میرے سیل میں چوہے اور سانپ تک نکلتے ہیں، بشریٰ بی بی
اڈیالہ جیل میں قید سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی ایک نئی درخواست میں انکشاف کیا گیا ہے کہ انہیں جیل میں سخت ترین ماحول اور انتہائی ناقص صفائی کا سامنا ہے جہاں سیل میں چوہے، کاکروچ اور کنکھجورے آتے ہیں جبکہ ماضی میں وہاں چھوٹے سانپ بھی دیکھے گئے تھے۔
وکلا بیرسٹر سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ کے توسط سے دائر کی جانے والی اس درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ بشریٰ بی بی کی آنکھوں کی بینائی شدید متاثر ہونے اور مستقل نابینا پن کے خطرے کے پیش نظر انہیں فوری طور پر علاج کے لیے کسی خصوصی اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا جائے۔
یہ قانونی پیش رفت بشریٰ بی بی کی ان کے وکلا سے 11 نومبر کو اڈیالہ جیل میں ہونے والی ملاقات کے بعد سامنے آئی ہے۔
درخواست کے متن کے مطابق بشریٰ بی بی کو جیل کے ایک بڑے ہال نما کمرے میں رکھا گیا ہے جہاں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کے باعث کیڑے مکوڑے کثرت سے موجود ہیں اور ان کے کاٹنے سے انہیں جلد پر خارش اور دانے نکلنے کی تکلیف کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔
درخواست کے مطابق ماضی میں بشریٰ بی بی کے سیل میں 7 چھوٹے سانپ بھی دیکھے گئے تھے جنہیں جیل کے ایک اہلکار نے مار کر دور کیا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے 10 نومبر کو ان کے شوہر، بانی پی ٹی آئی اور وکلا کے ساتھ ملاقات کی ہدایت کی تھی، جس دوران بشریٰ بی بی نے اپنی بگڑتی ہوئی صحت اور جیل کے حالات سے وکلا کو آگاہ کیا۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کو دونوں آنکھوں میں میچور کیٹریکٹ یعنی موتیا کی تشخیص ہوئی ہے اور ڈاکٹروں کی جانب سے مبینہ طور پر 15 نومبر کو سرجری تجویز کی گئی تھی۔
درخواست کے مطابقبشریٰ بی بی نے بارہا جیل حکام کو آنکھوں میں شدید درد کی شکایت کی، تاہم ماہر امراض چشم کی جانب سے معائنہ تقریباً 7 سے 8 روز کی تاخیر سے کیا گیا۔
بشریٰ بی بی کے مطابق ڈاکٹروں نے انہیں خبردار کیا ہے کہ سرجری کے بعد آنکھ میں انفیکشن پیدا ہونے کی صورت میں ان کی بینائی مکمل اور مستقل طور پر ضائع ہو سکتی ہے۔
درخواست کے مطابق بشریٰ بی بی کی بینائی اس حد تک متاثر ہو چکی ہے کہ چشمہ پہننے کے باوجود وہ سامنے موجود افراد کو صرف دھندلے یا غیر واضح سائے کی صورت میں دیکھ پاتی ہیں اور انہیں اردگرد کی چیزیں دیکھنے میں بھی شدید دشواری پیش آتی ہے۔
مسلسل درد کے باعث وہ روزانہ درد کش ادویات استعمال کرنے پر مجبور ہیں، جبکہ جیل میں ڈیوٹی پر مامور ڈاکٹر ماہر امراض چشم کے بجائے گائناکالوجسٹ ہیں، جس کی وجہ سے انہیں مناسب طبی سہولیات کی فراہمی پر شدید تحفظات لاحق ہیں۔
درخواست میں عدالت سے پرزور استدعا کی گئی ہے کہ بشریٰ بی بی کا تمام طبی ریکارڈ طلب کیا جائے، انہیں جیل میں تمام ضروری طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور آنکھوں کی سرجری اور بہتر علاج کے لیے انہیں فوری طور پر کسی خصوصی اسپتال منتقل کیا جائے۔
واضح رہے کہ بشریٰ بی بی القادر ٹرسٹ کیس میں سنائی جانے والی سزا کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کر چکی ہیں، جہاں احتساب عدالت نے جنوری 2025 میں انہیں 7 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔