ترکیہ: وزیرِ اعظم کی ایرانی صدر سے ملاقات، اسلام آباد مفاہمت پر پیش رفت کی اہمیت پر زور
وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے شہر انطالیہ میں کوپ 31 کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی ہے، جس میں پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات، خطے کی بدلتی ہوئی صورتِ حال اور علاقائی امن و استحکام کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق ملاقات کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، سینیٹر شیری رحمان ایران کی طرف سے وزیرِ خارجہ اور دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی اور دیرینہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے باہمی تعاون کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں طویل عرصے سے جاری تنازع پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور دیرپا امن و استحکام کے لیے مذاکرات، تحمل، کشیدگی میں کمی اور مسلسل سفارتی روابط جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے جون 2026 میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت طے پانے والی مفاہمتوں پر پیش رفت کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کا مخلصانہ اور تعمیری کردار جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ایران کے لیے پاکستان کی مسلسل سفارتی حمایت اور خطے میں امن و سلامتی کے لیے اس کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات صدیوں پر محیط مشترکہ تاریخ، ثقافت اور مذہب پر استوار ہیں۔ ایرانی صدر نے مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے تہران کی بھرپور خواہش کا بھی اعادہ کیا۔
ملاقات میں دونوں فریقین نے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور نئے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے باقاعدہ مشاورت اور قریبی رابطہ کاری کی اہمیت پر اتفاق کیا۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن، سلامتی اور خوشحالی کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔