ووٹ چوری کا الزام، آئزنکوٹ کا نیتن یاہو کو فوراً وزارتِ عظمیٰ سے ہٹانے کا مطالبہ

اسرائیل میں انتخابی عمل میں مبینہ مداخلت کے الزامات پر سیاسی کشیدگی بڑھ گئی، اپوزیشن رہنما گادی آئزنکوٹ نے وزیراعظم نیتن یاہو کو فوری طور پر عہدہ چھوڑنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ان کے طرز عمل کو جمہوریت کے لیے خطرہ قرار دے دیا۔

گادی آئزنکوٹ نے اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ سبکدوش ہونے والے وزیراعظم نیتن یاہو اور ان کے قریبی ساتھیوں کا طرز عمل اسرائیلی جمہوریت کے لیے براہ راست اور فوری خطرہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو ایک منٹ کے لیے بھی حکومت کی سربراہی کے اہل نہیں رہے۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دونوں رہنماؤں کے نمائندوں نے ممکنہ قومی اتحادی حکومت کے قیام پر بات چیت کی تھی۔ آئزنکوٹ کو اسرائیل کے صدر نے نئی حکومت تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپی ہے۔

اسرائیلی ٹی وی چینل 12 کی رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو کے چیف آف اسٹاف ایدو نورڈن نے 27 اکتوبر کو ہونے والے انتخابات سے ایک روز قبل متحدہ عرب فہرست (رام) پارٹی کے ارکان کے خلاف پولیس کمشنر کے دفتر میں شکایت درج کرائی تھی۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ نورڈن نے پولیس اہلکاروں کو ایک مبینہ خفیہ ذریعے تک پہنچایا، جو ماضی میں نیتن یاہو کے دفتر میں کام کرچکا تھا۔

چینل 12 کے مطابق اس ذریعے سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر تقریباً 14 پولیس اہلکاروں نے بغیر وارنٹ رام پارٹی کے تین ارکان کے گھروں پر چھاپے مارے اور انہیں ووٹ کے بدلے رشوت دینے کے شبہے میں گرفتار کرلیا۔

رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو نے انتخابی دن عرب جماعتوں کے خلاف مہم بھی چلائی۔ ان جماعتوں نے انتخابات میں ریکارڈ 19 نشستیں حاصل کیں تو نیتن یاہو نے انتخابی دھاندلی کے الزامات عائد کیے، تاہم ان الزامات کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا۔

بعد ازاں پولیس نے مبینہ خفیہ ذریعے سے ملنے والی معلومات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے تینوں گرفتار افراد کو رہا کردیا۔

چینل 12 کی رپورٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ اسرائیل کے داخلی خفیہ ادارے شاباک کے سربراہ ڈیوڈ زینی نے انتخابات کے روز پانچ فلسطینی نژاد اسرائیلی ارکان پارلیمنٹ کی فون کالز کی نگرانی کی اجازت طلب کی تھی۔ ان پر انتخابی عمل میں مداخلت کا شبہ ظاہر کیا گیا تھا، تاہم اٹارنی جنرل کے دفتر نے یہ درخواست مسترد کردی۔

سابق آرمی چیف گادی آئزنکوٹ نے معاملے کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور شاباک کو سامنے آنے والی تفصیلات کی وضاحت کرنی چاہیے۔

دوسری جانب نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ نے آئزنکوٹ کے بیان کو وزیراعظم کے خلاف اشتعال انگیز قرار دیا ہے۔

آئزنکوٹ نے جمعے کو بھی نیتن یاہو پر الزام لگایا تھا کہ وہ اقتدار برقرار رکھنے کے لیے اسرائیل کے فلسطینی شہریوں کے خلاف نسل پرستانہ اور پرتشدد مہم چلا رہے ہیں۔

نیتن یاہو نے ہفتے کو ایک بار پھر آئزنکوٹ کو قومی اتحادی حکومت بنانے کی پیشکش کی تھی، تاہم اپوزیشن رہنما نے اس پیشکش کو سیاسی چال قرار دیا۔ اس کے باوجود آئزنکوٹ نے اپنی جماعت یاشار اور لیکوڈ کے درمیان مشترکہ حکومت کے قیام کے لیے مذاکرات کی تصدیق کی ہے۔

اسرائیل میں تاحال نہ نیتن یاہو کے سیاسی اتحاد اور نہ ہی آئزنکوٹ کے بلاک کو حکومت بنانے کے لیے درکار 61 نشستیں حاصل ہوسکی ہیں۔

Related posts