ٹرمپ نے امریکی فضائی نظام کی خرابی کا ملبہ بائیڈن انتظامیہ پر ڈال دیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک بھر میں پروازوں کی اچانک بندش اور تاخیر کا ذمہ دار سابق صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کو قرار دیا ہے۔
امریکی نیوز چینل سی این بی سی کے مطابق صدر ٹرمپ نے اتوار کو پہلی بار اس معاملے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے امریکی کانگریس پر زور دیا کہ وہ فضائی ٹریفک کنٹرول کے نظام کو جدید بنانے کے لیے فوری طور پر مزید فنڈز منظور کرے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ کا دور فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے لیے تباہ کن ثابت ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس دوران بڑی رقم غیر دانشمندانہ طریقے سے خرچ کی گئی اور پہلے سے پرانے اور خراب نظام کو مزید خراب کردیا گیا۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ان کی انتظامیہ کے پاس فضائی ٹریفک کنٹرول کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ضروری معلومات اور منصوبہ موجود ہے، تاہم اس مقصد کے لیے کانگریس کو فوری طور پر فنڈز فراہم کرنا ہوں گے۔
یہ معاملہ جمعے کو اس وقت سامنے آیا جب امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے تکنیکی خرابی کے باعث ملک بھر میں چار گھنٹے سے زائد وقت کے لیے پروازوں کی آمدورفت روک دی تھی۔ اس اچانک فیصلے کے نتیجے میں ہزاروں پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوئیں، جبکہ لاکھوں مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
کانگریس گزشتہ سال ایک بڑے ٹیکس اور اخراجات کے پیکج کے تحت ایف اے اے کے لیے 12 ارب 50 کروڑ ڈالر کی منظوری دے چکی ہے۔ تاہم امریکی وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی کا کہنا ہے کہ فضائی ٹریفک کنٹرول کے پرانے نظام کو مکمل طور پر تبدیل کرنے اور جدید بنانے کے لیے مزید رقم درکار ہوگی۔
ایف اے اے کے مطابق اس کے نیٹ ورک پر اچانک بڑی مقدار میں ڈیٹا آنے کے باعث آلات کا نظام غیر مستحکم ہوگیا تھا۔ ادارے نے یہ بھی بتایا کہ ایک مقام پر کنٹریکٹر کی جانب سے جاری کام کا اس خرابی سے تعلق ہوسکتا ہے، تاہم واقعے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی اور تحقیقات جاری ہیں۔
امریکا میں ملک گیر سطح پر تمام پروازوں کو روکنے کے واقعات انتہائی کم پیش آتے ہیں۔ نومبر 2026 کے اس واقعے سے پہلے آخری مرتبہ 11 ستمبر 2001 کے دہشت گرد حملوں کے بعد اور جنوری 2023 میں ایف اے اے کے کمپیوٹر سسٹم میں مختصر خرابی کے دوران ملک بھر میں پروازیں روکی گئی تھیں۔