہ قصہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا، جس پر ماہرہ خان نے بھی اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کے ذریعے اس ننھی اور سب سے کم عمر ساتھی اداکارہ کے لیے محبت اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
ڈرامے کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے ساتھ ساتھ ماہرہ خان اور نوزائیدہ نائل کی اس دل کو چھو لینے والی کہانی کو ناظرین کی طرف سے بھی بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔