ایران کے شہر اصفہان میں فضائی دفاعی نظام فعال، وجہ سامنے نہ آسکی

ایران کے وسطی شہر اصفہان میں پیر کو فضائی دفاعی نظام فعال کیے جانے کی اطلاع سامنے آئی ہے، تاہم اس اقدام کی وجہ واضح نہیں ہوسکی۔

ترک خبر رساں ادارے ’انادولو‘ کے مطابق ایرانی خبر رساں ادارے ’مہر‘ نے رپورٹ کیا ہے کہ پیر کو اصفہان میں فضائی دفاعی نظام فعال کیا گیا، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں اور نہ ہی اس اقدام کی وجہ بتائی گئی ہے۔

دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے ایران جنگ سے متعلق ممکنہ فالس فلیگ کارروائیوں کے خدشات ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ اور خونریزی سے فائدہ اٹھانے والے عناصر دوبارہ سرگرم ہو رہے ہیں اور اپنا بیانیہ تشکیل دے رہے ہیں۔

باقر قالیباف کے مطابق ان عناصر کی کوشش ہے کہ ایران کے خلاف جنگ کی مخالفت کرنے والے امریکی شہریوں کو تضحیک کا نشانہ بنایا جائے اور ان پر دباؤ ڈالا جائے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی عوام نے اسرائیل کو ترجیح دینے والی سیاست کو مسترد کیا تھا، تاہم اب انہیں احساسِ جرم میں مبتلا کرنے کی مہم چلائی جا رہی ہے۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے اپنے بیان میں امریکی عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بے وقوف بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، اس لیے ایسے بیانیے کو مسترد کیا جائے۔

واضح رہے کہ 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل نے ایران کے خلاف جنگ شروع کی تھی، جس کے جواب میں تہران نے اسرائیل اور عرب ممالک میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا۔

جون میں واشنگٹن اور تہران کے درمیان ایک فریم ورک معاہدہ طے پایا تھا اور مذاکرات کا آغاز ہوا تھا، تاہم آبنائے ہرمز میں محفوظ اور آزادانہ بحری آمدورفت کو یقینی بنانے کے طریقہ کار پر اختلافات کے باعث یہ مذاکرات بعد ازاں تعطل کا شکار ہوگئے تھے۔

Related posts