رابرٹ پیٹنسن نئے جیمز بانڈ بن گئے، ڈینیئل کریگ کی جگہ لیں گے
ہالی وڈ اداکار رابرٹ پیٹنسن جیمز بانڈ فلم سیریز کے نئے ایجنٹ 007 ہوں گے۔ وہ ڈینیئل کریگ کی جگہ دنیا کے مشہور ترین افسانوی جاسوس کا کردار ادا کریں گے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق ایمازون ایم جی ایم اسٹوڈیوز نے پیر کو اعلان کیا کہ رابرٹ پیٹنسن جیمز بانڈ کا مشہور کردار ادا کریں گے۔ 40 سالہ اداکار اس کردار میں ڈینیئل کریگ کی جگہ لیں گے، جنہوں نے 2021 میں ریلیز ہونے والی فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائی‘ کے بعد اس کردار کو الوداع کہا تھا۔
اسٹوڈیوز نے اپنے بیان میں کہا کہ پیٹنسن کی شمولیت سینما کی مقبول ترین شخصیات میں سے ایک کے لیے نئے دور کا آغاز ہوگی۔ رابرٹ پیٹنسن نے اس کردار کے لیے منتخب ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 007 کا کردار ملنا ان کی زندگی کا بڑا اعزاز ہے اور یہ ان کا ایک خواب پورا ہونے کے مترادف ہے۔
برطانوی شاہی خاندان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے بھی پیٹنسن کی کاسٹنگ کے اعلان کا خیرمقدم کیا۔ اعلان شیئر کرتے ہوئے پیغام میں کہا گیا: ’شاہی خفیہ سروس میں خوش آمدید، مسٹر بانڈ۔‘
یہ جیمز بانڈ سیریز کی پہلی فلم ہوگی جس کی تخلیقی نگرانی طویل عرصے تک فرنچائز سے وابستہ رہنے والے پروڈیوسرز باربرا بروکولی اور مائیکل جی ولسن کے بجائے ایمازون کے پاس ہوگی۔ ایمازون نے 2022 میں ہالی وڈ اسٹوڈیو ایم جی ایم کو خرید لیا تھا، تاہم فرنچائز کا مکمل تخلیقی اختیار حاصل کرنے کے لیے کمپنی نے 2025 کے اوائل میں بانڈ سیریز کے پروڈیوسرز کے ساتھ معاہدہ کیا۔
رابرٹ پیٹنسن کے انتخاب سے پہلے برطانوی اداکار کیلَم ٹرنر، جوش او کونر اور جیک لوڈن کے نام بھی جیمز بانڈ کے ممکنہ امیدواروں کے طور پر زیرِ گردش تھے۔ اس کردار کے لیے ایک سیاہ فام اداکار یا خاتون کو منتخب کیے جانے سے متعلق قیاس آرائیاں بھی سامنے آتی رہی تھیں، تاہم بالآخر پیٹنسن کو اس کردار کے لیے چنا گیا۔
نئی جیمز بانڈ فلم کی ہدایت کاری آسکر کے لیے نامزد کینیڈین فلم ساز ڈینس ویلینیو کریں گے، جنہوں نے ’ڈیون‘ جیسی کامیاب فلمیں بنائی ہیں۔ فلم کا اسکرین پلے ’پیکی بلائنڈرز‘ کے تخلیق کار اسٹیون نائٹ لکھ رہے ہیں۔ نائٹ نے رواں سال مئی میں کہا تھا کہ ایمازون نے انہیں اس مشہور جاسوس کے کردار کے ساتھ تخلیقی تجربات کرنے کی آزادی دی ہے۔
فلمی صنعت کے جریدے ’ورائٹی‘ نے پیٹنسن کے انتخاب کو ایمازون کے لیے ایک واضح فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ 2026 کے مقبول ترین فلمی ستاروں میں شامل ہیں اور ان کی فلمیں باکس آفس پر بھی کامیاب رہی ہیں۔
فلمی صنعت اور باکس آفس کے اعداد و شمار پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ’دی نمبرز‘ کے بانی بروس نیش نے اے ایف پی سے گفتگو میں کہا کہ پیٹنسن میں اداکاری اور ایکشن دونوں صلاحیتیں موجود ہیں۔ ان کے مطابق ایمازون نے بانڈ سیریز کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے ایک محفوظ انتخاب کیا ہے، جو اسٹوڈیو کی مطلوبہ خصوصیات پر پورا اترتا ہے۔
لاس اینجلس میں قائم جیمز بانڈ کے مداحوں کے کلب ’ٹو لائیو اینڈ لیٹ ڈائی اِن ایل اے‘ کے شریک صدر نیل میک نیلی نے بھی پیٹنسن کو ایک باصلاحیت اداکار قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ یہ دیکھنے کے منتظر ہیں کہ پیٹنسن مصنف ایان فلیمنگ کے تخلیق کردہ اس لازوال کردار میں کیا نیا رنگ بھرتے ہیں۔
رابرٹ پیٹنسن نے 2005 کی فلم ’ہیری پوٹر اینڈ دی گوبلٹ آف فائر‘ میں سیڈرک ڈگوری کا کردار ادا کرکے ابتدائی شہرت حاصل کی تھی۔ بعد ازاں ’ٹوائی لائٹ‘ فلم سیریز میں ایڈورڈ کولن کے کردار نے انہیں عالمی سطح پر مقبولیت دلائی۔
اس کے بعد انہوں نے مختلف نوعیت کی فلموں میں کام کیا، جن میں ’دی لائٹ ہاؤس‘، ’گڈ ٹائم‘، ’ٹینیٹ‘ اور ’دی بیٹ مین‘ شامل ہیں۔ رواں سال وہ کرسٹوفر نولان کی فلم ’دی اوڈیسی‘ میں اینٹینوس کے کردار میں بھی نظر آئے، جب کہ نفسیاتی تھرلر فلم ’پرائم ٹائم‘ میں ایک امریکی ریئلٹی ٹی وی شو کے میزبان کا کردار ادا کیا۔
جیمز بانڈ کا کردار ادا کرنے والے سابق اداکاروں میں شان کونری، راجر مور اور پیئرس بروسنن سمیت مجموعی طور پر چھ اداکار شامل ہیں۔ اس کردار کا آغاز 1962 میں فلم ’ڈاکٹر نو‘ سے ہوا تھا، جس میں شان کونری پہلی بار ایجنٹ 007 کے روپ میں سامنے آئے تھے۔
لندن میں ’اے ایف پی‘ سے گفتگو کرتے ہوئے رقاصہ لوسیلا الوِز نے کہا کہ پیٹنسن خوب صورت اور پھرتیلے ہیں اور وہ یہ کردار ادا کرسکتے ہیں۔ تاہم لندن کے ایک ٹیکسی ڈرائیور نے کہا کہ وہ پیٹنسن کو نہیں جانتے تھے اور انہیں ان کے بارے میں انٹرنیٹ پر تلاش کرنا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ 50 برس سے جیمز بانڈ کی فلمیں دیکھتے رہے ہیں، لیکن وقت کے ساتھ ان میں دکھائے جانے والے اسٹنٹس اور ایکشن غیر حقیقی محسوس ہونے لگے ہیں۔