قرآنی آیت سے مزین لاکٹ پہننے پر کرینہ کپور مشکل میں پڑ گئیں

بولی وُڈ اداکارہ کرینہ کپور کی دیوالی پر شیئر کردہ تصاویر ایک نئے تنازع کا سبب بن گئی ہیں، جن میں ان کے پہنے ہوئے ایک قیمتی زمرد کے لاکٹ پر آیت الکرسی کندہ ہونے کے باعث مذہبی جذبات مجروح ہونے کا اعتراض اٹھایا گیا ہے۔ اس معاملے پر کانگریس رہنما نے اداکارہ اور ان کی اسٹائلسٹ کو قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مدھیہ پردیش کانگریس کے ترجمان اور نیشنل میڈیا کوآرڈینیٹر عباس حفیظ نے کرینہ کپور کے ساتھ معروف اسٹائلسٹ ریا کپور کو بھی قانونی نوٹس جاری کیا ہے۔ یہ نوٹس 11 نومبر کو بھیجا گیا، جس میں دونوں شخصیات سے متعلقہ تصاویر اور سوشل میڈیا پوسٹس ہٹانے اور عوامی سطح پر غیرمشروط معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

تنازع کا آغاز اس وقت ہوا جب کرینہ کپور نے دیوالی کے موقع پر اپنی چند تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔ ان تصاویر میں اداکارہ روایتی لباس اور زیورات پہنے نظر آئیں، تاہم ان کے گلے میں موجود ایک منفرد زمرد کے لاکٹ نے خاصی توجہ حاصل کی۔

اس لاکٹ کی خاص بات یہ تھی کہ اس پر قرآن پاک کی آیت الکرسی کندہ تھی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ تقریباً 30 قیراط کا زمرد ہے، جسے کرینہ نے دیوالی کے موقع پر پہنا تھا۔

اداکارہ کی اسٹائلسٹ ریا کپور نے بھی انسٹاگرام پر ان کے لباس اور زیورات کی تفصیلات شیئر کی تھیں۔ ان کے مطابق کرینہ نے بھوپال کے سابق شاہی خاندان سے منسوب تقریباً 200 سال پرانی کلغی اور بیگم آف بھوپال سے منسوب 30 قیراط کا زمرد پہنا تھا، جس پر آیت الکرسی کندہ ہے۔

کرینہ کے اس انداز پر اعتراض اٹھاتے ہوئے عباس حفیظ نے مؤقف اختیار کیا کہ قرآن پاک کی آیات کو فیشن اور آرائش کے لیے زیور کی صورت میں استعمال کرنا مذہبی حرمت کے حوالے سے حساس معاملہ ہے اور اس سے مذہبی جذبات مجروح ہو سکتے ہیں۔

قانونی نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ کرینہ کپور اور ریا کپور کے زیر انتظام سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے وہ تمام تصاویر، ویڈیوز اور پوسٹس فوری طور پر ہٹائی جائیں جن میں مذکورہ لاکٹ دکھائی دیتا ہے۔ اس کے علاوہ دونوں سے عوامی سطح پر غیرمشروط معافی مانگنے اور آئندہ قرآنی آیات کو ایسے انداز میں پیش نہ کرنے کی یقین دہانی بھی طلب کی گئی ہے جس سے ان کی مذہبی حرمت متاثر ہونے کا خدشہ ہو۔

عباس حفیظ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ان مطالبات پر عمل نہ کیا گیا تو وہ اس معاملے پر پولیس یا عدالت سے رجوع کر سکتے ہیں۔

دوسری جانب کرینہ کپور اور ریا کپور کی جانب سے تاحال قانونی نوٹس پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔ یوں دیوالی کے موقع پر شیئر کی گئی تصاویر سے شروع ہونے والا یہ معاملہ اب قانونی نوٹس تک پہنچ چکا ہے۔

Related posts