خیبرپختونخوا گورنر راج: وفاقی آئینی عدالت نے پشاور ہائیکورٹ کو عام آئینی درخواستوں کی سماعت کی اجازت دے دی

وفاقی آئینی عدالت نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد پشاور ہائیکورٹ کے آئینی اختیارات سے متعلق اپنے سابقہ حکم کی وضاحت کرتے ہوئے ہائیکورٹ کو آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت دیگر آئینی درخواستوں کی سماعت جاری رکھنے کی اجازت دے دی ہے۔

چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں جسٹس عامر فاروق پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد پشاور ہائیکورٹ کے دائرہ اختیار سے متعلق مقدمے کی سماعت کے دوران واضح کیا کہ 5 نومبر کے حکم کے تحت عائد پابندی کا اطلاق صرف گورنر راج اور مینٹیننس آف پبلک آرڈر آرڈیننس یعنی ایم پی او کے تحت ہونے والی گرفتاریوں سے متعلق معاملات پر تھا۔

سماعت کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے مؤقف اختیار کیا کہ وفاقی آئینی عدالت کے 5 نومبر کے حکم کی وجہ سے پشاور ہائیکورٹ میں آئینی درخواستوں کی سماعت رُک گئی تھی، جس سے نہ صرف سائلین بلکہ وکلا کی پیشہ ورانہ سرگرمیاں بھی شدید متاثر ہوئیں۔

اس پر بینچ نے وضاحت کی کہ پابندی کا دائرہ کار محض گورنر راج اور ایم پی او کے تحت حراست سے متعلق مقدمات تک محدود تھا، لہذا پشاور ہائیکورٹ آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت دیگر درخواستوں کی سماعت کر سکتی ہے۔

واضح رہے کہ آئین کا آرٹیکل 199 ہائیکورٹس کو یہ اختیار دیتا ہے کہ وہ سرکاری حکام کے اقدامات کا جائزہ لے سکیں، شہریوں کے بنیادی حقوق کا نفاذ یقینی بنائیں اور کسی شخص کی حراست کی قانونی حیثیت کو پرکھ سکیں۔

مقدمے کی سماعت کے دوران بیرسٹر گوہر نے عدالت سے استدعا کی کہ ایم پی او آرڈیننس کی دفعہ 3 کے تحت حراست میں لیے گئے سیاسی کارکنوں اور رہنماؤں کو بھی عدالتی ریلیف فراہم کیا جائے کیونکہ انہیں مؤثر داد رسی میسر نہیں ہے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ صوبے میں نظر بندی کے معاملات کا جائزہ لینے کے لیے تاحال ریویو بورڈ تشکیل نہیں دیا گیا اور پولیس لائنز میں زیرحراست افراد کے حوالے سے بھی اقدامات ناگزیر ہیں۔

اس موقع پر خیبرپختونخوا کے ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ 3 ماہ کی مدت مکمل ہونے کے بعد ریویو بورڈ تشکیل دیا جائے گا، جس کے بعد اس مدت سے زائد حراست میں رکھے گئے افراد کے مقدمات بورڈ کے روبرو پیش کیے جا سکیں گے۔

چیف جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیے کہ عدالت کی پشاور رجسٹری میں متعدد متفرق درخواستیں دائر کی گئی ہیں جنہیں بینچ کے سامنے پیش ہونے پر دیکھا جائے گا، جبکہ بار کونسل کی درخواست کے علاوہ دیگر درخواستیں فی الحال سماعت کے لیے مقرر نہیں ہوئیں۔

عدالت نے بار کونسل کو اس مقدمے میں فریق بننے کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ ایمرجنسی سے متعلق یہ ایک اہم آئینی معاملہ ہے جس میں بار کونسلز کی شمولیت ضروری ہے، جس کے بعد عدالت نے مزید سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔

سماعت کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ انہوں نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ پشاور ہائیکورٹ کو ایمرجنسی اور گورنر راج کے خلاف درخواستوں سمیت زیرحراست رہنماؤں کی بازیابی کے مقدمات سننے کی اجازت دی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ 5 نومبر کے حکم سے وزیراعلیٰ، اسپیکر اسمبلی اور دیگر اراکین پارلیمنٹ سے متعلق آئینی درخواستیں بھی متاثر ہوئی تھیں، اور ایم پی او کے تحت گرفتار افراد کو ضمانت اور عدالتی سماعت تک رسائی نہ دینا بنیادی حقوق کے منافی ہے۔

یہ قانونی تنازع اس وقت پیدا ہوا جب 11 اکتوبر کو وفاقی حکومت کی سفارش پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کی منظوری دی اور امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت سول انتظامیہ کی معاونت کے لیے مسلح افواج کو تعینات کیا گیا۔

پی ٹی آئی نے 14 اکتوبر کو ان اقدامات کے آئینی جواز کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے منتخب صوبائی حکومت کی بحالی کی استدعا کی تھی۔

پشاور ہائیکورٹ نے ان درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا، تاہم 5 نومبر کو وفاقی آئینی عدالت نے آرٹیکل 245 کے نفاذ کو بنیاد بناتے ہوئے 12 اکتوبر یا اس کے بعد دائر ہونے والی آرٹیکل 199 کی درخواستوں پر کارروائی روکنے کا حکم دیا تھا، جس کے باعث ہائیکورٹ کی انتظامی کمیٹی نے متاثرہ درخواستوں کی سماعت معطل کر کے نئی درخواستیں واپس کرنے کی ہدایت جاری کر دی تھی۔

وفاقی آئینی عدالت کی تازہ وضاحت کے بعد اب پشاور ہائیکورٹ میں گورنر راج اور ایم پی او کے علاوہ دیگر نوعیت کے آئینی مقدمات کی سماعت دوبارہ بحال ہو سکے گی۔

Related posts