آڈیٹر جنرل کی رپورٹ نہیں ثبوتوں کی الماری دکھائیں: عظمیٰ بخاری کا چوہدری سالک کے جواب پر ردعمل
پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ چوہدری سالک کو الماریوں میں کرپشن کے مبینہ ثبوت دکھانے کا کہا گیا تھا، لیکن انہوں نے جواب میں آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کا ذکر کر دیا۔
صوبائی وزیر نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی کسی کے ساتھ کوئی ذاتی لڑائی نہیں ہے اور نہ ہی ان کے پاس اتنا وقت ہے کہ وہ کسی سے الجھیں، تاہم اگر کوئی الزام عائد کرے گا تو اسے اسی انداز میں جواب بھی دیا جائے گا۔
چوہدری سالک کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ انہیں نوٹس کا جواب جمع کرانے کا کہا گیا تھا اور انہوں نے جو جواب دیا ہے وہ اصل میں محض ایک جواب ہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چوہدری سالک کو کرپشن کے مبینہ ثبوت الماریوں میں دکھانے کا کہا گیا تھا، لیکن انہوں نے جواب میں آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کا ذکر کر دیا۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ آڈیٹر جنرل کی رپورٹس کمیٹیوں میں پیش ہوتی ہیں اور طے ہو جاتی ہیں، اس لیے یہ کہہ دینا کہ رپورٹ میں کرپشن کا ذکر ہے درست نہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ محسن نقوی نے بھی تسلیم کیا ہے کہ پورے ملک میں کرپشن ہو رہی ہے، لیکن اس کے خلاف عملی کارروائیاں صرف پنجاب میں کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے سیاسی امور، صوبائی حکومت کی کارکردگی اور مختلف ترقیاتی اقدامات پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی۔
صوبائی حکومت کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ امن و امان وزیر اعلیٰ پنجاب کی اولین ترجیح اور ریڈ لائن ہے، جبکہ خواتین اور بچوں پر تشدد کی روک تھام کے لیے اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تمام پولیس اسٹیشنز میں ویمن ہیلتھ ڈیسک قائم ہیں اور ورچوئل پولیس اسٹیشن کی مدد سے ایک لاکھ گمشدہ بچوں کو تلاش کیا گیا ہے، جبکہ خواتین کے تحفظ کے لیے پنجاب اینٹی ریپ ایکٹ بنانے اور اس کے تحت خصوصی عدالتیں قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ عوام کو گھر بیٹھے سہولیات فراہم کرنے کے لیے دستک ایپ پر 400 سے زائد خدمات موجود ہیں جن سے لوگ بڑی تعداد میں مستفید ہو رہے ہیں، جبکہ اسکول میل پروگرام کے ذریعے لاکھوں بچے بھی فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
انہوں نے ستھرا پنجاب پروگرام کے حوالے سے کہا کہ اس کے تحت شہروں اور دیہات سے باقاعدگی سے کچرا اٹھایا جا رہا ہے جو کہ ماضی کے برعکس ایک بڑا قدم ہے۔
صحت کے شعبے پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں نئے اسپتال تعمیر کیے جا رہے ہیں اور اب ہسپتالوں کے انتظامات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
طیارے کے اخراجات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ جب طیارہ چلے گا تو اس کے اخراجات بھی ہوں گے، اور اس طیارے کا ایک سال کا خرچہ صوبائی کابینہ نے باقاعدہ منظور کیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ریفرنڈم سے متعلق کوئی بھی حتمی فیصلہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے مل کر کرنا ہے۔
صوبائی وزیر نے عزم ظاہر کیا کہ دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی بھی دہشت گرد کو چھپنے کا موقع نہیں دیا جائے گا۔