پنڈی ٹیسٹ میں سری لنکا کی ٹیم 446 رنز بنا کر آؤٹ، پاکستانی بولرز کا شاندار کم بیک
راولپنڈی ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں سری لنکا کی ٹیم 446 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ہے۔ پاکستانی بولرز کی جانب سے شاندار کم بیک کا مظاہرہ کیا گیا۔
راولپنڈی میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میں پاکستان کے فاسٹ بولر ثاقب خان نے اپنے ڈیبیو کو یادگار بناتے ہوئے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور سری لنکا کے 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
سری لنکا کی جانب سے دھننجیا ڈی سلوا نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 167 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ کوشل مینڈس 119 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ دونوں بلے بازوں کی سنچریوں کی بدولت مہمان ٹیم پہلی اننگز میں 446 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 434 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کردی تھی، اس طرح سری لنکا کو پہلی اننگز میں 12 رنز کی معمولی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان ٹیم نے پہلی اننگز 434 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی تھی۔
پاکستان کی جانب سے سعود شکیل نے 93، عرفات منہاس نے 52 اور غازی غوری نے 48 رنز بنائے، ڈیبیو کرنے والے طیب عارف نے 57 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ محمد طحہٰ نے 51 اور بابر اعظم نے 50 رنز بنائے۔
سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی جانب سے 4 کھلاڑی ڈیبیو کر رہے ہیں، جن میں طیب عارف، محمد طحٰہ، عرفات منہاس اور ثاقب خان شامل ہیں۔