عمران خان کا عدالتوں کو خط این آر او لینے کی کوشش ہے، طارق فضل کا ردِعمل

بانی پی ٹی آئی نے جیل میں صحت، ملاقاتوں اور بنیادی حقوق سے متعلق مسائل پر اعلیٰ عدلیہ سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے، جس پر طارق فضل چوہدری نے ردِعمل دیتے ہوئے اسے این آر او کی کوشش قرار دیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے اڈیالہ جیل سے سپریم کورٹ، وفاقی آئینی عدالت اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس صاحبان کے نام کھلا خط ارسال کیا ہے، جس میں انہوں نے اپنی صحت، قیدِ تنہائی اور جیل میں بنیادی انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں سے متعلق شکایات اٹھاتے ہوئے فوری انصاف کی اپیل کی ہے۔

عمران خان کے اس خط پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے طنز کیا کہ بانی پی ٹی آئی کا یہ خط دراصل این آر او کی درخواست ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دوسروں کو این آر او کا طعنہ دینے والے آج خود اس کے طلب گار ہیں۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو ریلیف صرف عدالتوں سے مل سکتا ہے، وہ سیاسی انتقام کے باعث جیل میں نہیں بل کہ 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں سزا کے بعد قید ہیں۔

دوسری جانب عمران خان نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ وہ اپنی آواز قیدِ تنہائی کی دیواروں سے باہر پہنچانا چاہتے ہیں تاکہ عدلیہ ملک میں قانون کی حکمرانی اور بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنائے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں روزانہ 22 گھنٹے قیدِ تنہائی میں رکھا جاتا ہے، اہلِ خانہ اور وکلا سے ملاقاتوں میں رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں، جبکہ کتابوں اور ٹیلی ویژن کی سہولت بھی میسر نہیں۔

بانی پی ٹی آئی کے مطابق گزشتہ ایک سال میں انہیں وکلا سے صرف چار مرتبہ ملاقات کی اجازت دی گئی اور اہلِ خانہ سے ہفتہ وار ملاقاتیں بھی منسوخ ہوتی رہی ہیں۔

انہوں نے اپنے بیٹوں سے فون پر بات نہ کرائے جانے کی شکایت بھی کی اور کہا کہ تنہائی کے باعث ان کی ذہنی اور جسمانی صحت متاثر ہوئی ہے، جبکہ ان کی اہلیہ کو بھی قیدِ تنہائی میں رکھا گیا ہے۔

عمران خان نے خط میں دعویٰ کیا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود انہیں بروقت طبی سہولت فراہم نہیں کی گئی اور ان کا بلڈ پریشر 193 تک پہنچ چکا ہے۔ ان کے بقول معالجین نے برین ہیمرج اور دل کے دورے کے خطرے سے بھی آگاہ کیا ہے۔

انہوں نے القادر ٹرسٹ کیس کی اپیل کو دیگر پرانی اپیلوں پر ترجیح دینے پر بھی اعتراض اٹھاتے ہوئے چیف جسٹس صاحبان سے فوری مداخلت اور طبی و بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی اپیل کی۔

طارق فضل چوہدری نے بانی پی ٹی آئی کے جیل میں سہولتوں کی عدم دستیابی اور قیدِ تنہائی سے متعلق دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہیں تمام سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں، حتیٰ کہ کھانا بھی ان کی پسند کے مطابق دیا جاتا ہے۔

انہوں نے طنز کیا کہ بانی پی ٹی آئی کا عدالتوں کو لکھا گیا خط دراصل این آر او کی درخواست ہے اور دوسروں کو این آر او کا طعنہ دینے والے آج خود اس کے طلب گار ہیں۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی پاکستان کے سب سے زیادہ سہولت یافتہ قیدی ہیں۔

Related posts